پاکستان آٹو شو 2017 – 3 سے 5 مارچ تک کراچی میں منعقد ہوگا

0 350

تیرہواں پاکستان آٹو اینڈ پارٹس شو (PAPS) آئندہ سال 3 سے 5 مارچ کے دوران ایکسپو سینٹر کراچی میں منعقد ہوگا۔ پاکستان میں گاڑیوں اور پرزہ جات کی تیاری سے وابستہ اداروں کی تین روزہ نمائش پاکستان ایسوسی ایشن آف آٹو پارٹس اینڈ ایسوسریز مینوفیکچررز (پاپام) کی جانب سے منعقد کی جائے گی۔ اس نمائش میں بین الاقوامی کار ساز اداروں کے علاوہ ملک میں گاڑیوں کے شعبے سے وابستہ ادارے بھی شرکت کریں گے۔

پاپام کی جانب سے PAPS 2017 کی مختصر تعارفی تقریب 15 جولائی کو کراچی کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر پاپام کے سینئر نائب چیئرمین مشہود علی خان نے آئندہ نمائش کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس سے مقامی صنعتوں کے فروغ اور ملکی برآمدات میں اضافے سے معاشی ترقی کے حصول میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اقتصادی صورتحال میں بہتری سے پاکستان آٹو شو کی اہمیت میں مزید اضافہ ہوجاتا ہے کیوں کہ اس پروگرام میں ایسے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کار بھی شرکت کرسکیں گے جو یہاں کام کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی طالب علموں کی تیار کردہ فارمولا ریسنگ کار کی نقاب کشائی

پاکستان آٹو اینڈ پارٹس شو 2017 میں گاڑیاں، موٹر سائیکلیں، ٹرک، بسیں اور دیگر سواریوں بنانے والے ادارے اپنی مصنوعات پیش کریں گے۔ اس کے علاوہ مقامی سطح پر پُرزے تیار اور مرمت کرنے والے ادارے، گاڑیوں کی درآمدات سے وابستہ افراد اور صارفین کو مختلف خدمات فراہم کرنے کمپنیاں بھی شرکت کریں گی۔

پاپام کے وفود نے گزشتہ چند ماہ کے دوران مختلف ممالک کے دورے کیے اور متعلقہ اداروں کو پاکستان آٹو شو 2017 کے لیے کراچی مدعو کیا ہے۔ مشہود علی خان نے اس بارے میں بتایا کہ امریکا، جرمنی، چین، ترکی، کوریا اور اطالیہ کی جانب سے پروگرام میں شرکت کی دعوت پر مثبت جواب موصول ہوا ہے۔ اس کے علاوہ افغانستان، بنگلہ دیش، چین، جاپان، سری لنکا، متحدہ عرب امارات، برطانیہ اور افریقی ممالک کے کاروباری وفود کی شرکت بھی متوقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں تیار شدہ آٹو پارٹس کی امریکا میں پہلی نمائش

گزشتہ سال پاکستان آٹو شو 2016 صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں 4 سے 6 مارچ تک منعقد کیا گیا تھا۔ ایک اندازے کے مطابق صرف پہلے روز ایک لاکھ سے زائد افراد نے اس نمائش میں شرکت کی تھی۔ تقریباً 200 مقامی اور بین الاقوامی اداروں نے اس پروگرام میں اپنی مصنوعات پیش کی تھیں جن میں معروف بین الاقوامی ادارے ہونڈا، سوزوکی، ٹویوٹا، آئی سوزو، ہینو، نسان، یاماہا، میسی فرگوسن ، لینڈروور، فیات اور FAW بھی شامل تھے۔

Google App Store App Store

Leave A Reply

Your email address will not be published.