الیکٹرانک اور ہائیڈرالک پاور اسٹیئرنگ میں فرق

1 563

گاڑیوں کو پہلے سے زیادہ محفوظ، آرامدے اور بہترین کارکردگی کے قابل بنانے کے لیے انہیں نئی اور جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کیا جارہا ہے۔ ہر سال گاڑیاں تیار کرنے والے ادارے نت نئی خصوصیات اور سہولیات کی حامل گاڑیاں متعارف کروانے میں ایک دوسرے پر بازی لے جانے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہی خصوصیات میں سے ایک ایکٹرانک پاور اسٹیئرنگ بھی شامل ہے جسے روایتی گاڑیوں میں شامل ہائیڈرالک اسٹیئرنگ کے جدید متبادل کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔ اس مضمون میں ہم ہائیڈرالک اور الیکٹرانک اسٹیئرنگ کے درمیان فرق اور ان کے مثبت و منفی پہلو بیان کر رہے ہیں۔

ہائیڈرالک پاور اسٹیئرنگ (HPS)

پرانے وقتوں سے چلے آرہے ہائیڈرالک پاور اسٹیئرنگ میں آبی پسٹن اسٹیئرنگ گیئر سے منسلک ہوتے ہیں۔ اسٹیئرنگ گیئر کا اندرونی حصہ دو چیمبرز میں منقسم ہوتا ہے۔ جب ہائیڈرالک اسٹیئرنگ ویل گھمایا جاتا ہے تو اسٹیئرنگ میں موجود پانی جیسا مادہ آبی پسٹن کے ایک طرف دباؤ ڈالتا ہے اور باقی کے مادے کو ذخیرہ کرلیتا ہے۔ پھر انجن سے منسلک پمپ اس پانی جیسے مادے کے تبدیل ہوتے دباؤ کے مطابق عمل کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: گاڑیوں کے بریکنگ سسٹم سے متعلق بنیادی معلومات

hydraulic-power-steering-system

الیکٹرانک پاور اسٹیئرنگ (EPS)

جدید گاڑیوں میں استعمال ہونے والے الیکٹرانک پاور اسٹیئرنگ میں آبی پسٹن یا پمپ استعمال نہیں ہوتے۔ اس کے بجائے ایک برقی موٹر اور ٹارک سینسر براہ راست اسٹیئرنگ گیئر سے منسلک ہے۔ جب الیکٹرانک پاور اسٹیئرنگ گھمایا جاتا ہے تو اسٹیئرنگ سے منسلک سینسرز اس کے چکر اور زاویے سے متعلق معلومات پاور اسٹیئرنگ کنٹرول کو فراہم کرتے ہیں۔ اور پھر پاور اسٹیئرنگ کنٹرول موصول ہونے والی معلومات کی بنیادی پر گاڑی کو موڑنے میں مدد کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کیا امموبلائزر کے ساتھ آپ کی گاڑی بالکل محفوظ ہے؟

electric-power-steering-system

الیکٹرانک بمقابلہ ہائیڈرالک پاور اسٹیئرنگ

دونوں ہی طرز ہائیڈرالک پاور اسٹیئرنگ (HPS) اور الیکٹرانک پاور اسٹیئرنگ (EPS) کے اپنے اپنے مثبت اور منفی پہلو ہیں۔ EPS کے مقابلے میں HPS کافی پیچیدہ طریقہ کار سے کام کرتا ہے تاہم اس کی معیاد اولذکر کے مقابلے میں زیادہ دیکھی گئی ہے۔ البتہ HPS میں شامل پمپ ہمہ وقت کام کرتا رہتا ہے چاہے اس پر ڈرائیور کی گرفت موجود ہو یا نہیں۔ اس کے برعکس EPS صرف اسی وقت کام کرتا ہے کہ جب ڈرائیور اسے استعمال کرنا شروع کرے۔ الیکٹرانک پاور اسٹیئرنگ مختلف رفتار سے گاڑی چلانے کے دوران ہائیڈرالک کے مقابلے میں بہتر کارکردگی پیش کرتا ہے۔

الیکٹرانک پاور اسٹیئرنگ کے برعکس ہائیڈرالک پاور اسٹیئرنگ کو اکثر و بیشتر ہی مرمت کی ضرورت پیش آتی ہے۔ HPS میں موجود پانی جیسے مادے کو بھی وقت فوقتاً تبدیل کروانا پڑتا ہے جبکہ EPS میں یہ جھنجٹ نہیں رہتی۔ لیکن مسافت (مائلیج) کی بات کریں تو الیکٹرانک پاور اسٹیئرنگ آدھ کلومیٹر فی لیٹر اضافی ایندھن خرچ کرتا ہے۔ ہائیڈرالک اسٹیئرنگ کا وزن زیادہ جبکہ الیکٹرانک اسٹیئرنگ کا وزن کم محسوس ہوتا ہے۔

رہا یہ سوال کہ “کونسا اسٹیئرنگ زیادہ مفید ہے” تو یہ موضوع قابل بحث ہے۔ مختلف لوگ اس حوالے سے الگ الگ رائے رکھتے ہیں تاہم ایک بات جو سب سے زیادہ قابل ذکر ہے وہ یہ کہ دنیا کے بیشتر ممالک، بشمول پاکستان، میں کام کرنے والے نامور ادارے اب HPS کی جگہ اپنی گاڑیوں میں EPS شامل کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.