پاکستان میں دستیاب گاڑیوں کی بہت سے بیٹریز پر مختلف عنوانات مثلاً CNG، UPS اور ہائبرڈ وغیرہ لکھا ہوتا ہے۔ اکثر لوگ بیٹری خریدتے ہوئے اس بارے میں کافی الجھن کا شکار نظر آتے ہیں اور اس غلط فہمی کا شکار ہوجاتے ہیں کہ یہ بیٹریز صرف مخصوص طرز کی گاڑیوں میں استعمال کی جاسکتی ہیں۔ بیٹری کے اہم ترین اجزا میں پلیٹس، سیلز (cells) اور تیزاب شامل ہیں۔ گاڑیوں کی بیٹری مختلف قابلیت کے ساتھ پیش کی جاتی ہیں جنہیں عام طور پر ايمپيئرز (amperes) میں ناپا جاتا ہے۔ اور یہی وہ چیز ہے کہ جسے بیٹری خریدتے ہوئے مدنظر رکھنا چاہیے۔ بیٹری پر درج ایمپئیرز بتاتے ہیں کہ مکمل چارجنگ کے بعد یہ بیٹری کتنے گھنٹوں تک کتنے ایمپئیرز فراہم کرنے کی سکت رکھتی ہے۔ مثلاً اگر آپ 45 ایمپئیر –گھنٹے والی بیٹری خریدتے ہیں تو یہ بیٹری 1 ایمپئیر 45 گھنٹے تک یا 2 ایمپئیر ساڑھے 22 گھنٹے تک اور اسی شرح سے فراہم کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: کمزور بیٹری والی گاڑیوں کو اسٹارٹ کرنے کے طریقے
آپ نے دیکھا ہوگا کہ AGS اور ایکسائیڈ جیسے اداروں کی بیٹری پر بھی CNG، ہائبرڈ یا پھر UPS جیسے عنوانات لکھے ہوئے ہوتے ہیں۔ مثال کے لیے اوپر موجود تصویر ملاحظہ کیجیے کہ جس میں سبز پٹی کے اندر CNG 60 لکھا ہوا ہے۔ پہلی نظر میں ایک عام صارف یہی سمجھے گا کہ یہ بیٹری صرف CNG گاڑیوں کے لیے بنائی گئی ہے۔ اسی طرح جن بیٹریز پر UPS لکھا ہوا ہوتا ہے تو لوگ انہیں خاص UPS ہی کے ساتھ استعمال کرنے کے قابل سمجھتے ہیں۔جبکہ حقیقت میں ان عنوانات کی کوئی تکنیکی اہمیت نہیں ہے۔ یہ طریقہ کار محض لوگوں کی توجہ حاصل کرنے یا دوسرے لفظوں میں تشہیری نکتہ نظر سے استعمال کیا جا رہا ہے۔
ان عنوانات پر توجہ دینے کے بجائے بیٹری خریدتے ہوئے ہمیشہ اس پر درج ایمپئیرز، والٹ اور پلیٹس کی تعداد پر غور کریں۔ کرینکنگ ایمپیئر (CA)، کولڈ کرینکنگ ایمپیئر (CCA) اور ہاٹ کرینکنگ ایمپیئر (HCA) بھی وہ اہم عوامل ہیں کہ جنہیں بیٹری خریدنے سے قبل سمجھ لینا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: گاڑی کی بیٹری سے متعلق 4 اہم ترین تجاویز
بیٹری پر درج ریٹنگ 30 سیکنڈ میں 1.2 والٹ فی سیل کے مطابق مخصوص درجہ حرارت میں بجلی فراہم کرنے صلاحیت کو مدنظر رکھتے ہوئے بیان کی جاتی ہے۔ صفر ڈگری سینٹی گریڈ پر برق فراہم کرنے کی صلاحیت کو کریکنگ ایمپئیر (CA) کہا جاتا ہے۔منفی 18 ڈگری سینٹی گریڈ پر بجلی فراہم کرنے کی صلاحیت کو کولڈ کرینگ ایمپیئرز (CAA) جبکہ 26.7 ڈگری سینٹی گرینڈ پر برق فراہم کی اہلیت کو ہاٹ کرینکنگ ایمپیئر (HCA) کے طور پر بیان کیا جاتا ہے۔