ٹوکیو موٹر شو: سوزوکی 3 تصوراتی گاڑیاں پیش کرے گا

0 338

چوالیسوں ٹویوٹا موٹر شو 2015ء رواں ماہ شروع ہوا چاہتا ہے۔ اس شو کی روایت رہی ہے کہ یہاں حقیقی تیار شدہ گاڑیوں سے زیادہ تصوراتی گاڑیاں پیش کی جاتی ہیں۔ اور سوزوکی کے تازہ قدم سے ایسا لگتا ہے کہ اس بار بھی یہی کچھ ہونے جا رہا ہے۔ جاپانی کار ساز ادارہ سوزوکی تین تصوراتی گاڑیاں (concepts cars) پیش کرے گا۔ جاپانیوں نے گاڑیوں کو مضحکہ خیز نام دینے کی روایت بھی برقرار رکھی ہے اور انہیں سوزوکی ایئر ٹرائسر، مائٹی ڈیک اور اگنس کا نام دیا ہے۔

سوزوکی ایئر ٹرائسر

تو آئیے سب سے پہلے سوزوکی ایئر ٹرائسر سے متعلق بات کرلیتے ہیں۔ یہ ایک بغیر ڈگی کی گاڑی (hatchback) ہے جس کا اندرونی حصہ منفرد انداز سے تیار کیا گیا ہے۔ سوزوکی کے مطابق اس میں 7 افراد آرام سے بیٹھ سکتے ہیں۔ اس میں پھسلنے والے دروازے لگائے ہیں جو گاڑی سے باہر نکل کر اگلے اور پچھلے جانب سلائیڈ کر جاتے ہیں۔ دروازوں کا یہ انداز تقریباً ایک دہائی قبل پجیوٹ 1007 میں دیکھا تھا۔ دروازہ کھلنے کے بعد اندرونی حصے کی خوبصورتی مزید ابھر کر سامنے آتی ہے اور ایک نظر میں تو یہ کسی عالیشان بنگلے کا کمرا معلوم ہوتا ہے۔ اس میں لگائی گئی سیٹس تہ بھی کی جاسکتی ہیں۔ یہ گاڑی طویل سفر میں آپ کی بہترین ہم سفر ثابت ہوسکتی ہے۔ گاڑی میں شامل تفریحی سہولیات کا انتظام میں ڈیش بورڈ کے ساتھ ساتھ گاڑی کے درمیان میں بھی دیا گیا ہے تاکہ ڈرائیور کو بارہا تنگ نہ کرنے کی ضرورت نہ پیش آئے۔ 1400 سی سی ٹربو چارجڈ انجن کی یہ گاڑی برقی موٹر کے ساتھ چاروں پہیوں پر چلتی ہے۔

سوزوکی اگنس

سوزوکی اگنس کو آپ ان تینوں میں سب سے بہتر گاڑی کہہ سکتے ہیں کیوں کہ اس کا انداز عام گاڑیوں سے زیادہ قریب ہے۔ سوزوکی خود کو اس تصور سے باہر نکالنا چاہتا ہے کہ وہ چھوٹی اور سستی گاڑیاں بنانے والا ادارہ ہے یہی وجہ ہے کہ اب اس کی توجہ اعلی معیار کی گاڑیوں کی طرف مبذول ہوچکی ہے۔ اس کی ایک مثال سوزوکی کذاشی سے لی جاسکتی ہے۔ ٹویوٹا موٹر شو میں تصوراتی گاڑی کے طور پر شمولیت کےفوراً بعدسوزوکی اگنس کو حقیقی شکل دینے کا ارادہ رکھتا ہے۔ اس کی زیادہ تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں البتہ دستیاب تصاویر سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ اس کا اندرونی حصہ خوبصورت ہوگا اور میں نیا ٹچ اسکرین تفریحی نظام بھی شامل ہوگا۔ امید کی جارہی ہے کہ اس میں سوزوکی بوسٹرجیٹ ٹربو انجن لگایا جائے گا۔ مزید تفصیلات جلد ہی ٹوکیو موٹر شو میں پیش کی جائیں گی۔

سوزوکی مائٹی ڈیک

اب آخر میں بات کرتے ہیں سوزوکی مائٹی ڈیک سے متعلق۔یہ اب تک پیش کی گئی تصوراتی گاڑیوں میں سب سے زیادہ عجیب و غریب ہے۔ اسے دیکھ کر محسوس ہوتا ہے کہ سوزوکی عام گاڑی اور سفری گاڑیوں کا ملاپ بنانے کی کوشش میں اس چھوٹی سی گاڑی کو حیرت انگیز ڈیزائن کردیا ہے۔ یہ جان کر بھی آپ حیران ہوں گے کہ یہ convertible گاڑی ہے یعنی اس کی چھت بوقت ضرورت ہٹائی اور پھر دوبارہ لگائی جاسکتی ہے۔ پچھلی جانب سے نظر ڈالیں تو سوزوکی مائٹی ڈیک آپ کو مختصر پک اپ ٹرک لگے گا۔ اس گاڑی میں صرف دو سیٹیں ہیں اور پچھلا حصہ سامان رکھنے کے لیے بنایا گیا ہے۔ شاید اسی وجہ سے اسے ‘مائٹی ڈیک’ کا نام دیا گیا ہے۔ اس کا اندرونی حصہ، خاص کر لکڑی کا انداز، دیگر تصوراتی گاڑیوں جیسا ہی ہے البتہ باہر سے ایسا محسوس ہوتا ہے کچھ چیزیں بی ایم ڈبلیو i3 کو دیکھ کر بنائی گئی ہیں۔

اس بارے میں مزید معلومات تو ٹویوٹا موٹر شو 2015ء میں ہی حاصل ہوں گی۔ تب تک آپ ان گاڑیوں سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کرسکتے ہیں۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.