گاڑی درآمد کرنے کے چند طریقے اور اہم تجاویز

7 201

اکثر لوگ سوال کرتے ہیں کہ کیا ہم اپنی پسندیدہ گاڑی خود بیرون ملک سے پاکستان منگواسکتے ہیں؟ میرا مختصر جواب ہوتا ہے کہ جی ہاں۔ اور پھر لوگ اگلا سوال پوچھتے ہیں کہ کیا یہ کام بہت آسان ہے؟ تو میرا جواب ہوتا ہے کہ بالکل نہیں!

معاملہ کچھ یوں ہے کہ جاپان سے گاڑی منگوانے کے لیے آپ کو وہاں موجود کسی شخص سے رابطہ کرنا ہوگا جو گاڑیوں کے کسی تاجر یا پھر نیلامی سے آپ کے لیے گاڑی خریدے اور اسے آپ کے پتے پر پاکستان روانہ کردے۔ آپ بغیر کسی رابطہ کار کے بھی یہ کام کرسکتے ہیں لیکن پھر گھن چکر بننے کے لیے بھی تیار رہیے گا۔ اس دوران آپ کو جاپان میں بھاری قیمت بھی جمع کروانا ہوگی تب ہی وہ آپ کو گاڑی بھیجیں گے۔ ایک اندازے کے مطابق تقریباً ایک لاکھ روپے کے ساتھ پاسپورٹ بھی فراہم کرنا ہوگا۔

اس کے علاوہ نیلامی کی کچھ ویب سائٹس بھی ہیں جہاں آپ اکاؤنٹ بنا کر اور ایک محدود رقم جمع کروا کر گھر بیٹھے گاڑی منگوا سکتے ہیں۔ جب بھی نیلامی کے لیے کوئی نئی گاڑی آئے آپ اس کی قیمت لگادیں۔ اگر آپ نیلامی جیت گئے تو گاڑی نیلام کرنے والا شخص آپ کو گاڑی بھیج دے گا اور اس سے متعلق دستاویزات بھی ارسال کرے گا جس میں گاڑی کی جاپان سے روانگی اور پاکستان آمد سے متعلق تفصیلات درج ہوں گی۔ اس دوران آن لائن نیلامی کی ویب سائٹ آپ سے رقم وصول کر کے اپنے پاس محفوظ رکھ لے گی۔ کچھ نیلامی کی ویب سائٹس آپ کو گھر کی دہلیز پر گاڑی پہنچانے کی سہولت بھی دیتی ہیں یا بصورت دیگر آپ کا رابطہ گاڑی درآمد کرنے والے ادارے سے کردیتی ہیں تاکہ آپ اپنی سہولت کے مطابق ان سے معاملات طے کرسکیں۔

یہ بھی پڑھیں: گاڑیوں کی درآمدات پر ٹیکس میں اضافہ؛ مقامی کار ساز اداروں کی چاندی

اس کے علاوہ ایک اور قدرے سہل طریقہ یہ ہے کہ آپ جاپان میں کسی ایسے شخص سے رابطہ کریں جو گاڑیاں برآمد کرنے کا باقاعدہ کاروبار کرتا ہو۔ اس سے کوئی بھی گاڑی خریدیں اور پاکستان منگوا لیں۔ جاپان میں بہت سے لوگ معمولی رقم لے کر آپ کے لیے گاڑی خرید سکتے ہیں۔ آپ آن لائن گاڑی منتخب کریں اور اس شخص کو بتادیں جو باقی کام خود ہی کرلے گا۔ عموماً ایسے لوگ جاپانی ین میں پیسے لیتے ہیں جس کی مالیت لگ بھگ 25 ہزار پاکستانی روپے بنتی ہے۔ یہ لوگ آپ کے لیے گاڑی خریدنے کے بعد تمام ضروری قانونی کاروائیوں سے خود ہی نمٹ لیں گے۔ اگر آپ تھوڑے پیسے بچانے کے لیے خود یہ کام کرنا چاہیں تو بھی کرسکتے ہیں لیکن یاد رکھیے کہ اس میں کافی پیچیدہ مراحل بھی آسکتے ہیں جو آپ کے لیے کرنا مشکل ہو لیکن تجربکار ایجنٹ کے لیے آسان ہوتے ہیں۔

آپ کو ایسے بھی ایجنٹ مل سکتے ہیں جو گاڑی کے اعتبار سے اپنی اجرت لیں گے اور اول تا آخر تمام کام انجام دے لیں گے۔ ان کی اجرت زیادہ تر گاڑی کے انجن پر منحصر ہوتی ہے۔

تو اب آپ کو اندازہ ہوگیا ہوگا کہ جاپان سے گاڑی خود بھی منگوائی جاسکتی ہے لیکن اگر کسی تجربکار شخص یا ادارے کی خدمات حاصل کرلیں تو دل و دماغ دونوں پرسکون رہیں گے۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.