فارمولا وَن کے ستارے میکس ورستاپین برف پر RB7 دوڑاتے ہوئے
بعض لوگوں کے خیال میں فارمولا ون کافی پیچیدہ اور مہنگا مقابلہ ہے۔ شاید یہ بات درست بھی ہے لیکن مجھے ذاتی طور پر یہ شروع ہی سے پسند ہے اور آج بھی میں اسے بہت شوق و ذوق سے دیکھتا ہوں۔فارمولا وَن 2015 سیزن نے ہمیں ایک نوجوان اور باصلاحیت F1 ڈرائیور سے متعارف کروایا جس کا نام میکس ورستاپین ہے۔ ورسپتن نے پچھلے سال ریڈ بل کی ساتھی ٹیم سکودریا تورو روسو کے لیے گاڑی چلائی تھی اور پورے ہی سیزن میں انتہائی مضحکہ خیز اور خطرناک کرتب دکھائے۔ گو کہ ان سے اکا دکا غلطیاں بھی سرزد ہوئیں لیکن مجموعی طور پر ان کی کارکردگی نے سب کو اپنے سحرمیں جکڑے رکھا۔ یہی وجہ ہے کہ فارمولا وَن کے ماہرین انہیں مستقبل کا ورلڈ ڈرائیور چیمپئن قرار دے رہے ہیں۔ اور اس میں واقعی کوئی دو رائے نہیں کہ میکس ایک یا دوسال میں ہی کویات یا ریچیاردو کی جگہ لے لیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: فارمولا ون ریسنگ میں استعمال ہونے والے مختلف ٹائرز
ریڈبل خود کو منفرد سوچ کا مالک منواتا رہا ہے۔ ماضی میں انہوں نے کئی ایک کارنامے ایسے انجام دیئے کہ جنہیں دیکھ کر دنیا دنگ رہ گئی۔ اس بار بھی انہوں نے پھر اپنی روایت دہراتے ہوئے مشہور RB7 ( 2011 کی چیمپئن) کو اپنے ابھرتے ہوئے ستارے میکس کے حوالے کیا اور اس انتہائی وزنی گاڑی میں نرم ٹائر لگا کر كتسبويل، آسٹریا کے برفانی علاقے میں چھوڑ دیا۔ اور حسب توقع میکس نے ایسے کرتب دکھائے جسے دیکھ کر ہر ایک حیران رہ جائے۔ ذیل میں موجود ویڈیوز دیکھ کر آپ بھی لطف اندوز ہوسکتے ہیں: