پاما نے مارچ 2021 میں 20,000 سے زيادہ گاڑیوں کی فروخت رپورٹ کر دی

0 2,578

یہ سال آٹوموٹو انڈسٹری کے لیے بڑا مہربان رہا ہے، جس کی کئی وجوہات ہیں۔ سخت لاک ڈاؤنز کے بعد معاشی سرگرمیوں کی بحالی، پاکستانی روپے کی بڑھتی ہوئی قدر، کئی نئی گاڑیوں کا لانچ ہونا وغیرہ۔ پاکستان آٹوموٹو مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن (PAMA) نے مارچ 2021 کے لیے اپنی کار سیلز رپورٹ جاری کی ہے۔ PAMA رپورٹ کے مطابق مارچ 2021 میں تمام گاڑیاں بنانے والے اداروں کی کی گاڑیوں کی فروخت میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔ تفصیلات یہ رہیں:

مارچ 2021 میں گاڑیوں کی سال بہ سال فروخت

‏PAMA رپورٹ کے مطابق پاکستانی آٹو انڈسٹری نے مارچ 2021 میں گاڑیوں کے کُل 20,813 یونٹس فروخت کیے۔ فروخت کے ان اعداد و شمار کا تقابل گزشتہ سال کے اسی مہینے (مارچ 2020) سے کیا جائے تو سال بہ سال میں گاڑیوں کی مجموعی فروخت میں 197.2 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

ہمیشہ کی طرح پاک سوزوکی موٹرز مارچ 2021 میں 10,161 گاڑیوں کی فروخت کے ساتھ سب سے آگے ہے۔ اس کا تقابل  مارچ 2020 سے کریں تو کمپنی نے سال بہ سال 208 فیصد کا اضافہ دیکھا ہے۔

ٹویوٹا انڈس موٹرز نے مارچ 2021 میں 6,695 گاڑیوں کی فروخت کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی ہے۔ مارچ 2020 میں ہونے والی فروخت کے مقابلے میں کمپنی نے 158 فیصد کا سال بہ سال اضافہ دیکھا ہے۔

ہونڈا اٹلس کے لیے مارچ 2021 ایک خوش آئند مہینہ رہا جس میں اس نے 3,153 گاڑیاں فروخت کی۔ مارچ 2020 کے مقابلے میں کمپنی نے 102 فیصد کا سال بہ سال اضافہ ملاحظہ کیا۔

ہیونڈائی نشاط نے مارچ 2021 میں 723 گاڑیاں فروخت کیں، اور ماہانہ (MoM) بنیادوں پر 11 فیصد کی نمو ظاہر کی ہے۔

مسافر گاڑیوں کی فروخت

ٹویوٹا یارِس مارچ 2021 میں 3,317 یونٹس کے ساتھ سب سے زیادہ فروخت ہونے والی گاڑی رہی۔ ٹویوٹا کرولا مارچ 2021 میں 2,126 یونٹس کی فروخت کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی۔ یہ مارچ 2020 میں بھی اتنی ہی تعداد میں فروخت ہوئی تھی یعنی اس میں نہ اضافہ ہوا ہے اور نہ کمی آئی ہے۔

ہونڈا نے سٹی اور سوِک کے 2,603 یونٹس فروخت کیے، مارچ 2020 میں فروخت ہونے والے 1,327 یونٹس سے 96 فیصد زیادہ۔ سوزوکی نے مارچ 2021 میں سوئفٹ کے 355 یونٹس بیچے۔ مارچ 2020 میں اس کے صرف 82 یونٹس بِکے تھے، یعنی یہ تعداد 333 فیصد بڑھی ہے۔ مارچ کے مہینے نے ایک اور نئی سیڈان ہیونڈائی ایلانٹرا کا خیر مقدم بھی کیا گیا، جس کے 46 یونٹس پہلے ہی فروخت ہو چکے ہیں۔

‏SUVs اور جیپیں:

‏SUVs اور جیپوں نے مارچ 2021 میں 1,671 یونٹس کی فروخت دیکھی جو مارچ 2020 میں صرف 395 تھی۔ دونوں میں تقابل 323 فیصد کا سال بہ سال کا اضافہ ظاہر کرتا ہے۔

‏SUVs میں ہیونڈائی ٹوسان 613 یونٹس کے ساتھ سب سے نمایاں رہی، ہونڈا BR-V 550 یونٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر آئی اور ٹویوٹا فورچیونر مارچ 2021 میں 508 یونٹس کے ساتھ آخری نمبر پر رہی۔

‏2/3 پہیوں والی گاڑیاں:

مارچ 2021 میں دو اور تین پہیوں والی گاڑیوں (موٹر سائیکل اور رکشوں) کی فروخت مجموعی طور پر 1,70,350 رہی، جن کے مارچ 2020 میں 1,00,413 یونٹس فروخت ہوئے تھے۔ یہ 70 فیصد کا اضافہ ظاہر کرتا ہے۔

گاڑیوں کی فروخت سال بہ سال مارچ 2020 مارچ 2021 فرق
مجموعی فروخت 7,003 20,813 197 فیصد
پاک سوزوکی 3,299 10,161 208 فیصد
ٹویوٹا انڈس موٹرز 2,595 6,695 158 فیصد
ہونڈا اٹلس 1,561 3,153 102 فیصد
ہیونڈائی نشاط   723  
جیپیں اور SUVs 395 1,671 323 فیصد
ٹرک اور بسیں 342 575 68 فیصد
ٹریکٹرز 2,925 5,531 89 فیصد
پک اپس 811 2,037 151 فیصد
‏2/3 ویلرز 100,413 170,350 70 فیصد

گاڑیوں کی فروخت ماہ بہ ماہ

گزشتہ سال مارچ میں کووِڈ-19 پاکستان پہنچا تھا۔ ہر کاروبار کو ملک گیر لاک ڈاؤن کی وجہ سے سخت نقصان کا سامنا کرنا پڑا، اور آٹو انڈسٹری بھی اس سے بچی ہوئی نہیں تھی۔ لیکن اس سال حالات ذرا مختلف ہیں۔ گو کہ ہم اب بھی وبا کا سامنا کر رہے ہیں، لیکن کسی نہ کسی طرح ہم اس کے ساتھ جینا سیکھ گئے ہیں۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں لوگ اب گھروں پر قید نہیں ہیں اور وہ ہر قسم کی گاڑیاں خرید رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ مارچ 2020 کے اعداد و شمار کے مقابلے میں تمام گاڑیوں کی ماہ بہ ماہ فروخت بھی بڑھی ہے۔

سوزوکی آلٹو 12 فیصد کی ماہ بہ ماہ اضافے کے ساتھ سب سے آگے ہے، جس کے بعد ٹویوٹا یارِس، ٹویوٹا کرولا اور ہونڈا سوِک اور سٹی ہیں بالترتیب 29 فیصد، 81 فیصد اور 19 فیصد کے ماہ بہ ماہ اضافے کے ساتھ۔ اسی طرح سوزوکی کلٹس کی ماہ بہ ماہ فروخت 10 فیصد بڑھی ہے، سوزوکی ویگن آر کے لیے یہ 55 فیصد اور سوئفٹ کے لیے 98 فیصد رہی۔

  فروری 2021 مارچ 2021 فرق
سوزوکی آلٹو 4,245 4,745 12 فیصد
ٹویوٹا یارِس 2,566 3,317 29 فیصد
ٹویوٹا کرولا 1,177 2,126 81 فیصد
ہونڈا سوِک/سٹی 2,192 2,603 19 فیصد
سوزوکی کلٹس 1,484 1,637 10 فیصد
سوزوکی ویگن آر 814 1,259 55 فیصد
سوزوکی سوئفٹ 179 355 98 فیصد
ہیونڈائی ایلانٹرا   46  
پک اپس 1,808 2,037 13 فیصد
‏2/3 ویلرز 154,409 170,350 10 فیصد
ٹرک اور بسیں 329 575 75 فیصد
جیپیں اور SUVs 1,058 1,671 58 فیصد
ٹریکٹرز 4,450 5,531 24 فیصد

 

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.