ٹریفک کی براہ راست صورت حال، گوگل میپ کی شاندار خصوصیت اب پاکستان میں

0 665

بالآخر ایک طویل انتظار کے بعد گوگل کی براہ راست ٹریفک مانیٹر کرنے کی زبردست سہولت پاکستان کے کئی شہروں میں بھی آ گئی ہے۔ گوگل دنیا بھر کے کئی ممالک میں صارفین کو یہ سہولت فراہم کرتا ہے کہ وہ اپنے راستے پر، یا کسی دوسرے روٹ پر، موجود ٹریفک کے دباؤ کو جانچ سکیں اور اسی لحاظ سے اپنے لیے بہتر راستے کا انتخاب کرسکیں۔

google map screen shot

پاکستان جیسے ملک کے لیے یہ سہولت اس لیے بھی بہت زیادہ کارآمد ہے کہ ترقی یافتہ ممالک کے مقابلے میں یہاں کسی بھی لمحے، کسی بھی سڑک پر کچھ بھی ہو سکتا ہے اور پانچ منٹ کے اندر اندر ٹریفک کے دباؤ کی صورت حال مکمل طور پر تبدیل بھی ہو سکتی ہے۔ اس لیے عوام کے لیے یہ سہولت بہت آسانی فراہم کرسکتی ہے۔ صرف براہ راست ٹریفک کی صورتحال ہی نہیں بلکہ گوگل یہ بھی بتاتا ہے کہ عام طور پر کن راستوں پر کس کس وقت پر بہت زیادہ رش ہوتا ہے تاکہ آپ درست وقت پر درست راستے کا انتخاب کرسکیں۔

اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ گوگل کی یہ سہولت آخر کام کس طرح کرتی ہے۔ پاکستان میں جہاں ٹریفک کے بہاؤ کو جانچنے یعنی ٹریفک فلو مینجمنٹ کا کوئی سسٹم موجود نہیں ہے، وہاں آخر گوگل یہ ڈیٹا کہاں سے حاصل کرتا ہے۔ جی، آپ کی جیب میں موجود اسمارٹ فون سے۔ گوگل کسی بھی سڑک پر موجود اینڈرائیڈ صارفین کی بڑی تعداد کے ڈیٹا کو جمع کرتا ہے اور جی پی ایس کے ذریعے معلوم کرتا ہے کہ ان کی آگے بڑھنے کی رفتار کیا ہے۔ اس سے اندازہ لگایا جاتا ہے کہ کسی سڑک پر ٹریفک کے بہاؤ کی صورت حال کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بڑی شاہراہوں پر ٹریفک جام کیوں ہوتا ہے؟

پاکستان میں تھری جی کی آمد کے بعد سے موبائل انٹرنیٹ کی صنعت میں ایک انقلاب برپا ہوا ہے اور صارفین اتنی بڑی تعداد میں موبائل انٹرنیٹ استعمال کررہے ہیں کہ اس سے گو‏گل کو “لائیو ٹریفک” کے لیے درکار کافی ڈیٹا مل رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ نہ صرف کراچی، لاہور، راولپنڈی اور اسلام آباد جیسے بڑے شہروں بلکہ فیصل آباد، پشاور اور ملتان سمیت ہر اس شہر کے نقشے میں یہ سہولت نظر آئے گی جہاں گوگل اینڈرائیڈ کے صارفین کی کثیر تعداد موجود ہو۔

پہلے مرحلے میں بڑے شہروں کے اہم راستوں پر ہمیں واضح اور ہمہ وقت ٹریفک صورت حال نظر آ رہی ہے اور اب امید ہے کہ کچھ عرصے میں نئے شہروں میں بھی اور دیگر راستوں پر بھی “لائیو ٹریفک” کی سہولت دستیاب ہوگی۔

اگر آپ جاننا چاہتے ہیں کہ آپ کے گھر اور دفتر کے درمیانی راستے پر اس وقت ٹریفک کی کیا صورت حال ہے؟ تو ابھی اپنا اسمارٹ فون اٹھائیے اور گوگل میپس کی ایپ کھولیں اور دائيں جانب جہاں ٹریفک لکھا ہے وہاں سے یہ سہولت “آن” کردیں۔ آپ جس جگہ موجود ہیں یا جس راستے اور مقام تک جانا چاہ رہے ہیں اس پر ٹریفک کی موجودہ صورت حال آپ کے سامنے آ جائے گی۔

اگر آپ کے فون پر یہ سہولت میسر نہیں تو آپ اپنے کمپیوٹر کے ذریعے بھی جان سکتے ہیں۔ گوگل میپس کھولیں اور سرچ بار میں ٹریفک لکھ دیں یا دائیں جانب سے ٹریفک کے بٹن پر کلک کردیں۔ کسی بھی مقام پر ٹریفک کی نہ صرف موجودہ صورت حال آپ کو مل جائے گی بلکہ آپ Live Traffic کے بجائے Typical Traffic کا انتخاب کرکے کسی بھی دن کے مخصوص وقت میں ٹریفک کی صورت حال کو جان سکتے ہیں۔ جیسا کہ اگر آپ جاننا چاہتے ہیں کہ کراچی کی شاہراہ فیصل پر پیر کی صبح ساڑھے 8 بجے کتنا ٹریفک ہوتا ہے؟ یا جمعرات کی شام 6 بجے لاہور کے کینال بینک روڈ پر ٹریفک کی کیا صورت حال ہوتی ہے۔ یہ سب آپ کو گوگل میپس بتائیں گے۔

یہاں سبز لکیر ظاہر کرتی ہے کہ ٹریفک پوری رفتار کے ساتھ گزر رہا ہے اور آپ بے دھڑک اس راستے کا انتخاب کر سکتے ہیں۔ نارنجی رنگ درمیانے درجے کے دباؤ کو ظاہر کرتا ہے اور آپ پھر بھی اس راستے کا انتخاب کر سکتے ہیں اور منزل مقصود پر پہنچ سکتے ہیں۔ لیکن اگر لکیر سرخ ہو تو یہ ٹریفک کے زیادہ دباؤ کو ظاہر کرتی ہے اور اگر بہت گہرے لال رنگ کی ہو تو اس کا مطلب ہے کہ یہاں بمپر سے بمپر ملا ہوا ہے۔ اس کے علاوہ اگر کسی سڑک پر ٹریفک مخصوص دورانیہ گزرنے کے باوجود ٹس سے مس نہ ہو توگوگل بتائے گا کہ یہ سڑک کسی وجہ سے بند ہے۔

تو آج، بلکہ ابھی، سے اس سہولت کا فائدہ اٹھائیں اور گوگل کی مدد سے اپنی زندگی میں ایک اور آسانی پائیں۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.