سلطان محمد خان، جو سلطان گولڈن کے نام سے مشہور تھے، نے ایک اور ریکارڈتوڑ دیا ہے۔ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سلطان گولڈن پاکستان کے لیجنڈری ہیرو ہیں۔
موٹر کار اور موٹر سائیکل پر کرتب دکھانے والے اور جمپنگ کے ماہر نے “ریورس ڈرائیونگ” کا ریکارڈ توڑنے کا دعویٰ کیا ہے جو اس سے پہلے 58.48 کلومیٹرز کے ساتھ ایک امریکی ڈرائیور کے پاس تھا۔ یہ ریکارڈ خوبصورت وادئ سوات میں سیدو شریف میں ہونے والے ایک پریکٹس سیشن میں بنایا گیا جہاں وہ آئندہ چترال شندور پولو ٹورنامنٹ کی تیاریوں کے سلسلے میں موجود ہیں۔
1984ء میں سلطان گولڈن نے تب شہرت حاصل کی جب انہوں نے 15 کاروں کے اوپر سے چھلانگ لگائی اور تین جلتی ہوئی لکڑی کی دیواروں میں سے گاڑی ڈرائیو کی۔ ان کی شہرت مزید بڑھ گئی جب انہوں نے اسی سال یومِ پاکستان پر مینارِ پاکستان پر ایک 60 فٹ طویل جلتی ہوئی سرنگ میں گاڑی چلائی۔
1987ء میں سلطان گولڈن کی شہرت بین الاقوامی سطح پر پھیل گئی، جب انہوں نے اپنی موٹر سائیکل کی مدد سے 22 گاڑیوں کے اوپر سے 249 فٹ طویل چھلانگ لگائی جس نے گزشتہ عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔ اس کرتب کی بدولت وہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں آ گئے۔
سلطان گولڈن عالمی شہرت یافتہ شندور پولو ٹورنامنٹ کے دوران تین مزید ریکارڈز قائم کرنا چاہتے ہیں۔ پہلا ہدف ریورس میں موٹر کار چلانے کے طویل ترین فاصلے کا ریکارڈ ہے جو 13 گھنٹے اور 48 منٹ میں 800 کلومیٹرز ہے۔ اسے 1994ء میں امریکا کے جان اسمتھ نے قائم کیا تھا، جنہوں نے 13 گھنٹے 48 منٹ تک ریورس میں گاڑی چلا کر 806 کلومیٹرز کا فاصلہ طے کیا تھا۔
7سے 9 جولائی تک ہونے والے شندور پولو فیسٹیول کے دوران مزید ریکارڈز توڑنے کی تیاریاں بھی جاری ہیں۔ دنیا بھر سے لوگ سلطان گولڈن کو تاریخ رقم کرتے دیکھنے کے لیےے آئیں گے جو ریکارڈ توڑ کار جمپنگ کرتب دکھائیں گے۔
تصویر: سوات نیوز