ہونڈا سِوک ہیچ بیک: نئی سِوک سیڈان سے بھی زیادہ حسین!

0 127

گزشتہ سال نومبر 2015 سے ہونڈا سِوک کی دسویں جنریشن شمالی امریکا میں فروخت کی جارہی ہے۔ چند ماہ قبل میں نے بذات خود سِوک سیڈان کا معائنہ کیا اور پاک ویلز بلاگ پر اپنے تجربات سے قارئین کو آگاہ بھی کیا تھا۔ اس بات میں کوئی دو رائے نہیں کہ نئی سِوک پرانی جنریشن کے مقابلے میں بہت زیادہ بہتر ہے۔ اسے یوں بھی کہا جاسکتا ہے کہ ہونڈا سوک X نے گاڑیوں کے شعبے میں ایک نئی جہت متعارف کروائی ہے۔ اندر سے باہر، کارکردگی، ٹیکنالوجی، خصوصیات غرض کہ ہر طرح سے نئی سِوک اپنی مثال آپ ہے۔ شمالی امریکا میں اس کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ پیش کش کے صرف چند ماہ میں ہی اسے سال کی بہترین گاڑی قرار دے دیا گیا۔

ہونڈا سوک (Honda Civic) امریکا میں تو سیڈان اور کوپے دونوں ہی انداز سے پیش کی جاتی ہے تاہم ایشیائی مارکیٹ میں یہ صرف سیڈان ہی میں دستیاب ہے۔ کچھ عرصہ قبل شمالی امریکا میں سِوک کا ہیچ بیک انداز بھی متعارف کروایا گیا تاہم اس کی فروخت قابل ذکر نہ رہی جس کی وجہ سے اسے بند کردیا گیا۔ تاہم یورپ میں ہیچ بیک گاڑیاں زیادہ مقبول رہی ہیں اس لیے یورپی مارکیٹ میں سِوک ہیچ بیک کی پیش کش اب بھی جاری ہے۔ یورپ میں دسویں جنریشن سے سِوک کو 2017 کے اوائل میں ہیچ بیک کے ساتھ سیڈان طرز پر بھی پیش کیا جائے گا جس میں ٹوؤرر (Tourer) یعنی اسٹیشن ویگن کا انداز بھی شامل ہوگا۔

1

شمالی امریکا میں گاڑیوں کی مارکیٹ گزشتہ دس سالوں کے دوران کافی تبدیلی ہوئی ہے۔ یہاں ہیچ بیک اور چھوٹی گاڑیوں کی مقبولیت میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ اسی لیے ہر کار ساز ادارہ اپنی گاڑیاں کا ہیچ بیک انداز بھی صارفین کے لیے پیش کر رہا ہے۔ سِوک کی دسویں جنریشن متعارف ہوئی تو صرف سیڈان طرز ہی میں تھی لیکن اب ہونڈا نے تصدیق کردی ہے کہ وہ نئی سِوک کو چند مختلف انداز سے بھی پیش کرے گا۔ اپنے وعدے پر عمل کرتے ہوئے ہونڈا نے چند ماہ قبل لاس اینجلس آٹو شو میں سِوک کوپے سے پردہ اٹھایا اور اب جنیوا آٹو شو کے دوران سِوک ہیچ بیک پیش کردی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: سیاحت کے شوقین افراد کے لیے ہونڈا سوک کا نیا انداز

آج مجھے نیویارک آٹو شو میں شرکت کا موقع ملا جہاں داخل ہوتے ہی میں نے ہونڈا کے اسٹیج کا رخ کیا۔ میری طرح وہاں اور بھی بہت سے شائقین موجود تھے اور میں یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ جتنی تعداد سِوک دیکھنے کے لیے وہاں جمع تھی اتنی شاید ہی کسی اور گاڑی کے نزدیک موجود ہو۔ ہونڈا سوک کا یچ بیک انداز بھورے رنگ اور سیاہ شیشوں کے ساتھ ہمارے سامنے بہت آہستگی سے گھوم رہا تھا ۔ یقین جانیئے کہ شو میں سِوک کا یہ انداز بہت ہی خوبصورت لگ رہا تھا۔

اپنے قارئین کے لیے میں نے ایک مختصر سی ویڈیو بنائی جو ذیل میں موجود ہے:

