سوزوکی ویتارا: ہیچ بیک اور SUVs کی خصوصیات کا بہترین امتزاج!

1 210

تیز رفتار زندگی اور جدت پسندی کے اس دور میں لوگ اپنی سفری ضروریات پورا کرنے کے لیے کم قیمت میں زیادہ سے زیادہ سہولیات چاہتے ہیں۔ چونکہ ضرورت ایجاد کی ماں ہے لہٰذا اس ضرورت کو پورا کرنے کے لیے بھی ایک بہترین ایجاد کا خیال سامنے آیا جس سے کم قیمت، موثر اور محفوظ گاڑیاں تیار کی جاسکیں۔ اب اگر کوئی اب سے چند دہائیوں پہلے دستیاب گاڑیوں کا جائزہ لے تو اس وقت کی بہترین انتخاب سیڈان گاڑی ہوگی۔ لیکن اب پہلے سے بہتر ہوتی دنیا کو ایسی چیز چاہیے جو ایک نہیں بلکہ کئی مواقعوں پر ان کے کام آسکے۔ اور پھر دوسرے سے ممتاز نظر آنے کی خواہش نے SUV کی طرف راغب کیا۔

suzuki4

کراس اُووَرز کی آمد کیسے ہوئی؟
جدید دور کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے کراس اُووَر کا خیال پیش کیا گیا۔ دنیا بھر کے کار ساز اداروں نے اس خیال کو بہتر جانا اور پھر چھوٹی گاڑیوں یعنی ہیچ بیک اور بڑی SUVs کی خصوصیات کو یکجا کر کے کراس اوور کی تیاری عمل میں لائی گئی۔ اور آج دنیا بھر میں ان کراس اوورز کی فروخت میں زبردست تیزی دیکھی جارہی ہے۔

گاڑیاں تیار کرنے والے جاپانی ادارے سوزوکی کو دنیا بھر میں چھوٹی گاڑیوں کا بے تاج بادشاہ تسلیم کیا جاتا ہے۔ لیکن یہ کار ساز ادارہ بڑی گاڑیوں بشمول 4×4 طرز کی گاڑیاں بھی پیش کرتا رہا ہے۔ اس کی مثال آج سے 28 سال پہلے یعنی 1988 میں پیش کی جانے والی پہلی سوزوکی ویتارا سے حاصل کی جاسکتی ہے۔ سخت حریفوں کی موجودگی کے باوجود سوزوکی ویتارا کی پہلی، دوسری اور پھر تیسری جنریشن پیش کی جاتی رہی تاہم صارفین کی عدم دلچسپی کو دیکھتے ہوئے سال 2005 میں اسے بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ مارکیٹ کے تجزیہ کاروں کی جانب سے خریداروں کے رجحان میں تبدیلی اور کثیرالمقاصد گاڑیوں کی پسندیدگی کو مدنظر رکھتے ہوئے سوزوکی ویتارا کی چوتھی جنریشن پیرس موٹر شو 2014 میں متعارف کروا دی گئی۔ جس کے بعد SUV طرز کی خصوصیات اور جدید سہولیات نے سوزوکی ویتارا کو جلد ہی شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔

ذیل میں سوزوکی ویتارا کو سال 2015 اور 2016 کے دوران دیئے گئے اعزازات کی فہرست سے بھی اس کی مقبولیت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے:
– WhatCar کی جانب سے سال 2016 کی بہترین گاڑی (بہترین چھوٹی SUV)
– Tow کار ایوارڈز کی جانب سے سب سے کم وزن والی بہترین Tow گاڑی
– آنسٹ جان ایوارڈز میں سال کی بہترین اور مقبول ترین کراس اوور
– سنڈے ٹائمز کی جانب سے بہترین چھوٹی کراس اوور
– ڈرائیور کی جانب سے شہر میں استعمال کے لیے بہترین SUV
– نیوزی لینڈ میں سال کی بہترین گاڑیوں میں سے ایک
– AA مانیٹرنگ میں عوام کی منتخب کردہ بہترین گاڑیوں میں سے ایک

پاکستان میں متعارف کروائی گئی سوزوکی ویتارا کے بارے میں!

پاک سوزوکی نے یہاں سوزوکی ویتارا کے درج ذیل ماڈل متعارف کروائے ہیں:
GL+ – قیمت: 34,90,000 روپے
GLX – قیمت: 37,99,000روپے

15585414_10153941629376784_5144505746351839158_o

پاکستان میں پیش کی جانے والی سوزوکی ویتارا میں 1600cc نیچرلی ایسپریٹڈ انجن شامل ہے جو 6600 آر پی ایم پر 118 بریک ہارس پاور فراہم کرسکتا ہے۔ ہوسکتا ہے کچھ لوگوں کے لیے یہ معمولی رفتار ہو لیکن گاڑی کے مجموعی وزن کو مدنظر رکھا جائے تو یہ خاصی مناسب پاور ہے۔ یہاں آپ کو دلچسپ بات بتاتے چلیں کہ 1185 کلو گرام وزنی سوزوکی ویتارا کو دنیا کی سب سے کم وزنی SUV ہونے کا بھی اعزاز حاصل ہے۔یہی وجہ ہے کہ بظاہر کم قوت والے انجن کے باوجود ویتارا کا قوت اور وزن کا تناسب 104 بی ایچ پی فی ٹن ہے۔

