ڈالر ریٹ بڑھنے کے بعد صارفین میں تجسس پایا جاتا ہے کہ آیا گاڑیوں کی قیمتی بڑھیں گی یا نہیں۔ دوسری جانب ہم بھی کافی عرصے سے گاڑیوں کی قیمتیں بڑھنے کی بات کر رہے ہیں۔ اب جبکہ ڈالر ریٹ 175 روپے پر پہنچنے والا ہے تو نہ صرف ہم بلکہ میڈیا بھی قیمتیں بڑھنے کے امکانات ظاہر کر رہا ہے۔
حالیہ میڈیا رپورٹس کے مطابق یکم نومبر سے گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافے کے بہت زیادہ امکانات ہیں۔ کمپنیز گاڑیوں کی قیمتیں بڑھانے کے لیے تیار ہیں اور صرف لیکن حکومت کی درخواست پر عمل در آمد نہیں کر رہیں۔
قیمتیں بڑھنے کا امکان
نئی آٹو پالیسی (2021-2026) کے تحت گاڑیوں کی قیمتوں میں کمی کے بعد چنگان نے اگست میں قیمتیں بڑھانے کی کوشش کی لیکن حکومتی درخواست کے بعد قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا گیا۔ اس وقت دوسری کار کمپنیز بھی اپنی گاڑیوں کی قیمتیں بڑھانے کیلئے تیار تھیں لیکن چنگان کو دیکھتے ہوئے سب نے یہ فیصلہ موخر کر دیا۔
پاکستان آٹوموٹو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پاما) کے چیئرمین اور ٹویوٹا انڈس موٹر کمپنی (آئی ایم سی) کے سی ای او علی اصغر جمالی نے بھی کہا کہ گاڑیوں کی قیمتیں کسی بھی وقت بڑھ سکتی ہیں۔
روپے کی قدر میں کمی کے علاوہ خام مال کی بڑھتی ہوئی قیمت اور سیمی کنڈکٹر چپس کی کمی گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافے اہم وجوہات میں شامل ہیں۔ کمپنیوں نے قیمتیں نہ بڑھانے کی پوری کوشش کی ہے لیکن بڑھتے ہوئے پیداواری اخراجات نے انہیں اپنی قیمتیں بڑھانے پر مجبور کر دیا ہے۔
اگر اگلے مہینے سے کار کی قیمتیں واقعی بڑھ جاتی ہیں تو آئیے دیکھتے ہیں کہ کون سی پہلے قیمتیں بڑھاتی ہے۔