حکومت نے عوام پر ایک بار پھر پیٹرول بم گرا دیا
وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے انتباہ کے چند دن بعد ہی پیٹرول کی قیمت میں 8.03 روپے کا اضافہ کر دیا گیا ہے جس کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 137.79 روپے سے بڑھ کر 145.82 روپے ہوگئی ہے۔
دریں اثنا، ہائی سپیڈ ڈیزل (HSD) کی قیمت میں 8.14 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ جس سے اس کی قیمت 134.48 روپے فی لیٹر سے بڑھ کر 142.62 روپے ہو گئی ہے۔ مزید برآں، مٹی کے تیل کی قیمت 6.72 روپے اضافے کے بعد 110.26 روپے سے بڑھ کر 116.53 روپے تک پہنچ گئی ہے اور لائٹ ڈیزل آئل (ایل ڈی او) کی قیمت میں 5.72 روپے اضافے کے بعد نئی قیمت 114.07 روپے ہو گئی ہے جبکہ پرانی قیمت 108.35 روپے تھی۔
وزارت خزانہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق 5 نومبر 2021 سے ہو گا۔
وزیراعظم نے گزشتہ ہفتے قیمتوں میں اضافے کو مسترد کیا
گزشتہ ہفتے وزیراعظم عمران خان نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز مسترد کردی تھی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم آفس نے فیصلہ قومی مفاد اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے کیا۔
وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں مزید کہا گیا کہ شہریوں کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے اور یہی وجہ ہے کہ مہنگائی کے عالمی دباؤ کا اثر ان تک نہیں پہنچا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت زیادہ قیمتوں کا بوجھ برداشت کرے گی۔