دیوان موٹرز نے برقی اور ہائبرڈ گاڑیوں کے لیے امپوریئم مال، لاہور میں پہلا چارجنگ اسٹیشن قائم کردیا ہے۔ گاڑیاں بنانے والے جرمن ادارے بی ایم ڈبلیو کے تعاون سے نصب کیے جانے والے اسٹیشن کا نام بی ایم ڈبلیو چارج ناؤ رکھا گیا ہے۔ یہ نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے میں اپنی نوعیت کا اولین چارجنگ اسٹیشن ہے۔ دیوان موٹرز رواں سال کے آخر تک ملک بھر میں تین بی ایم ڈبلیو چارج ناؤ اسٹیشن بنائے گی۔
لاہور میں چارجنگ اسٹیشن کے آغاز کرتے ہوئے بی ایم ڈبلیو گروپ وسطی ایشیا کے منیجنگ ڈائریکٹر جوہانز سیبرٹ نے کہا کہ آج ان کے ادارے نے ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ انہوں نے دیوان موٹرز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکنالوجی کے میدان میں دیوان موٹرز کی سرمایہ کاری سے بی ایم ڈبلیو کو برقی گاڑیوں کی ترویج اور پلگ-ان ہائبرڈ و برقی گاڑیاں استعمال کرنے والے صارفین کو چارجنگ کی آسان سہولیات فراہم کرنے کا مقصد کے حصول میں مدد ملی ہے۔
مزید پڑھیں: دیوان فاروق موٹرز واپسی کے لیے کوشاں؛ جلد آمد کے امکانات روشن!
پاکستان میں برقی گاڑیوں کی مقبولیت کو پیش نظر رکھتے ہوئے دیوان موٹرز کی جانب سے بنیادی سہولیات کی فراہمی ایک بڑا بڑا قدم قرار دیا جاسکتا ہے۔ ہائبرڈ اور برقی گاڑیوں کی اہمیت کے بارے میں بات کرتے ہوئے دیوان موٹرز کے چیئرمین دیوان محمد یوسف فاروقی نے کہا کہ بی ایم ڈبلیو کی تیار کردہ ہائبرڈ اور برقی گاڑیاں دیگر کار ساز اداروں کی روایتی ہائبرڈ سے بہت بہتر سفری تجربہ فراہم کرتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ برقی گاڑیاں نہ صرف ایندھن کی بچت ممکن بناتی ہیں بلکہ ان سے فضائی آلودگی میں اضافے کا خطرہ بھی لاحق نہیں ہوتا۔
یاد رہے کہ سال 2003 میں بی ایم ڈبلیو گروپ کی جانب سے پاکستان میں گاڑیاں متعارف کروانے اور بعد از فروخت خدمات فراہم کرنے کے لیے دیوان موٹرز پرائیوٹ لمیٹڈ کمپنی کا انتخاب کیا گیا ہے۔ دیوان موٹرز سال 2004 سے پاکستان میں بی ایم ڈبلیو گاڑیاں پیش کر رہی ہے۔ پاکستان بھر میں ان کے 5 سیلز سینٹرز موجود ہیں جن میں نئے اور پرانے صارفین کو خدمات فراہم کی جاتی ہیں۔ انتہائی مختصر عرصے میں دیوان موٹرز کا شمار گاڑیوں کے شعبے کے معتبر ناموں میں کیا جانے لگا جس کی بنیادی وجوہات میں بی ایم ڈبلیو کے تربیت یافتہ عملے کی جانب سے صارفین کو پیش کی جانے والی بہترین سہولیات بھی شامل ہیں۔