5-دروازوں پر مشتمل ہونڈا سوک ہیچ بیک یا یہ نمونہ سیڈان سے کافی ملتا جلتا ہے بس بنیادی فرق یہ ہے کہ اس کا سائز سیڈان کے مقابلے میں چھوٹا ہے اور یہی چیز اس ہیچ بیک کی خوبصورتی میں اضافہ کر رہی ہے۔ اس کے اگلے حصے میں موجود ایل ای ڈی لائٹس بالکل ویسی ہی ہیں جیسے ہونڈا سوک سیڈان میں پیش کی جارہی ہیں تاہم دھند میں نظر آنے والی خصوصی لائٹس قدرے مختلف نظر آتی ہیں۔

8

بنیادی طور پر دسویں جنریشن ہونڈا سوک سیڈان اور ہیچ بیک یا یہ نمونہ B ستون یعنی گاڑی کے درمیان تک ایک ہی جیسا ہے۔ فرق صرف اتنا ہے کہ ہیچ بیک میں B ستون کے بعد گاڑی کی چھت زیادہ گولائی میں ہوتی ہوئی C ستون سے جا ملتی ہے۔ گاڑی کے پچھلے حصے میں وسیع شیشہ لگایا گیا ہے جبکہ انگیری حرف C جیسی سِوک کی روایتی لائٹس ہیچ بیک میں بھی موجود ہیں۔ ہیچ بیک کے نمونے میں بمپر کے ساتھ 2 بڑے ڈفیوزرز بھی دیکھے جاسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ بمپر کے نچلے حصے میں دہرے ایگزاسٹ بھی موجود ہیں جس سے گاڑی کا اندازہ کافی جذباتی ہوگیا ہے۔

5

نیویارک آٹو شو میں موجود ہونڈا کے نمائندے سے بات چیت اور چند سوالات کیئے تو علم ہوا کہ سِوک ہیچ بیک کے نمونے اور حقیقی گاڑی میں بہت کم تبدیلیاں کی جائیں گی۔ اس گاڑی کی تیاری کے دوران باہری حصے میں چند ایک معمولی تبدیلیوں کے علاوہ دھند میں نظر آنے والی لائٹس، عقبی بمپر کے ڈیزائن اور ایگزاسٹ ٹپس کو ہٹائے جانے کا بھی امکان ہے۔اب سے سال بھر قبل جب سِوک کا پہلا نمونہ پیش کیا گیا تب بھی انہی چیزوں کے بغیر سیڈان پیش کرنے کا خیال ظاہر کیا گیا تھا جو بعد ازاں درست ثابت ہوا۔ گہرے سیاہ شیشوں کی وجہ سے میں گاڑی کا اندرونی حصہ تو نہیں دیکھ سکا البتہ توقع یہی ہے کہ اس کا اندرونی حصہ بھی سِوک سیڈان جیسا ہی ہوگا۔

2

نئی ہونڈا سوک کے ہیچ بیک انداز میں شامل انجن سے متعلق تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا گیا البتہ توقع ہے کہ امریکا میں اسے 2000cc نیچرلی ایسپریٹڈ (سِوک ٹائر آر کی صورت میں) اور 1500cc ٹربو انجن کے ساتھ پیش کیا جائے گا کہ جبکہ یورپی مارکیٹ کے لیے 1500cc ٹربو اور 1000cc ٹربو انجن شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ ہونڈا اپنے مشہور زنامہ 1600cc ڈیزل انجن کے ساتھ بھی اسے پیش کرنے کا ارادہ رکھتا ہے تاہم اسے امریکا اور پاکستان میں نہیں پیش کی جائے گا۔ سِوک سیڈان کی طرح سِوک ہیچ بیک میں بھی مینوئل اور CVT ٹرانسمیشن شامل ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: ہونڈا سوک 2016 کوپ اور ہونڈا سوک 2017 ٹائپ آر کی خفیہ تصاویر

ٹربو چارجڈ 2000cc انجن کی حامل سِوک ٹائر آر کا ہیچ بیک انداز بھی تیار کیا جارہا ہے تاہم اس کی آمد 2018 سے پہلے ممکن نظر نہیں آرہی۔ نئی سِوک ہیچ بیک کو سویندون، برطانیہ میں قائم ہونڈا کے کارخانے ہی میں تیار کیا جائے گا اور پھر یہاں سے امریکی و دیگر گاڑیوں کی مارکیٹ میں درآمد کیا جائے گا۔

ہونڈا سوک کا ہیچ بیک انداز رواں سال 2016 کے آخر تک امریکا میں فروخت کے لیے پیش کردیا جائے گا۔ امید ہے کہ پاکستان میں بھی اسے جلد متعارف کروایا جائے گا کیوں کہ مجھے ہیچ بیک انداز سِوک سیڈان سے زیادہ خوبصورت اور حسین لگ رہا ہے۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.