ٹویوٹا IMC مقامی مارکیٹ میں آنے والے نئے اداروں کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔
رواں سال کے اوائل میں ٹویوٹا نے آٹوانڈسٹری کو حیران کردیا جب ادارے نے اپنی ڈیزل ریوو اور فورچیونر مع 1GD-FTV (ہائی) 2.8 لیٹر ڈیزل انجن متعارف کروائی – ٹویوٹا کا یہ جدید انجن ورژن اپنی گاڑیوں کی فہرست کو متنوع بنانے اور مارکیٹ میں زیادہ حصہ حاصل کرنے کے لیے پیش کیا گیا ہے۔ ٹویوٹا نے نئے آٹومیکرز کی آمد کے خطرے کو بھانپ لیا ہے اور پہلے ہی مقامی صارفین کے لیے زیادہ آپشنز پیش کرنا شروع کرچکا ہے۔
مزید برآں، چند دن پہلے ادارے نے 4-اسپیڈ آٹو ٹرانسیمشن کے ساتھ XLi جاری کی اور جلد ہی مقامی مارکیٹ میں کومپیکٹ SUV ٹویوٹا رش متعارف کروائے گا۔
آنے والے آٹومیکرز مقامی صنعت کے SUV، MPV اور لائٹ-ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے شعبوں کو ہدف بنائیں گے اور ٹویوٹا ان شعبوں میں مقابلہ کرنے کے لیے پہلے ہی گاڑیاں متعارف کروا رہا ہے۔ کِیا گرینڈ کارنیول لانچ کر چکا ہے جبکہ ریگل موٹرز نے DFSK گلوری 580 متعارف کروائی اور رینو (رینالٹ) اپنی SUV رینو ڈسٹر پیش کرے گا، اس لیے موجودہ اور آنے والے آٹومیکرز کے درمیان مقابلہ دیکھنا بہت زبردست ہوگا۔
آٹومیکرز ہیچ بیک شعبے کو بھی ہدف بنا رہے ہیں جیسا کہ یونائیٹڈ آٹوز اپنی ‘براوو’ نامی 800cc ہیچ بیک لا رہا ہے جبکہ نسان بھی جلد ہی پاکستان میں ڈاٹسن گو ہیچ بیک لائے گا۔ نسان موٹر کمپنی لمیٹڈ گندھارا نسان لمیٹڈ جیسے آٹوموٹو شراکت دار کے ساتھ مینوفیکچرنگ اور لائسنسنگ معاہدے کے ذریعے پاکستانی مارکیٹ میں داخل ہو چکا ہے۔ اسس لیے یہ ٹویوٹا IMC کےلیے اہم وقت ہے کہ وہ ملک میں اپنی ہیچ بیک کاریں لائیں اور ملک کے سب سے بڑے شعبے، یعنی بجٹ سیکٹر، پر گرفت مضبوط کرے۔
اس سے پہلے ٹویوٹا IMC پاکستان میں اپنے صارفین کے لیے ایک کومپیکٹ ہیچ بیک ڈائیہاٹسو کورے متعارف کروا چکا ہے لیکن 2012ء میں اس کا خاتمہ کردیا گیا تھا اور اس کے بعد سے اب تک کوئی ہیچ متعارف نہیں کروائی گئی۔
یہ بہتر ہوگا کہ ٹویوٹا زیادہ صارفین کی توجہ حاصل کرنے کے لیے پاکستان میں ڈائیہاٹسو کاریں متمعارف کروائے کیونکہ ادارہ ڈائیہاٹسو برانڈ کی ملکیت رکھتا ہے اور موو، میرا، ٹینٹو، بون وغیرہ جیسسی کئی ہیچ بیکس رکھتا ہے جو پہلے ہی پاکستان میں معروف بھی ہیں اور لوگ بڑی مقدار میں ان کو درآمد کر رہے ہیں۔
ٹویوٹا انڈس موٹر کمپنی کے منصوبوں کے بارے میں آپ کیا سوجتے ہیں، ہمیں تبصروں میں ضرور بتائیے۔