سوزوکی ویگن آر اب مفت رجسٹریشن کے ساتھ، موٹر سائیکلوں پر قسطوں کی سہولت بھی
کم ہوتی ہوئی فروخت کو کم کرنے کے لیے پاک سوزوکی موٹر کمپنی اب ویگن آر کی خریداری پر مفت رجسٹریشن کی پُرکشش سہولت دے رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جاپانی آٹو مینوفیکچرر نے 1000cc ہیچ بیک ویگن آر کے تمام ویرینٹس پر مفت رجسٹریشن کی سہولت دی ہے، جو محدود مدّت کے لیے ہے۔ یہ پیشکش 11 سے 31 فروری 2020ء کے دوران ویگن آر کے تمام ویرینٹس پر لاگو ہے۔ صارفین ملک بھر میں پاک سوزوکی کی 3S ڈیلرشپس پر جاکر اس پیشکش کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ سوزوکی ویگن آر کبھی پاکستان کے آٹو سیکٹر میں ہاتھوں ہاتھ فروخت ہونے والی گاڑی تھی اور سالہا سال تک اس نے بڑھتی ہوئی فروخت کا لطف بھی اٹھایا ہے۔
یہ مہران کے بعد سوزوکی کی لائن اَپ کی دوسری سب سے مقبول گاڑی سمجھی جاتی تھی۔ البتہ موجودہ مال سال 2019-20ء کی شروعات سے ہی اسے فروخت میں اچانک کمی کا سامنا ہے۔ رائیڈ ہیلنگ سروسز میں بڑے پیمانے پر استعمال کی وجہ سے اس ہیچ بیک نے بڑی مقبولیت حاصل کی۔ اس کے زوال کا سبب گزشتہ سال کے دوران قیمت میں ہونے والا غیر معمولی اضافہ اور ساتھ ساتھ سوزوکی کی جانب سے نئی 660cc کی سوزوکی آلٹو پیش کرنے کو سمجھا جاتا ہے، جو نسبتاًکم قیمت پر دستیاب ہے۔
اب عوام کی بڑی تعداد ویگن آر کے بجائے 660cc کی ہیچ بیک خریدنے لگی۔ حالیہ PAMA اعداد و شمار کے مطابق ویگن آر کی فروخت میں جنوری 2020ء میں پچھلے سال کے مقابلے میں 81.7 فیصد کی کمی آئی۔ کمپنی جنوری 2019ء کے 3100 یونٹس کے مقابلے میں اِس بار صرف 567 یونٹس فروخت کر پائی۔ مفت رجسٹریشن متعارف کروانے کا بنیادی ہدف اپنی فروخت میں اضافہ کرنا ہے۔ ویگن آر کے تمام ویرینٹس کی موجودہ قیمتیں کچھ یوں ہیں:
- سوزوکی ویگن آر VXR: 16,05,000 روپے
- سوزوکی ویگن آرVXL: 16,95,000 روپے
- سوزوکی ویگن آرAGS: 18,90,000 روپے
دوسری جانب پاک سوزوکی اپنی موٹر سائیکلوں کے لیے 0 مارک اَپ پر قسطوں کی سہولت بھی پیش کر رہا ہے، وہ بھی زیادہ سے زیادہ 36 مہینوں کی۔ یہاں بھی کمپنی اپنی موٹر سائیکلوں کے زیادہ سے زیادہ یونٹس فروخت کرنا چاہ رہی ہے اور ساتھ ساتھ خریدار کی جیب پر بھاری بھی نہیں پڑنا چاہتی۔
بلاشبہ موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں پچھلے سال میں بہت اضافہ ہوا ہے، اتنا کہ اُن کی فروخت میں بھی کمی واقع ہو گئی ہے۔ سوزوکی موٹر سائیکلوں کے مختلف ماڈلز کے لیے انسٹالمنٹ پلانز کی مکمل تفصیلات کچھ یوں ہیں:
واضح رہے کہ کمپنی نے جنوری 2020ء میں 1876 یونٹس کے ساتھ اپنی موٹر سائیکلوں کی فروخت میں 0.1 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا جبکہ پچھلے سال کے اسی مہینے میں اس نے 1874 یونٹس فروخت کیے تھے۔
اپنی رائے نیچے تبصروں میں پیش کیجیے اور آٹوموبائل انڈسٹری کی مزید خبروں کے لیے پاک ویلز پر آتے رہیے۔