تھائی لینڈ میں ہونڈا اکارڈ 2016 کا نیا انداز متعارف
پاکستان میں ہونڈا اکارڈ کا شمار پرتعیش اور مہنگی ترین گاڑیوں میں کیا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ لوگ اسے خریدنے کے بارے میں سوچنے کے بجائے آڈی، بی ایم ڈبلیو 3 سیریز، مرسیڈیز C یا E کلاس یا پھر بیرون ممالک سے درآمد کی گئی گاڑیاں جیسے HR-V، ہونڈا وِزل (Honda Vezel) اور لینڈ کروزر پراڈو وغیرہ میں سے کسی کا انتخاب کرلیتے ہیں۔ کیا آپ جانتے ہیں کہ پاکستان میں ہونڈا اکارڈ کی قیمت کتنی ہے؟ جواب ہے: 10,667,000 روپے۔ جی ہاں، آپ نے بالکل درست پڑھا، 1 کروڑ 6 لاکھ67 ہزار روپے۔ اس قیمت میں تو آپ کو لینڈ کروزر ZX بھی مل جائے گی۔
لیکن عالمی سطح پر صورتحال قدرے مختلف ہے۔ کئی ممالک میں ہونڈا اکارڈ عام گاڑی تصور کی جاتی ہے جسے ڈرائیور سارا دن دوڑاتا رہتا ہے اور کبھی شکایت نہیں کرتا۔ یہ دنیا میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والی کایاب ترین گاڑیوں میں بھی شامل ہے۔ انہی ممالک میں سے ایک تھائی لینڈ ہے کہ جہاں اس کا نیا انداز (فیس لفٹ) پیش کیا گیا ہے۔
ہونڈا اکارڈ (Honda Accord) کے نئے انداز میں بہت ساری مگر معمولی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ ہونڈا کی جانب سے تازہ تبدیلیوں کا مقصد روایتی حریف ٹویوٹا کیمری کا مقابلہ کرنا ہے۔ سب سے زیادہ قابل ذکر اور نمایاں تبدیلی اگلے حصے میں گِرل کا اضافہ کیاجانا ہے۔ یہ نئی گرل ایل ای ڈی لائٹس سے مزین ہیں جو دن کی روشنی اور دھند میں بھی بہترین روشنی فراہم کرتی ہیں۔ گاڑی کے عقبی حصے میں بھی کچھ ایسی ہی تبدیلیاں کی گئی ہیں تاہم کروم بار کا اضافہ بھی خوب معلوم ہورہا ہے۔
گاڑی کے اندرونی حصے میں زیادہ تبدیلیاں نہیں کی گئیں ماسوائے چند ڈیش بورڈ کے ڈیزائن اور رنگوں میں تھوڑی بہت آمیزش کے۔
ہونڈا اکارڈ 2016 کی نئی خصوصیات میں انجن ریموٹ اسٹارٹ بھی شامل ہے جو انجن اور گاڑی کے ایئرکنڈیشن کو چابی کے ساتھ موجود جدید بٹن سے آن یا آف کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ 7 انچ کی ٹچ اسکرین بھی لگائی گئی ہے جو ایپل کار پلے کی مدد سے کام کرتی ہے۔ مزید یہ کہ اس میں اسمارٹ فون اور وائی فائی ہاٹ اسپاٹ استعمال کرنے کی سہولت بھی شامل کی گئی ہے۔
انجن میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور نئی ہونڈا اکارڈ میں بھی 2 ہزار سی سی اور 2400 سی سی ارتھ ڈریمز انجن ہی دستیاب ہوگا۔یہ انجن بالترتیب 155 ہارس پاور اور 174 ہارس پاور فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ نئی ہونڈا اکارڈ میں ہونڈا کی منفرد حفاظتی ٹیکنالوجی بھی شامل کی گئی ہے۔
نئی ہونڈااکارڈ 2016 کی قیمت 13.85 لاکھ تھائی بہات (4,063,584 پاکستانی روپے) سے شروع ہو کر 16.35 لاکھ تھائی بہات (4,797,083 پاکستانی روپے) تک جاتی ہے۔