پاک سوزوکی نے اپنے تمام حریفوں کو پچھاڑ دیا
جہاں ایک طرف پاکستان میں تمام کار کمپنیز موجودہ معاشی بحران کا شکار ہیں تو دوسری جانب پاکستان سوزوکی موٹر کارپوریشن (PSMC) کے پاس سیل سے متعلق حیرت انگیز اعداد و شمار موجود ہیں۔
پاکستان آٹو موٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (PAMA) کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ ستمبر میں گاڑیوں کی فروخت کی خراب صورتحال دکھاتی ہے۔ جاپانی کار میکرز ٹویوٹا پاکستان اور ہنڈا اٹلس کے بعد، نئی آنے والی لکی موٹرز کی سیلز میں بھی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ لیکن حیران کن طور پر پاک سوزوکی نے مارکیٹ میں اپنے تمام حریفوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
پاک سوزوکی کی سیلز
پاکستان آٹو موٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن رپورٹس کے مطابق پاک سوزوکی نے گزشتہ ماہ اپنی سیلز میں ماہانہ 52 فیصد کا اضافہ دیکھا، جس کے تحت اگست میں سیلز 3,954 یونٹس کے مقابلے میں 6,006 یونٹس تک پہنچ گئیں۔ فروخت کے حجم میں اضافہ سوئفٹ، ویگن آر، اور بولان کی فروخت کی وجہ سے ہوا، جن کی سیلز میں بالترتیب 137 فیصد، 110 فیصد، اور 168 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
مزید یہ کہ پاکستان سوزوکی موٹر کمپنی نے آلٹو کے 2,327 یونٹس، سوزوکی کلٹس کے 751 یونٹس، سوزوکی ویگن آر کے 766 یونٹس، سوزوکی سوئفٹ کے 1،263 یونٹس، سوزوکی بولان کے 609 یونٹس اور سوزوکی راوی کے 245 یونٹس فروخت کیے۔
کمپنی وائز سیلز بریک ڈاؤن
ٹویوٹا انڈس کی سب سے کم فروخت ریکارڈ کی گئی۔ کمپنی نے ستمبر میں 2,617 یونٹس فروخت کیے جو کہ اگست میں 3,876 یونٹس تھے – (ماہ بہ ماہ 32 فیصد کمی) اس کی نمایاں کاروں، کرولا/یارِس اور فارچیونر/ہِلکس کی فروخت میں تیزی سے کمی، اس گرتے ہوئے رجحان کی وجہ بنی۔
اسی طرح ہنڈا اٹلس کاروں کی فروخت اگست میں 1,809 یونٹس کے مقابلے میں 1,280 یونٹس رہی۔ (ماہ بہ ماہ کمی: 29 فیصد)
ہیونڈائی نشاط کو بھی ایسے مسائل کا سامنا ہے۔ کمپنی نے بڑے پیمانے پر مندی دیکھی، اگست 2022 میں 1,929 یونٹس کے مقابلے ستمبر 22 میں 967 یونٹس فروخت ہوئے۔ (ماہ بہ ماہ کمی: 50 فیصد)
پاک سوزوکی کی بڑھتی ہوئی فروخت کے بارے میں آپ کا کیا خیال ہے؟ کمنٹس سیکشن میں اپنے خیالات کا اظہار کریں۔