فا V2 بمقابلہ کلٹس 2018ء – پاکستان کی دو مقبول فیملی ہیچ بیکس کا مختصر موازنہ

0 268

حقیقی موازنے کے آغاز سے قبل پاکستان میں ان دونوں گاڑیوں کی تاریخ کے بارے میں کچھ بات کرتے ہیں۔ پہلی جنریشن کی کلٹس 2000ء میں پیش کی ئگی تھی جو سوزوکی خیبر کی جگہ پر آئی تھی۔ 17 سال کے عرصے میں سوزوکی پاکستان نے اس گاڑی میں متعدد تبدیلیاں کیں جیسا کہ کاربوریٹر والے انجن کی جگہ EFI یونٹ لگایا گیا اور اسے بعد ازاں یورو II کمپلائنٹ بھی بنایا گیا۔ بالآخر اسے اپریل 2017ء میں ختم کردیا گیا کہ جب سوزوکی پاکستان نے اس گاڑی کا شایانِ شان جانشیں سوزوکی سیلیریو کے صورت میں پیش کیا، جسے اب سوزوکی کلٹس کے نام کے ساتھ فروخت کیا جا رہا ہے۔

فا V2 کی بات آتی ہے تو یہ کلٹس کے مقابلے میں مارکیٹ میں نسبتاً ایک نئی گاڑی ہے۔ فا ایک چینی گروپ ہے اور پاکستان میں الحاج فا کے نام سے کام کر رہا ہے۔ فا اصلی اور قابلِ بھروسہ گاڑیاں بناتا ہے اور گزشتہ چند سالوں میں ادارے نے پاکستان میں کافی مقام بنایا ہے۔ فا پاکستان نے اپنی V2 ہیچ بیک 2013ء میں پیش کی تھی تو اسے ہی فرسٹ جنریشن سمجھ لیتے ہیں۔ تو آئیے اب شروع کریں:

ایکسٹیریئر:

کلٹس کے معاملے میں نئی گاڑی کا ایکسٹیریئر ڈیزائن پہلی جنریشن کے ماڈل سے میلوں آگے کا ہے اور زیادہ جدید لگتا ہے۔ اگر آپ گاڑی پر گہری نگاہ ڈالیں تو آپ کو سوچنا پڑے گا کہ یہ سوزوکی سوئفٹ اور ویگن آر کا ملاپ ہے۔ جو بلاشبہ بہت اچھا لگتا ہے، گو کہ یہ پہلی جنریشن کے ماڈل جیسی ہموار نہیں کہ جو بہت کم سینٹر آف گریوٹی رکھتی تھی۔ کلٹس کا سائیڈ پروفائل سوئفٹ جیسا ہے اور تقریباً کوئی زاویہ دار و تیز کنارہ نہیں اور پوری گاڑی ہلکے اور ہموار کٹاؤ اور مجموعی بہاؤ کی صورت رکھتی ہے۔ اگر آپ VXL اور AGS ماڈلز کی طرف جائیں تو آپ کو 14 انچ کے اسٹائلش الائے ویلز ملیں گے جو گاڑی کو بہت پرکشش صورت دیتے ہیں۔ بدقسمتی سے LED ہیڈ یا ٹیل لائٹس کسی بھی ویریئنٹ میں نہیں ہیں لیکن یہ چیز اسی قیمت پر فروخت ہونے والی جاپانی کاروں میں موجود ہے۔

Suzuki Cultus AGS 2018 PakWheels

Suzuki Cultus AGS 2018 PakWheels

فا V2 کے حوالے سے کوئی کہہ سکتا ہے کہ فا اس گاڑی کو ڈیزائن کرتے ہوئے آلٹو اور سوئفٹ سے تھوڑا بہت متاثر ہوا۔ دوسرے اداروں سے متاثر ہونا ذرا بھی بری بات نہیں، خاص طور پر جب صحیح انداز میں ہوں پھر فا V2 میری رائے میں اپنا انوکھا ڈیزائن بھی رکھتی ہے جو زبردست نہیں تو اچھا ضرور ہے۔ جیسا کہ اوپر کہا کہ کلٹس میں کوئی تیز کنارے اور خم نہیں ہیں، لیکن V2 تو کہیں کم خم اور کناروں کے ساتھ مزید آگے چلی جاتی ہے۔ اگلے اور پچھلے حصے وہی ڈیزائن زبان استعمال کرتے ہیں جسے ایک لفظ میں “گول” کہا جا سکتا ہے۔ افسوس کی بات یہ ہے کہ کلٹس کی طرح اس میں بھی آگے یا پیچھے LED لائٹس موجود نہیں۔

