سڑکوں پر موٹر سائیکلوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کو دیکھتے ہوئے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی (PSCA) نے لاہور کی کینال روڈ اور مال روڈ پر موٹر سائیکلوں اوردیگر سست رفتار گاڑیوں کے لیے علیحدہ گرین لین متعارف کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔
میڈیا کے لیے جاری کردہ بیان میں PSCA کے ترجمان نے کہا کہ نیا پائلٹ پروجیکٹ وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کے حکم پر ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے لیے شروع کیا جا رہا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ “”لاہور کی سڑکوں پر تیز اور سست رفتار گاڑیوں جیسا کہ موٹر سائیکل، رکشے اور سائیکل کے لیے علیحدہ لین بنائی جائیں گی تاکہ ٹریفک کا بہاؤ رواں کیا جا سکے۔ ایسی لینز حادثات کی تعداد کو کم کرنے میں مدد دیں گی اور یہ منصوبہ شہر میں ٹریفک اصلاحات متعارف کروائے جانےکی سمت ایک قدم ہوگا۔”
PSCA ہیڈکوارٹرز میں ہونے والے اجلاس کے دوران گرین لین پائلٹ پروجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا کہ جس میں چھوٹی اور کم رفتار گاڑیاں مال روڈ اور کینال روڈ پر بدستور بائیں لین میں رہیں گی۔
سٹی ٹریفک پولیس، ٹریفک انجینئرنگ اینڈ پلاننگ ایجنسی (TEPA)، مقامی حکومت کے عہدیداران اور دیگر سرکاری نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی اور اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
لاہور کمشنر نے بھی گرین لین پروجیکٹ کی بروقت تکمیل کے لیے مدد کا وعدہ کیا۔ تمام سرکاری اداے، بشمول PSCA اور سٹی ٹریفک پولیس، نے لاہور میں لین کی پابندی کو یقینی بنانے کا عہد کیا۔
لاہور ٹریفک پولیس پہلے ہی موٹر سائیکل سواروں کو انتہائی بائیں لین استعمال کرنے کی ہدایات دے چکی ہے۔
اتھارٹی نے اعلان کیا کہ وہ کینال روڈ پر دوسری لینز استعمال کرنے والے موٹر سائیکل سواروں کا تعاقب کرے گی۔ ایک پولیس عہدیدار نے کہا کہ خلاف ورزی کرنے کو بھاری جرمانے کیے جائیں گے۔
مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے SP ٹریفک پولیس آصف صدیق نے کہا کہ پولیس یقینی بنائے گی کہ تمام شہری قانون کی پیروی کریں۔
رواں سال سٹی ٹریفک پولیس نے موٹر سائیکل سواروں کو ہیلمٹ نہ پہننے پر ہزاروں چالان جاری کیے۔
آٹوموٹِو انڈسٹری سے متعلقہ خبروں کے لیے پاک ویلز پر آتے رہیے۔ آپ کو ہمارے آن لائن آٹو پارٹس اسٹور پر موٹر سائیکل کے اسپیئر پارٹس اور ایکسیسریز دیکھنے چاہئیں۔ اس بارے میں اپنی رائے نیچے تبصروں میں پیش کیجیے۔