دورانِ سفر ” تین سیکنڈ کا قاعدہ ” بڑے حادثات سے محفوظ رکھ سکتا ہے
عام شاہراہوں پر سفر کے دوران گاڑیوں کے درمیان مناسب فاصلہ نہ ہونا متعدد حادثات کی وجہ بنتا ہے۔ ہمارے یہاں اکثر لوگ اپنی گاڑی کو آگے والی گاڑی سے بالکل ملا کر چلانے کی کوشش کرتے ہیں۔ موٹر سائیکل سوار بھی اسی کوشش میں نظر آتے ہیں کہ وہ کسی SUV یا دوسری بڑی گاڑی کے پیچھے جائیں تاکہ برق رفتاری سے موٹر سائیکل دوڑانے میں آسانی ہو۔ خصوصاً موسم سرما میں دیکھا گیا ہے کہ موٹر سائیکل چلانے والے خود کو یخ بستہ ہواؤں سے محفوظ رکھنے کے لیے کسی بڑے ٹرک یا SUV کے اوٹ میں سفر کرنا پسند کرتے ہیں جو انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: گاڑیاں جلانے اور عوامی املاک کو نقصان پہنچانے کا افسوس ناک رجحان
اس سے بھی زیادہ افسوس اس وقت ہوتا ہے کہ جب کوئی سمجھ دار ڈرائیور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھتے ہوئے سفر کر رہ ہو تو دیگر لوگ اسے سست قرار دے کر اس سے آگے نکل جانے کی کوشش کرتے ہیں۔ یوں نہ صرف ایک باشعور شخص کی سمجھداری کا مذاق بنتا ہے بلکہ ٹریفک میں گاڑیوں کی ترتیب بھی خراب ہوجاتی ہے۔ اپنی گاڑی یا موٹر سائیکل کو اگلی گاڑی سے بالکل ملا کر چلانا بڑے حادثات کا موجب بن سکتا۔ اگلی گاڑی کے اچانک رک جانے یا کسی شے سے ٹکرا جانے کی صورت میں پیچھے آنے والی گاڑی یا موٹر سائیکل بھی حادثے کا شکار ہوسکتی ہے۔
ذیل میں دی گئی ویڈیو کے ذریعے آپ گاڑی کے درمیان فاصلہ رکھنے کا اصول سمجھ سکتے ہیں۔ اس ویڈیو میں بتایا گیا کہ ہے کہ دورانِ سفر آپ کو گاڑی سے کم از کم 3 سیکنڈ کا فاصلہ رکھنا چاہیے تاکہ اگلی گاڑی کے اچانک رک جانے پر آپ اپنی گاڑی کو روکنے اور خود کو محفوظ رکھ سکیں۔ 3 سیکنڈ کا قاعدہ عام حالات کے لیے ہے جبکہ برسات کے موسم یا بڑی گاڑی چلاتے ہوئے اس میں اضافہ کیا جانا چاہیے۔ مثال کے طور پر اگر آپ ٹرک چلاتے ہوئے ایسی سڑک سے گزر رہے ہیں جو پانی سے تربتر ہے تو پھر اگلی گاڑی سے فاصلہ 3 سیکنڈ سے دوگنا ہونا چاہیے۔ اس اصول پر عمل کر کے نہ صرف آپ بلکہ گاڑی میں سوار دیگر افراد بھی جانی و مالی نقصان سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