اہلیان پنجاب کے لیے خوشخبری ہے کہ وہ فروری کے پہلے ہفتے سے اپنی گاڑیوں پر من پسند نمبروں والی فینسی پلیٹیں نصب کر سکیں گے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب فروری سے شہریوں کو اپنی گاڑیوں پر فینسی نمبر پلیٹیں نصب کرنے کی اجازت دے گا جس کے بعد لوگ اپنی پسند کے نمبر اور منفرد پلیٹس گاڑیوں پر لگا سکیں گے۔ اس کے علاوہ پنجاب کے شہری اپنے یا من پسند شخصیت کے نام اور تصویر کی حامل نمبر پلیٹ بھی گاڑی پر لگا سکیں گے۔
اس سلسلے میں لوگوں کی سہولت کے لیے متعلقہ حکام نے ایک ویب سائیٹ اور موبائل ایلیکیشن بھی بنائی ہے جو جلد کام شروع کر دے گی۔ اس کےعلاوہ محکمہ ایکسائز نے لاہور میں چھ دفاتر قائم کر دیے ہیں۔ اب کوئی بھی فرد اپنے قریب ترین ایکسائز آفس سے براہ راست نمبر پلیٹ خرید سکے گا۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ آپ صرف ان متعلقہ چھ دفاتروں سے پلیٹیں خرید سکتے ہیں جن کو یہ اختیار تفویض کیا گیا ہے۔ ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے)، والٹن روڈ اور بند روڈ وغیرہ جیسے علاقوں میں دفاتر بنائے گئے ہیں۔ محکمہ ایکسائز نے لاہور کے علاوہ ملتان اور فیصل آباد سمیت دیگر آٹھ اضلاع میں بھی دفاتر کھولے ہیں تاکہ لوگوں کو مطلوبہ نمبر پلیٹس کے حصول کی سہولت فراہم کی جا سکے۔
محکمہ ایکسائز پنجاب کے ترجمان نے ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے مجموعی طور پر چار زمرے بنائے ہیں جن کے تحت نمبر پلیٹس جاری کی جائیں گی۔ پہلے دو زمرے گولڈن اور پلاٹینیم ہیں۔ ان زمروں میں صرف ملٹی نیشنل کمپنیز کو ہی فینسی پلیٹس جاری کی جائیں گی۔ دیگر دو زمرے سلور اور کانسی پر مشتمل ہیں جو اہلیان لاہور کے لیے مختص ہوں گے۔
تمام نمبر پلیٹ کو محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی متعین کردہ پیمائش اور ڈیزائن کے مطابق ہی بنایا جائے گا۔ گاڑیوں کے لیے نئی نمبر پلیٹ 520×114 ملی میٹر جبکہ موٹر سائیکل کے لیے 372×133 ملی میٹر پیمائش رکھی گئی ہے۔ یاد رہے کہ پنجاب میں فراہم کی جانے والی عام نمبر پلیٹس کا سائز 302×152 ملی میٹر ہوتا ہے۔ فی الوقت موٹر سائیکل کے آگے اور پیچھے مختلف سائز والی پلیٹس لگائی جاتی ہیں۔
فینسی نمبر پلیٹس امریکہ اور برطانیہ جیسے ممالک میں بہت عام ہیں۔ ان ممالک کی حکومتیں اضافی پیسہ کمانے کے لیے اپنے شہریوں کو فینسی نمبر پلیٹیں فروخت کرتی ہیں۔ اس لئے یہ کہنا درست ہو گا کہ پنجاب حکومت بھی اسی سوچ کے ساتھ یہ منفرد سہولت پیش کر رہی ہے۔