ہونڈا ایٹلس کی ویب سائٹ پر سِوک 2016 سے متعلق غلط معلومات درج ہیں!

0 362

اب سے دو روز قبل میں نے ہونڈا سِوک (Honda Civic) کی پیشگی بُکنگ کے وقت ڈیلرشپس پر دی جانے والی غلط معلومات کے حوالے سے ایک مضمون لکھا تھا۔ اس مضمون کا مقصد یہ باور کروانا تھا کہ ہونڈا ایٹلس نے اپنے ہی ڈیلرشپس کو نئی آنے والی سِوک سے متعلق معلومات فراہم نہیں کیں جس کے باعث انہوں نے عالمی سطح پرپیش کی جانے والی سِوک اور اپنے اندازوں کے مطابق خصوصیات کی فہرست بنائی جس میں بہت سی چیزیں بعد ازاں غلط ثابت ہوئیں۔ یوں خریداروں کو یہ بات سمجھنے میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا کہ 10 لاکھ کی خطیر رقم سے بُک کی جانے والی گاڑی میں کیا سہولیات شامل ہوں گی اور کیا نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ڈیلرشپس پر ہونڈا سِوک 2016 بُک کروانے والوں کو گمراہ کیا گیا

چلیے اب ڈیلرشپس پر فراہم کی جانے والی صحیح غلط معلومات کو ایک طرف رکھتے ہیں اور بات کرتے ہیں موجود صورتحال کی۔ گزشتہ جمعہ کے روز جب ہونڈا سِوک کی باضابطہ رونمائی کی گئی تو ہونڈا ایٹلس کی ویب سائٹ پر بھی اس حوالے سے نئی معلومات شامل کی گئیں۔ لیکن دو چیزیں ایسی بھی تھیں کہ جنہوں نے مجھے کافی پریشان کیے رکھا اور میں انہی دونوں چیزوں پر بات کرنے جارہا ہوں۔ مجھے امید ہے کہ ہونڈا ایٹلس بھی میری اس تحریر کے بعد ویب سائٹ پر موجود غلطیوں کی اصلاح کرے گی لیکن قابل غور بات یہ ہے کہ سِوک کی رونمائی کے بعد سے اب تک جتنے بھی لوگوں نے سِوک کی معلومات حاصل کرنے کے لیے ہونڈا ایٹلس کی ویب سائٹ کا رخ کیا ہوگا، وہ تمام بھی غلط فہمیوں کا شکار ہوچکے ہوں گے۔

Wrong information displayed on PKDM Civic's homepage

اوپر موجود ہونڈا ایٹلس ویب سائٹ کے عکس میں بخوبی دیکھا جاسکتا ہے کہ ہونڈا سِوک 1.5 ٹربو سے متعلق تفصیلات میں پیڈل شفٹرز کے سامنے X لکھا ہوا ہے۔ اس کا سادہ مطلب یہ ہے کہ سِوک کے ٹربو ماڈل میں پیڈل شفٹرز دستیاب نہیں ہے۔ جبکہ حقیقت میں 1.5 ٹربو ہی سِوک کا واحد ماڈل ہے کہ جس میں پیڈل شفٹرز دیئے گئے ہیں۔ پہلی بات تویہ ہے کہ اس طرح کی غلطیاں آن لائن ویب سائٹ پر ہونی ہی نہیں چاہئیں تھیں اور اگر بالفرض کسی انسان سے غلطی ہو بھی گئی تو اتنے دن گزرجانے کے باوجود کسی نے اب تک اس کی اصلاح نہیں کی جو قابل افسوس بات ہے۔

