ٹی وی سیریز ‘بریکنگ بیڈ’ نے پونٹیاک آزٹیک کو مشہور کردیا
پونٹیاک آزٹیک نہ صرف مقبول ہو رہی ہے بلکہ اس کی مانگ میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ اس کے خالق پونٹیاک نے بھی اتنی زیادہ مشہوری کی امید نہ کی ہوگی۔ ایسا سوچنے کی بڑی وجہ گاڑی کا ڈیزائن ہے جس نے آزٹیک کو دنیا کی سب سے زیادہ بدصورت گاڑیوں کی صف میں شامل کیا ہوا ہے۔ اگر آپ انٹرنیٹ پر بدصورت گاڑیوں کے حوالے سے پڑھیں تو آزٹیک کا ذکر آپ کو بار بار ملے گا۔
بہرحال، ہماری توقعات کے برعکس آزٹیک کے مقبول ہونے کی بڑی وجہ مشہور ٹیلی ویژن سیریز ‘بریکنگ بیڈ’ میں اسے دکھایا جانا ہے۔ یہ گاڑی بریکنگ بیڈ کے نمایاں کردار والٹر وائٹ (جسے معروف اداکار برائن کرینسٹن نبھا رہے ہیں) کے زیر استعمال رہی ہے۔ گاڑیوں کی مشہور ویب سائٹ ایڈمونڈز نے بھی اس بات کو تسلیم کیا کہ پونٹیاک آزٹیک خریدنے والوں کی بڑی تعداد ٹی وی سیریز کے شائقین پر مشتمل ہے۔ایڈمونڈز سے منسلک گاڑیوں کے ماہر جیرمی اسیوڈو کہتے ہیں:
اس گاڑی کا شمار دور حاضر میں تیزی سے مقبول ہونے والی گاڑیوں میں کیا جا رہا ہے۔
آزٹیک مشہوری کی علامت بننے کے ساتھ کم قیمت بھی ہے۔ گزشتہ سال جون کے بعد جن گاڑیوں نے ہزار سے فروخت کا ہدف عبورکیا ان میں آزٹیک چھ نمبر پر آتی ہے۔ اس کے علاوہ گزشتہ پانچ سالوں میں چار بار سب سے زیادہ فروخت ہونے والی اولین 10 گاڑیوں میں بھی شامل رہی ہے۔