انٹیریئر:

کلٹس 2018ء کا ڈیش بورڈ کافی اسٹائلش ہے اور مجھے بہت پسند ہے۔ اس میں RPM گیج کے ساتھ ایک خوبصورت اسپیڈو اور ساتھ ساتھ چھوٹا TFT ڈسپلے ہے، جو رینج اور فیول اکانمی وغیرہ جیسی کارآمد معلومات ظاہر کر سکتا ہے۔ گیئر پلیسمنٹ بھی بہت اچھی ہے اور گیئر تبدیل کرنا بہت آسان بناتی ہے۔ VXL اور AGS ویریئنٹ میں ڈیش بورڈ پر کروم کا کام بھی ہے جو اسے خوبصورت بناتا ہے۔

Suzuki Cultus AGS 2018 PakWheels

مٹیریلز کے معاملے میں یہ پہلی جنریشن کے ماڈل سے آگے ہیں اور ایک ملٹی-ٹون ڈیش بورڈ اور نشستیں پیش کرتی ہیں۔ ناقدانہ نگاہ ڈالیں تو جب دوسری جنریشن کی کلٹس پیش کی گئی تھی تو اس کا انٹیریئر قیمت کے لحاظ سے کافی اچھا تھا لیکن ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں موجودہ کمی کے بعد قیمتیں بہت بڑھا دی گئی ہیں۔ اس لیے میرے خیال میں انٹیریئر کا معیار اب آپ میں سے کئی لوگوں کے لیے مایوس کن ہوگا۔

انفوٹینمنٹ سسٹم کے لحاظ سے آپ کو فیکٹری فٹڈ کلاریئن آڈیو سسٹم مع بلوٹوتھ سپورٹ اور فون کال سپورٹ ملتا ہے، اور اس میں پرانے USB اور AUX کا آپشن بھی موجود ہے۔ بہترین VXL AGS میں 4-اسپیکر آڈیو سسٹم بھی آتا ہے جو روزمرہ استعمال کے لیے اچھا ہے۔

فا V2 کے انٹیریئر کی بات کریں تو یہ بہت اچھی طرح لگایا گیا ہے البتہ یہ کلٹس کے مقابلے میں اتنا اچھا نظر نہیں آتا۔ کچھ عرصے سے چینی گاڑیوں کا ایک مسئلہ ہے کہ ان کا انٹیریئر بہترین نہیں ہے اور یہ کئی خریداروں کے لیے سودا ختم کرنے والی بات ہو سکتی ہے، کیونکہ یہ انٹیریئر ہی ہوتا ہے جس میں آپ کا زیادہ تر وقت گزرتا ہے۔ پلاسٹک چھونے میں اتنا ہموار نہیں، جو انٹیریئر کے پلاسٹک انداز کو مزید نمایاں کرتا ہے۔

FAW V2 BLACK Interior PakWheels

آڈیو یونٹ کے حوالے سے اس میں USB اور MP3 پلیئر ہیں، جس کے ساتھ آگے دو اسپیکرز نصب ہیں۔ اس گاڑی میں ساؤنڈ کوالٹی بھی کافی اچھی ہے تو آپ کو خریداری کے فوراً بعد تبدیل نہیں کروانے پڑیں گے۔ تو اس لحاظ سے آرام ہی آرام ہے۔

کارکردگی:

کارکردگی ممکنہ طور پر دونوں گاڑیوں کے درمیان فیصلہ کن عنصر ہے۔ جہاں کلٹس میں انتہائی نفیس 1000cc کے 3-سلینڈر K10B انجن (67HP) ہے، جبکہ V2 میں 1300cc کا DOHC 16-والو انجن (90HP) ہے، جو کہیں زیادہ طاقتور ہے اور یوں زیادہ ایندھن بھی کھاتا ہے۔ سادہ الفاظ میں اگر آپ کارکردگی کی طرف میلان رکھتے ہیں تو V2 لیں ورنہ کلٹس بہترین ایندھن بچت دیتی ہے جس کا V2 سے کوئی مقابلہ نہیں۔ ایک اور اہم چیز یہ ہے کہ اس وقت آپ کو V2 آٹومیٹک ٹرانسمیشن کے ساتھ نہیں مل سکتی، جبکہ سوزوکی کلٹس کا ٹاپ-لائن ماڈل آسان ڈرائیونگ کے لیے آٹومیٹک ٹرانسمیشن رکھتا ہے۔

