دیوان فاروق موٹرز واپسی کے لیے کوشاں؛ جلد آمد کے امکانات روشن!
دیوان فاروق موٹرز لمیٹڈ ، جس کا نیا نام یوسف دیوان کمپنی ہے، کے زیر انتظام پاکستان میں دیوان فاروق موٹرز لمیٹڈ، دیوان موٹرز پرائیوٹ لمیٹڈ اور دیوان آٹوموٹیو انجینئرنگ لمیٹڈ پاکستان رجسٹر ہیں۔ یوسف دیوان کمپنی میں جاری مختلف تنازعات کے باعث فی الحال صرف دیوان موٹرز ہی پاکستان میں BMW اور مِنی گاڑیاں فروخت کر رہی ہیں جبکہ باقی دونوں ادارے اس وقت مصروف عمل نہیں ہیں۔
کئی سالوں تک خاموشی کے بعد اب دیوان فاروق موٹرز لمیٹڈ (DFML) میں بھی زندگی کی رقمق دوڑتی ہوئی محسوس ہورہی ہے اور ایسا لگ رہا ہے کہ وہ ایک بار پھر خود کو کار ساز اداروں کی فہرست میں دیکھنا چاہتے ہیں۔ گزشتہ دہائی کے دوران دیوان فاروق موٹرز لمیٹڈ جاپانی ادارے مٹسوبشی اور کوریا سے تعلق رکھنے والے اداروں ہیونڈائی اور کِیا موٹرز (KIA) کی گاڑیاں پاکستان میں فروخت کرتی رہی۔ البتہ ہیونڈائی کی عالمی حکمت عملی میں تبدیلی اور مٹسوبشی کو درپیش مالی مشکلات کے باعث اب دیوان فاروق نے پرانے حلیفوں کے بغیر میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پاک ویلز کے ذریعے اپنی پسندیدہ گاڑی پاکستان منگوانے کے لیے یہاں کلک کریں
پاکستانی ذرائع ابلاغ پر گردش کرنے والی خبروں کے مطابق دیوان فاروق موٹرز لمیٹڈ نے اپنے کارخانے دوبارہ کھولنے اور گاڑیوں کی تیاری شروع کرنے کی اجازت طلب کرنے کے لیے حکومت سے رابطہ کیا ہے۔ یاد رہے کہ دیوان فاروق موٹرز کے کارخانوں میں ہیونڈائی سانترو (Santro) اور شہزور (Shehzore) جیسی گاڑیاں تیار کی جاتی تھیں۔ دیوان کی خواہش ہے کہ وہ دیہان، سانگ یونگ اور کِیا موٹرز کے ساتھ مقامی سطح پر گاڑیاں تیار کرنے کی شروعات کرے۔
یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ نئی آٹو پالیسی برائے 2016-21 کے نفاذ نے دیوان فاروق موٹرز جیسے اداروں کے لیے واپسی کی راہ ہموار کی ہے۔ یاد رہے کہ آٹو پالیسی میں ان اداروں بھی خصوصی مراعات دی گئی ہیں کہ جو ماضی میں مقامی سطح پر گاڑیاں تیار و فروخت کرتے رہے تاہم اب ان کے کارخانے بند ہیں۔ دیوان فاروق موٹرز کی آمد سے مقامی صنعت اور گاڑیوں کے شعبے میں بہتری کی امید رکھی جاسکتی ہے۔ خاص کر بگ تھری کی اجارہ داری ختم کرنے میں دیوان فاروق موٹرز کی بھرپور واپسی بہت اہمیت کی حامل ہے۔