سوزوکی ویتارا کی تقریب رونمائی – آنکھوں دیکھا احوال!

0 179

پاکستان میں سوزوکی گاڑیاں تیار اور فروخت کرنے والا ادارہ پاک سوزوکی اب ایک نئی جہت کے ساتھ میدان میں اتر چکا ہے۔ گزشتہ دنوں پیش کی جانے والی نئی سوزوکی ویتارا پر نظر ڈالیں تو اندازہ ہوتا ہے کہ اب پاک سوزوکی “چھوٹی گاڑیوں کی کمپنی” کا لیبل خود سے ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔ اسی سلسلے میں ایک عرصے قبل سوزوکی کزاشی بھی متعارف کروائی گئی تاہم آٹو پالیسی کے نافذالعمل ہونے کے بعد اس کی فروخت بند کردی گئی۔

سوزوکی ویتارا کی تقریب رونمائی 21 دسمبر 2016 کو اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر جناب ہائیروفومی نگاؤ اور جنرل منیجر مارکیٹنگ جناب اعظم مرزا نے خطاب کیا۔

جناب ہائیروفومی نگاؤ نے خطاب کے دوران کہا کہ پاکستان میں متعارف کروائی جانے والی سوزوکی ویتارا کو یورپ میں گاڑیوں کی جانچ کرنے والے ادارے Euro-NCAP نے 5-اسٹار ریٹنگ دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک سوزوکی موٹر کمپنی کو ابتدا ہی سے پاکستانی عوام کی زبردست پزیرائی حاصل ہوئی ہے۔ منیجنگ ڈائریکٹر نے بتایا کہ نئی آٹو پالیسی نے پاکستان میں گاڑیوں کے شعبے میں بہت سے نئے مواقع پیدا کردیئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اب ان کا ادارہ اپنی گاڑیوں کی فہرست میں مزید اضافے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سوزوکی ویتارا: ہیچ بیک اور SUVs کی خصوصیات کا بہترین امتزاج!

تقریب میں ایک خوشنما موڑ اس وقت آیا کہ جب آرکسٹرا نے حاضرین کی سماعتوں میں رس گھولنا شروع کیے۔ یہ پہلا موقع تھا کہ پاکستان میں گاڑیوں کے کسی پروگرام میں اس طرز کی منفرد پیشکش بھی شامل رہی ہو۔ اس کے بعد جنرل منیجر مارکیٹنگ اعظم مرزا نے مائیک سنبھال لیا۔ انہوں نے پاک سوزوکی کے ماضی پر نظر ڈالتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان میں گاڑیوں کے شعبے کا مستقبل بہت تابناک دیکھ رہے ہیں۔

اعظم مرزا نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے گاڑیوں میں طویل سفر کرنے کے رجحان میں اضافہ ہوگا جس سے ملک میں معیاری گاڑیوں کی مانگ بھی بڑھے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاک سوزوکی زبردست مقبولیت اور مستحکم نیٹ ورک کو مدنظر رکھتے ہوئے کہا جاسکتا ہے کہ سوزوکی ویتارا بازی تبدیل کردے گی۔ اعظم مرزا نے اپنی بات ختم کرتے ہوئے حاضرین کو سوزوکی ویتارا کی نقاب کشائی کی طرف بڑھنے کی نوید سنائی۔ روایتی انداز میں الٹی گنتی چلائے جانے کے بعد زبردست آتش بازی اور روشنی کے جھرمٹ میں سوزوکی ویتارا نمودار ہوئی اور ناظرین کو اپنی خوبصورتی سے دنگ کردیا۔

اس موقع پر شہرت یافتہ اداکار اور سوزوکی ویتارا کے برینڈ ایمبسیڈر فواد خان بھی موجود تھے۔ اپنے آغاز کی طرح تقریب کا اختتام بھی انتہائی یادگار طریقے سے ہوا۔ جناب ہائیروفومی نگاؤ نے فواد خان کو سوزوکی ویتارا کی چابی تھمائی اور انہیں اس منفرد گاڑی کا پہلا پاکستانی مالک ہونے کا اعزاز بخشا۔ اس کے بعد تقریب میں موجود حاضرین کو سوزوکی ویتارا کا بغور جائزہ لینے کی دعوت دی گئی۔

پاکستان میں نئی کراس اوور کے دو مختلف ماڈل GL+ اور GLX متعارف کروائے گئے ہیں۔ سوزوکی ویتارا GL+ کی قیمت 34,90,000 ہے جبکہ سوزوکی ویتارا GLX کی قیمت 37,99,000 رکھی گئی ہے۔

15625816_10153941594896784_2132198939064362495_o

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.