سوزوکی ویتارا کی منفرد خصوصیات
نئی متعارف کردہ ویتارا میں ملٹی فنکشن اسٹیئرنگ ویل شامل ہے جو کروز اور آڈیو کنٹرول کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ اس کے علاوہ 6-اسپیڈ آٹو میٹک گیئر کے علاوہ مینوئل موڈ بھی دیا گیا ہے جو اسٹیئرنگ ویل کے پیچھے نصب پیڈل شفٹرز کی مدد سے مینوئل گیئر استعمال کرنے کا لطف اٹھاسکتے ہیں۔ انفارمیشن کلسٹر پر اکانومی، مائلیج اور دیگر اہم حفاظتی اطلاعات بھی دکھائی جاتی ہیں۔ سینٹر کنسول میں کلائمٹ کنٹرول بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ ویتارا میں ڈرائیور کی سہولت کے لیے پروگرام ایبل ہیڈلیمپس اور وائپرز بھی دیئے گئے ہیں۔

ویتارا میں منفرد انفوٹینمنٹ فریم ورک بھی شامل کیا گیا ہے۔ جسے اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم کی حامل 10.1 انچ ٹچ اسکرین کی مدد سے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اس LCD کو بلوٹوتھ کے ذریعے اپنے موبائل فون سے بھی منسلک کیا جاسکتا ہے۔

ویتارا کا بنیادی ڈھانچہ انتہائی اعلی معیار کے لچکدار اسٹیل سے تیار کیا گیا ہے۔ اس کی تیاری میں بہت مہارت استعمال کی گئی ہے تاکہ اضافی وزن کا بوجھ اٹھانے کے ساتھ مسافروں کی حفاظت بھی یقینی بنائی جاسکے۔ علاوہ ازیں سوزوکی ویتارا میں جدید سیٹ بیلٹس کے ساتھ ساتھ 7-ایس آر ایس ائیربیگز بھی شامل کیے گئے ہیں جس کا مقصد ہر قسم کی ہنگامی حالات اور حادثے کی صورت میں مسافروں کو محفوظ رکھنا ہے۔اس کے علاوہ ABS کے ساتھ EBD کی شمولیت نے گاڑی کے بریکس کو مزید موثر بنادیا ہے۔

سوزوکی ویتارا کی بہترین اور قابل بھروسہ حفاظتی سہولیات کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ یورو-NCAP اور ANCAP دونوں ہی کی جانب سے جانچ کرنے کے بعد اس 5، 5 اسٹار ریٹنگ دی گئی ہے۔

سوزوکی ویتارا میں اونچائی پر چڑھنے اور ڈھلوان پر سفر کرنے کے لیے بھی خصوصی موڈز ‘ہل روڈ’ اور ‘سلوپ پلمٹ’ شامل کی گئی ہیں۔ اسی طرح Bi-LED ہیڈلائٹس سفر کے دوران روشنی تیز اور ہلکی کرنے میں ڈرائیور کو تعاون فراہم کرتی ہیں۔ سوزوکی ویتارا کے سب سے قابل ذکر پہلوؤں میں 4WD قابلیت بھی شامل ہے۔ “آل گرپ” کے نام سے پیش کی جانی والی یہ خاصیت ڈرائیور کو ہر قسم کی سفری صورتحال میں گاڑی پر گرفت رکھنے میں خاصی مددگار ثابت ہوتی ہے۔ گاڑی میں شامل کمپیوٹر سڑک کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ازخود 2WD اور 4WD کو فعال اور غیر فعال کرنے کی بھی قابلیت رکھتا ہے۔اس کے علاوہ ویتارا میں اسپورٹس موڈ اور سنو موڈ بھی شامل ہے۔ اسپورٹس موڈ گاڑی کو تیز رفتاری سے دوڑانے جبکہ سنو موڈ پھسلنے والی جگہوں پر باحفاظت سفر کی سہولت فراہم کرتا ہے۔

15591207_10153941607166784_6520552848420030298_o

حتمی رائے
اگر پاکستان میں دستیاب دیگر کراس اوورز گاڑیوں کا موازنہ سوزوکی ویتارا سے کیا جائے تو بلاشبہ یہ اپنی منفرد خصوصیات اور قیمت کے اعتبار سے کہیں آگے نظر آتی ہے۔ دیگر حریفوں کے برعکس سوزوکی ویتارا میں مسافروں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے بہترین ساز و سامان اور حفاظتی سہولیات شامل کی گئی ہیں۔ اس گاڑی کو دیکھ کر کہا جاسکتا ہے کہ پاک سوزوکی نے اس گاڑی کی تیاری پر بہت زیادہ محنت صرف کی ہے۔ بہرحال، ابھی اس گاڑی کو پاکستانی سڑکوں پر رواں دواں ہونے میں کچھ وقت لگے گا اور اس کے بعد ہی اس کی کارکردگی اور عوام کی رائے سے متعلق حقائق سامنے آسکیں گے۔ پھر فیصلہ ہوگا کہ آیا سوزوکی ویتارا واقعی بازی پلٹنے کے قابل ہے یا نہیں!

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.