دور حاضر کی تیز تر طرز زندگی میں خود کو دوسرے سے ممتاز رکھنا مشکل سے مشکل ہوتا جارہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کاروباری ادارے ایسے مواقع کی تلاش میں رہتے ہیں کہ جن سے وہ زیادہ سے زیادہ صارفین سے جڑ سکیں۔ ان اداروں کو اس مقصد کے حصول میں مدد فراہم کرنے کے لیے کراچی کے چار نوجوانوں تشہہر کا ایک ایسا اچھوتا انداز متعارف کروایا ہے کہ جس سے نہ صرف کاروباری اداروں بلکہ عام شہریوں کا بھی فائدہ ممکن ہے۔
شہر قائد کے پرجوش نوجوانوں کی جانب سے شروع کردہ ریپکار (WrapKar) ایک آؤٹ ڈور اشتہاری اسٹارٹ-اپ ہے۔ یہ اسٹارٹ-اپ کاروباری اداروں کو شہر میں گھومنے والی گاڑیوں کے ذریعے تشہیر کا موقع فراہم کر رہا ہے۔ عام بل بورڈز اور دیگر روایتی آؤٹ ڈور اشتہاری طریقوں کے برعکس ریپکار کا پیش کردہ طریقہ کار مشتہرین کو بہتر انداز میں زیادہ سے زیادہ صارفین تک اپنا پیغام پہنچانے اور انہیں با مقصد طریقے سے جوڑنے میں انتہائی معاون ہے۔
پاک ویلز سے بات کرتے ہوئے ریپکار کے شریک بانی اومامہ انصاری نے کہا کہ ہمارے ملک میں آؤٹ ڈور اشتہاری مہم کے لیے بہت زیادہ جدید آپشنز نظر نہیں آتے۔ پرانے وقتوں کے بڑے بڑے بورڈز آج بھی بہت مہنگے داموں ملتے ہیں اور ان کے ذریعے تشہیر بھی موثر نہیں رہی۔ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان میں آؤٹ ڈور اشتہارات کے انداز کو تبدیل کریں، ہم اسے لوگوں کے مزید قریب لانا چاہتے ہیں اور انہیں مشتہرین سے منسلک کرنا چاہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بڑی سیڈان کی جگہ چھوٹی گاڑیاں آزمائیں۔۔۔ وقت اور پیسے دونوں بچائیں!
اس وقت ریپکار کئی گنجان آباد علاقوں میں کام کر رہا ہے جہاں ان کے صارفین اپنی اشتہاری مہم چلانا چاہتے ہیں۔ اضافی آمدن کے خواہشمند مزید ڈرائیور صاحبان بھی ریپکار کا حصہ بن سکتے ہیں۔ یہ پیشکش ان افراد کے لیے بہت سودمند ثابت ہوسکتی ہے کہ جو ٹرانسپورٹ کے شعبے سے وابستہ ہیں اور ان کا روز مرہ کے معمولات میں گاڑی چلانا بھی شامل ہے۔