چینی آٹومیکر جنبی پاکستان میں منی وینز متعارف کروائےگا
آٹوموٹو ڈیولپمنٹ پالیسی 2016-21ء پاکستان کی مقامی آٹو انڈسٹری کے لیے اچھی ثابت ہو رہی ہے۔ گزشتہ ماہ کے اختتام پر PakWheels.com نے بتایا تھا کہ دو نئے چینی آٹومیکرز پاکستان میں داخل ہونے کے لیے تیار ہیں اور اب ایک اور چینی آٹومیکر جنبی (Jinbei) نے پاکستان میں کمرشل اور پسنجر منی وینز متعارف کروا دی ہیں۔
ادارے کا مقامی شراکت دار زینتھ آٹوموٹو (پرائیوٹ) لمیٹڈ ہے جو ملک بھر میں گاڑیوں کی تقسیم اور فروخت کا ذمہ دار ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ادارے کی جانب سے فروخت کردہ تمام گاڑیاں CBUs ہیں۔
ادارے کی جانب سے متعارف کردہ گاڑیاں یہ ہیں:
- جنبی X30
- جنبی X30L
- جنبی H1
- جنبی H2
جنبی H2:
یہ گاڑیاں دو ویریئنٹس رکھتی ہے، ایک 2.4 لیٹر 4RB2 پیٹرول انجن کی حامل ہے، جبکہ دوسری 2.7 لیٹر 3TZ گیسولین انجن سے لیس ہے۔ مزید برآں، یہ نشستوں کی گنجائش کے حوالے سے بھی دو قسمیں رکھتی ہیں، ایک میں 15 نشستوں کی گنجائش ہے اور دوسری 16 نشستوں میں دستیاب ہے۔
جنبی X30:
11 نشستوں والی یہ وین 1.3 لیٹر پیٹرول انجن سے لیس ہے۔
جنبی H1:
یہ پک اپ 14 اور 15 نشستوں کے ویریئنس میں دستیاب ہے اور واحد انجن آپشن کے ساتھ ملتی ہے جو 2.2 لیٹر گیسولین انجن ہے۔
جنبی X30L:
X30L ایک 11 نشستوں کی منی وین ہے جو 1.5 لیٹر پیٹرول انجن رکھتی ہے۔
جنبی چین میں منی وین کے شعبے میں تقریباً 60 فیصد مارکیٹ شیئر رکھتا ہے اور دنیا بھر میں بھی گاڑیاں برآمد کر رہا ہے۔ جیسا کہ اوپر بتایا گیا کہ پاکستان میں متعارف کردہ مندرجہ بالا تمام گاڑیاں CBUs ہیں؛ البتہ ادارہ پاکستان میں گاڑیاں بنانے کے لیے ملک میں CKD اسمبلی کی تعمیر کی منصوبہ بندی کر رہاہے۔ دیکھتے ہیں کہ ادارہ یہ مرحلہ اور اپنے اہداف کب حاصل کرتا ہے۔ ان گاڑیاں کی قیمتیں ادارے کی جانب سے ابھی ظاہر نہیں کی گئیں۔
جنبی کی جانب سے پاکستان میں گاڑیاں لانچ کیے جانے کے علاوہ جنوبی کوریائی آٹو میکر کیا نے ملک میں اپنی گرینڈ کارنیول جاری کی ہے۔ یہ گاڑی 3.3-لیٹر انجن سے لیس ہے جس میں 6-اسپیڈ آٹو ٹرانسمیشن منسلک کی گئی ہے جو 6,400 rpm پر 270 ہارس پاور اور 5,200 پر 318 Nm ٹارک پیدا کرتا ہے۔ کیا گرینڈ کارنیول کی قیمت اسٹینڈرڈ ورژن کے لیے 3,999,000 اور ایکس (ہائی اسپیک) ورژن کے لیے 4,799,000پاکستانی روپے سے شروع ہوتی ہے۔