ڈیلرشپس پروٹون پاکستان کا ساتھ چھوڑنے لگیں

0 2,450

پروٹون پاکستان کے حالات دن بدن خراب ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔ سب سے پہلے پروٹون X70s کی ڈیلیوری نہ ہونے کا معاملہ چند ہفتے قبل سامنے آیا جب درجنوں صارفین نے پاک ویلز کو بتایا کہ ایک سال گزرنے کے بعد بھی انہیں ابھی تک گاڑیاں ڈلیور نہیں کی گئیں۔ صارفین کے مطابق، کمپنی نے اپنے وعدے پورے نہیں کیے ہیں اور اب بھی ڈیلیوری کی واضح اور حتمی تاریخ نہیں دے رہی ہے۔ مزید برآں، اگست کے چیک کو مزید ستمبر میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ جس کے نتیجے میں خریداروں نے احتجاج کیا اور اسی طرح تاحال الحاج آٹوموٹیو کے مسائل کا سلسلہ جاری ہے۔

ڈیلرشپس ساتھ چھوڑنے لگیں

تفصیلات کے مطابق پروٹون پاکستان سے اب تک دو ڈیلرشپ مستعفی ہوچکے ہیں۔ ایک ڈیلرشپ کا تعلق فیصل آباد جبکہ دوسری کا تعلق لاہور سے ہے۔ ہمارے ذرائع کے مطابق ڈیلرشپ کار کمپنی سے خوش نہیں تھیں اور انہوں نے ان کے ساتھ شراکت ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔ ایک بیان میں فیصل آباد ڈیلرشپ، لائل پور موٹرز نے کہا کہ ہم نے باضابطہ طور پر فیصل آباد میں بطور پروٹون ڈیلر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ہماری ڈیلرشپ اب ہیول پاکستان کے تحت ہے جس کا نام ہیول ڈاؤن ٹاؤن ہے۔

دریں اثنا، ہمارے ذرائع نے ہمیں بتایا ہے کہ لاہور میں مومینٹم موٹرز کے نام سے ڈیلرشپ نے بھی مختلف اختلافات کی بنا پر پروٹون پاکستان کے ساتھ اپنا رشتہ ختم کر دیا ہے۔ ڈیلرشپ اور پروٹون پاکستان کے درمیان مسائل سے متعلق کچھ تفصیلات موجود ہیں، لیکن ہمارے ذرائع نے ہمیں بتایا ہے کہ کاروں کی عدم فراہمی اور کچھ پیشہ ورانہ تضادات نے یہ صورتحال پیدا کی ہے۔

الحاج آٹوموٹیو یا پروٹون پاکستان نے ایک سیڈان پروٹون ساگا اور ایک کراس اوور ایس یو وی  X70کی لانچنگ کے ساتھ اپنا بہترین آغاز کیا لیکن کورونا کے دوران خاص طور پر ملائیشیا میں سی کے ڈی کٹس کی درآمد میں رکاوٹوں کی وجہ سے ڈیلیوری میں تاخیر جیسے مسائل پیدا ہوئے۔ مستقبل قریب میں کمپنی کی صورت حال بہتر ہوتی نظر نہیں آتی۔ اگرچہ کمپنی نے اپنے صارفین کو یقین دلایا ہے کہ ڈلیوری اکتوبر 2023 میں شروع کر دی جائے گی، لیکن اعتماد کی کمی ایک بہت بڑا مسئلہ ہے۔ اور اب، دو ڈیلرشپ کی بندش پوری صورتحال کو بد سے بدتر کی طرف لے جائے گی کیونکہ یہ کسی بھی کار کمپنی کے لیے اچھی علامت نہیں ہے کہ اس کی ڈیلرشپس مستعفی ہو رہی ہیں۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.