کوریائی گاڑی سانگ یانگ تیوُولی کی پاکستان میں جانچ شروع
پاک ویلز بلاگ کے مستقل قارئین کو بخوبی یاد ہوگا کہ اب سے تقریباً ایک ماہ قبل ہم نے دیوان فاروق موٹرز کی جانب سے گاڑیوں کے شعبے میں واپسی سے متعلق خبر دی تھی۔ اس وقت بہت کم لوگ یہ بات جانتے تھے کہ طویل عرصے پہلے گاڑیوں کی تیاری بند کردینے والا ادارہ ایک بار پھر اپنے کارخانوں کو دوبارہ کھولنے کی تیاری کر رہا ہے۔ مذکورہ خبر کے ساتھ ہم نے قارئین کو یہ بھی بتایا تھا کہ دیوان فاروق موٹرز نے سرمایہ کاری بورڈ (BOI) اور انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ (EDB) کے عہدیداران سے ملاقات میں دیھان، سانگ یانگ اور کِیا موٹرز کی گاڑیاں پاکستان میں تیار اور فروخت کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
مزید پڑھیں: دیوان فاروق موٹرز واپسی کے لیے کوشاں؛ جلد آمد کے امکانات روشن!
اب تقریباً 40 سے زائد روز گزرجانے کے بعد ہمیں اس خبر کی عملی تعبیر بھی نظر آنا شروع ہوچکی ہے۔ پاک ویلز کمیونٹی کے ایک رکن نے کراچی میں جنوبی کوریا سے تعلق رکھنے والے کار ساز ادارے سانگ یانگ موٹر کمپنی کی ایک گاڑی کی نشاندہی کی ہے جس پر شناخت چھپانے کے لیے مختلف پٹیوں کا سہارا لیا گیا ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سانگ یانگ کی یہ گاڑی دراصل آزمائشی سفر کر رہی ہے جو عموماً گاڑیوں کی پیشکش سے قبل کی جانے والی جانچ کا اہم ترین حصہ ہوتا ہے۔

تصویر میں نظر آنے والی گاڑی سانگ یانگ تیوُولی ہے۔ گزشتہ سال 2015 میں پیش کی جانے والی اس چھوٹی کراس اوور کو سانگ یانگ کی جدید ترین گاڑیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ گو کہ یہ گاڑی سانگ یانگ کے جنوبی کوریا میں موجود کارخانے ہی میں تیار کی جاتی رہی ہے تاہم دیوان فاروق موٹرز کی سنجیدگی اور پنچ سالہ آٹو پالیسی میں حاصل مراعات دیکھتے ہوئے سانگ یانگ تیوُولی کی پاکستانی کارخانوں میں تیاری کے امکانات کو رد نہیں کیا جاسکتا۔ دیگر ممالک میں دستیاب تیوُولی 1600cc پیٹرول یا ڈیزل انجن کے ساتھ پیش کی جاتی ہے جس کے ساتھ 6-اسپیڈ مینوئل یا 6-اسپیڈ AISIN آٹو میٹک ٹرانسمیشن منسلک کیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نسان ڈاٹسن گو اور گو+ کی پاکستان میں خفیہ جانچ؛ تصاویر منظر عام پر آگئیں
اس سے قبل سانگ یانگ کی گاڑیاں گندھارا انڈسٹریز لمیٹڈ کے توسط سے پاکستان میں پیش کی جاتی رہی ہیں تاہم ریکسٹون اور اسٹیوک جیسی گاڑیاں کوئی متاثر کن کامیابی حاصل نہیں کرسکیں۔ ماضی میں سانگ یانگ کی ناکامی کو دیکھتے ہوئے ذہن میں سوال اٹھتا ہے کہ کیا یہی ادارہ ایک نئے شراکت دار کے ساتھ کوئی قابل ذکر کارنامہ انجام دے سکے گا؟ اس کا جواب تو صرف آنے والا وقت ہی دے سکتا ہے۔
اگر دیوان فاروق موٹرز سانگ یانگ تیوولی کو لگ بھگ 20 لاکھ روپے میں پیش کر دے تو پھر یہ گاڑی مارکیٹ میں دستیاب دیگر گاڑیوں کو سخت ٹکر دے سکتی ہے۔ آپ اس بارے میں کیا رائے رکھتے ہیں؟ اپنی رائے کا اظہار بذریعہ تبصرہ ضرور کریں۔