اس سے بھی زیادہ الجھن قارئین کو نئی سِوک کی وارنٹی سے متعلق درپیش ہوگی۔ اور کیوں نہ ہو؟ ہونڈا پاکستان کی ویب سائٹ پر واضح لکھا ہوا ہے کہ نئی سِوک کے ساتھ 70 ہزار کلومیٹر اور 3 سال کی وارنٹی دی جارہی ہے جبکہ ہونڈا کے اپنے ہی بروشر میں لکھا ہوا ہے کہ سِوک کے ساتھ 50 ہزار کلومیٹر اور 2 سال کی وارنٹی دی جارہی ہے۔ دو بالکل متضاد باتوں سے ممکنہ خریدار کو سوائے الجھن کے اور کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں ہی چیزیں ہونڈا ایٹلس کی اپنی تیار کردہ ہیں اس لیے یہاں کسی ڈیلرشپ کو قصور وار قرار نہیں دیا جاسکتا۔

Correct information mentioned in PKDM Civic's brochure despite the error on Honda Atlas' website

Correct warranty mentioned in PKDM Civic's brochure despite the error on Honda Atlas' website

ہونڈا ایٹلس کی ویب سائٹ پر سِوک سے متعلق غلط معلومات فراہم کیے جانے کی بات ہورہی ہے تو یہ بھی بتاتے چلیں کہ ایسا پہلی بار نہیں ہوا۔ اگر آپ رواں سال فروری کے مہینے میں متعارف کروائی جانے والی ہونڈا HR-V کا صفحہ دیکھیں تو بالکل آخر میں “Price Details” لکھی نظر آئیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: ہونڈا سِوک 2016 کے تینوں ماڈلز کا تفصیلی جائزہ

Wrong information displayed on Honda Atlas HR-V's price calculator

پہلی نظر میں آپ کو یہاں ہر چیز بالکل ٹھیک نظر آئے گی لیکن ٹرانسمیشن کے سامنے لکھے گئے 1.5 CV-T Prosmatec پر غور کریں تو غلطی کا اندازہ ہوگا۔ مجھے امید ہے قارئین بھی یہاں ہونے والی غلطی کو باآسانی پکڑ لیں گے لیکن اگر اتفاق سے آپ بھی ہونڈا ایٹلس کی طرح ایسا نہ کرپائیں تو میں نشاندہی کیے دیتا ہوں۔ پہلی غلطی یہ ہے کہ یہاں انجن کی قوت یعنی 1.5 لکھنے کی قطعاً کوئی ضرورت نہیں کیوں کہ اس کا ٹرانسمیشن کی نوعیت سے تعلق نہیں۔دوسری اور سب سے بڑی غلطی یہ ہے کہ CV-T اور Prosmatec دونوں ہی مختلف نوعیت کے ٹرانسمیشن ہیں اور انہیں ایک ساتھ کسی صورت نہیں لکھا جاسکتا۔

یہاں یہ بھی بتاتا چلوں کہ ہونڈا HR-V کو پاکستان میں CV-T گیئرباکس ہی کے ساتھ پیش کیا گیا ہے اور یہ بات میں خود سے نہیں کہہ رہا بلکہ اسی صفحے پر ہونڈا ایٹلس خود اس بات کی تصدیق کی ہوئی ہے۔

The correct information on the spec-sheet of HR-V despite the prevailing errors on its price calculator

سب سے زیادہ افسوس مجھے ان چیزوں پر ہوا کہ جن میں ایک نہیں بلکہ کئی لوگ شامل تھے۔ پاکستان میں یہ عام بات ہے کہ ویب سائٹ پر اپڈیٹ کرنے میں غلطی ہوجائے لیکن جلد بازی اور غیر ذمہ داری سے بے ڈھنگے پروگرام منعقد کرنا کسی طور قابل قبول نہیں ہے۔ مجھے امید ہے کہ ہونڈا ایٹلس اپنی ویب سائٹ اور دیگر جگہوں پر ان باتوں کا خیال رکھتے ہوئے ایسی غلطی دوبارہ نہ دہرانے کی کوشش کرے گا اور اگر ایسی غلطیاں ہو بھی جائیں تو انہیں جلد از جلد ٹھیک کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.