آرام اور ہینڈلنگ:

جہاں تک آرام کا معاملہ ہے تو چھوٹی ہیچ بیکس سے عموماً بہت زیادہ توقع نہیں رکھی جاتی ہے کیونکہ یہ لگژری کروزرز کے مقابلے میں روزمرہ استعمال کی گاڑیاں ہوتی ہیں۔ لیکن تقابل کے لیے میں یہ کہوں گا کہ V2 کلٹس سے کہیں زیادہ خاموش اور آرام دہ گاڑی ہے۔ گو کہ کلٹس بھی کافی اچھی ہے، لیکن V2 کو اس پر کچھ برتری حاصل ہے۔ آپ بھرپور رفتار پر کیبن میں کہیں کم شورپائیں گے اور مجموعی طور پر سفر زیادہ خوشگوار رہے گا۔ ہیچ بیک ہونے کا ایک اور فائدہ جو دونوں کاڑیوں میں ہے کہ ان کا ٹرننگ ریڈیئس بہت کم ہے اور شہر کے اندر ڈرائیونگ آپ کی توقعات کے مطابق رہتی ہے۔

فا V2 زیادہ لمبی اور چوڑی گاڑی ہونے کی وجہ سے مسافروں کے لیے زیادہ جگہ رکھتی ہے اور پچھلی نشستوں پر 3 مسافروں کا بیٹھنا کلٹس کے مقابلے میں آسان ہے کہ جس میں پچھلی نشستوں پر 3 افراد بیٹھنا مناسب نہیں۔ خوش قسمتی سے کلٹس کے معاملے میں مسافروں کے لیے اونچائی زیادہ ہے یعنی 6 فٹ سے زیادہ قامت رکھنے والے افراد V2 کے مقابلے میں کلٹس میں زیادہ آسانی پائیں گے۔

سیفٹی:

V2 اور کلٹس دونوں ضرورت پڑنے پر آپ کو مدد فرہم کرنے والے سیفٹی فیچرز سے لیس ہیں لیکن اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ فا V2 زیادہ محفوظ گاڑی ہے۔ گو کہ کلٹس میں ABS، پاور اسٹیئرنگ اور ڈوئل ایئربیگز ہیں، لیکن یہ V2 ہے کہ جس میں الیکٹرانک بریک ڈسٹری بیوشن اور بلٹ-اِن ڈور کریش گارڈز سمیت اضافی خصوصیات ہیں جو اسے مجموعی طور پر زیادہ بہتر گاڑی بناتے ہیں۔

آخری بات:

اس تقابل کے حتمی فاتح کا اعلان کرنے سے پہلے دونوں گاڑیوں کی قیمتوں پر بھی غور کرتے ہیں۔ فا V2 صرف ایک ویریئنٹ میں 12,89,000 روپے میں دستیاب ہے، جبکہ بنیادی کلٹس کی قیمت ہی 13,80,000 سے شروع ہوتی ہے۔ یہ بہت بڑا فرق ہے بالخصوص جب ہم دیکھتے ہیں کہ V2 میں وہ سب کچھ ہے جس کی ہم نے بات کی جبکہ بنیادی کلٹس میں الائے رمز، پاور ونڈوز، پاور مررز، ایئر بیگز اور بہت کچھ نہیں ہے۔ ٹیکنالوجی کے معاملے میں V2 کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں کلٹس کے VXL یا ٹاپ لائن AGS ویریئنٹ تک جانا پڑے گا۔ AGS آٹو ٹرانسمیشن کے ساتھ آتا ہے جو سب سے نمایاں فرق ہے جو V2 میں نہیں ہے۔ لیکن فا نے V2 میں 1300cc کا زیادہ طاقتور انجن دے کر اس کمی کو پورا کر دیا ہے کہ جس کا کلٹس کے پاس جواب نہیں۔ اس لیے مجھ پر بالکل واضح ہے کہ V2 آپ کے پیسوں کا زیادہ اچھا متبادل ہے اور نئی کلٹس کی قیمت اسے V2 کے مقابلے میں ایک مشکل انتخاب بناتی ہے، بالخصوص جبکہ V2 سب کچھ کہیں کم قیمت پر دیتی ہے۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.