معیاری گاڑیوں کی تیاری: کِیا موٹرز سب سے آگے؛ کئی بڑے ناموں کو پیچھے چھوڑ دیا
گاڑیاں بنانے والے جنوبی کوریائی ادارے کِیا موٹرز نے معیاری گاڑیوں کی تیاری میں عالمی شہرت یافتہ اداروں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ معروف تحقیقی ادارے جے ڈی پاور کی جانب سے بہترین معیاری گاڑیوں کی سالانہ درجہ بندی جاری کی گئی ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کِیا موٹرز کی ہر 100 گاڑیوں میں صرف 83 مسائل کی نشاندہی ہوئی ہے۔ تحقیق سے یہ بھی اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ مجموعی طور پر گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال کی گاڑیاں تیار کرنے والے ادارے معیارات میں بہتری پر توجہ مرکوز رکھے ہوئے ہیں۔اس تحقیق میں شامل 33 اداروں میں سے 21 اداروں کی گاڑیوں کے معیار میں قابل ذکر بہتری دیکھی گئی ہے۔
جے ڈی پاور کے امریکی نائب صدر جناب رینے اسٹیفنز نے اس بارے میں کہا ہے کہ ہماری تحقیق ثابت کرتی ہے کہ کار ساز ادارے اب اپنے صارفین کی خواہشات اور انہیں درپیش مسائل کو نہ صرف سن رہے ہیں بلکہ معیار میں بہتری کے لیے بھی کوششوں میں مصروف ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ٹویوٹا گاڑیوں کا “بیش قیمت برانڈ” قرار؛ بی ایم ڈبلیو کا دوسرے نمبر!
گزشتہ سالوں کے دوران گاڑیوں میں جدید خصوصیات شامل تو کرلی گئیں تاہم ان کا معیار کافی گھٹا ہوا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ کار ساز اداروں کی مجموعی ریٹنگ خاصی کم رہی تھی۔ سال 2016 میں یہ صورتحال جدید سافٹویئر کی آمد سے بہت بہتر ہوچکی ہے اور اب لوگ بھی گاڑیوں میں شامل کی جانے والی ٹیکنالوجی سے مانوس ہوچکے ہیں۔ اس کے علاوہ سال 2006 کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ جب کم قیمت گاڑیوں کے مقابلے میں پُرتعیش گاڑیوں میں زیادہ مسائل سامنے آئے ہیں۔
جے ڈی پاور کی تحقیق میں ہر ایک مسئلہ پر گاڑی کو ایک پوائنٹ دیا جاتا ہے جس کا مطلب یہ ہوا کہ جتنے کم پوائنٹس ہوں گے اتنی ہی اچھی گاڑی سمجھی جائے گی۔ تازہ تحقیق کے دوران ہر 100 گاڑیوں میں اوسطاً 105 مسائل کی نشاندہی کی گئی ہے جو گزشتہ سال سے کم ہے۔ علاوہ ازیں جے ڈی پاور کی تحقیق سے یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ گاڑیوں میں پرانے ماڈل کے مقابلے میں نئے ماڈل میں بہت کم مسائل موجود ہیں۔
تازہ ترین درجہ بندی میں کِیا موٹرز کے علاوہ جاپانی کار ساز ادارہ ٹویوٹا 93 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے جبکہ ہونڈا 119 پوائنٹس کے ساتھ 23ویں درجے پر ہے۔ اس تحقیق سے تیار کی جانے والی مکمل درجہ بندی ذیل میں موجود ہے:
درجہ | کار ساز ادارہ | پوائنٹس |
---|---|---|
1 | کِیا موٹرز | 83 |
2 | پورشے | 84 |
3 | ہیونڈائی | 92 |
4 | ٹویوٹا | 93 |
5 | بی ایم ڈبلیو | 94 |
6 | شیورلیٹ | 95 |
7 | بیوک | 96 |
7 | لیکسز | 96 |
7 | لنکولن | 96 |
8 | نسان | 101 |
9 | فورڈ | 102 |
10 | جی ایم سی | 103 |
11 | انفینیٹی | 103 |
12 | ووکس ویگن | 104 |
13 | آوڈی | 110 |
14 | مرسڈیز-بینز | 111 |
15 | کیڈلاک | 112 |
16 | جیپ | 113 |
17 | رام | 114 |
18 | کرائسلر | 115 |
19 | مٹسوبشی | 116 |
20 | ڈاج | 117 |
21 | سوبارو | 118 |
22 | ہونڈا | 119 |
23 | اکیورا | 122 |
24 | سائیون | 123 |
25 | جیگوار | 127 |
25 | مزدا | 127 |
26 | لینڈ روور | 132 |
27 | ولوو | 152 |
28 | فیات | 174 |
29 | اسمارٹ | 216 |