پاکستان آٹو شو کی نئی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا
پاکستان ایسوسی ایشن آف آٹو موٹیو پارٹس اینڈ اسیسریز مینوفیکچررز (PAAPAM) آٹو شو کی تاریخوں میں ایک بار پھر نظر ثانی کی گئی ہے۔ اس کی آفیشل ویب سائٹ کے مطابق اب یہ شو 21 سے 23 جنوری 2022 تک کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقد ہوگا۔
مزید برآں، دلچسپی رکھنے والے PAAPAM ویب سائٹ سے بکنگ اور رجسٹریشن کے بارے میں معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔
ویب سائٹ پر جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس آٹو شو میں اس سال 100000 سے زائد وِزِٹرز کی آمد متوقع ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ تقریب میں اعلیٰ حکومتی حکام، مقامی اور بین الاقوامی خریداروں اور مینوفیکچررز، مشینری مینوفیکچررز، خام مال اور سروس فراہم کرنے والے اور متعلقہ صنعتوں کے بہت سے نمائندوں کی تقریب میں شرکت کی توقع ہے۔
آٹو شو کی گزشتہ تاریخ
ابتدائی طور پر شو کا انعقاد رواں سال جولائی 2021 میں کیا جانا تھا لیکن عالمی وبا کورونا کے پھیلاؤ کے باعث آرگنائزیشن کو اس میں تاخیر کرنا پڑی۔ جس کے بعد اس شو کیلئے نومبر 2021 کی تاریخ مقرر کی گئی لیکن ایک بار پھر تاخیر کا سامنا کرنا پڑا اور اب آخر کار، یہ شو جنوری 2022 میں منعقد ہونے جا رہا ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ اس بار کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا کیونکہ گاڑیوں کے شوقین افراد اور دیگر کمپنیز جوش و خروش سے اس کا انتظار کر رہی ہیں۔
آخری پاکستان آٹو شو:
کورونا کے ملک میں پھیلاؤ سے قبل آخری آٹو شو کا انعقاد کیا گیا تھا۔ اس 3 روزہ میگا ایونٹ کا انعقاد 21 سے 23 فروری 2020 تک انٹرنیشنل ایکسپو سینٹر لاہور میں کیا گیا۔ PakWheels.com اس عظیم الشان تقریب کا ڈیجیٹل میڈیا پارٹنر تھا۔ ہال 1، ہال 2 اور ہال 3 میں منعقد کی گئی جبکہ یہ نامئش 120000 مربع فٹ پر محیط رقبے پر منعقد کی گئی ہے۔
شو کس کے نام رہا؟
یہ شو بلاشبہ، ہیونڈائی نشاط موٹرز اور سازگار بائک کے نام رہا۔ پورے آٹو شو میں انہی کمپنیز کا چرچا رہا۔ ان دو کمپنیز کے علاوہ جاپانی آٹو کمپنیز جن میں ہنڈا اٹلس کارز پاکستان لمیٹڈ (HACPL) اور پاک سوزوکی موٹر کمپنی (PSMC) شامل ہیں، نے بھی PAPS 2020 میں حصہ لیا۔ علاوہ ازیں، آٹو پارٹس بنانے والے مختلف اداروں جیسے سروس ٹائر، پینتھر ٹائر، بین الاقوامی کاروباری ادارے اور مقامی کمپنز اور دیگر سروسز فراہم کرنے والے اس تقریب کا حصہ تھے۔ اس موقع پر PAAPAM نے نمائش میں 3000 سے زیادہ چھوٹی، درمیانی اور بڑی کمپنیز کی نمائندگی کی اور ان کی ٹیکنالوجی کو فروغ دینے میں مدد کی۔
تو، کیا آپ آنے والے آٹو شو کے بارے میں پرجوش ہیں؟ تبصرے کے سیکشن میں ہمیں بتائیں۔