گاڑیوں کی طرح اب کرسیاں بھی از خود ‘پارک’ ہوں گی!

0 160

اگر کوئی آپ کو چلتی پھرتی کرسیاں دکھائے جو خود بخود ترتیب بناتی ہیں تو اسے کسی جن یا بھوت کی کارستانی یا جادو ٹونے کا اثر مت خیال کیجیے گا کیوں کہ یہ جدید کرسیاں نسان کی تیار کردہ ٹیکنالوجی کی حامل ہے۔ میٹنگ کے بعد، دفتر میں ملازموں کی چھٹی کے بعد ،اسکول میں کلاس ختم ہونے کے بعد کرسیاں مختلف حالت میں پڑی رہتی ہیں۔ ان کو اپنی جگہ پر واپس رکھنے اور ترتیب بنانے میں کافی وقت اور محنت لگتی ہے۔ نسان نے اس مسئلہ کا حل جدید ٹیکنالوجی سے نکالا ہے۔ وہ کیسے؟ آئیے دیکھتے ہیں:

نسان (Nissan Cars) نے اس آئیڈیے کو “انٹیلی جنٹ پارکنگ چیئرز” کا نام دیا ہے۔ یہ بظاہر تو غیر ضروری معلوم ہوتا ہے لیکن اس کی افادیت آپ کی سوچ سے کہیں زیادہ ہے۔ ہر دوسری چیز کی طرح کرسیوں میں جدت کی گنجائش تو بہرحال موجود ہے اور اسی لیے نسان کے انجینئرز نے اپنے دفتر میں ایسی کرسیاں تیار کی ہیں جو گاڑیوں کی طرح خود ہی اپنی جگہ ‘پارک’ ہوسکتی ہیں۔

ان کرسیوں کی تیاری جاپانی ادارے اوکامورا نے کی ہے۔ ان کے نیچے چاروں اطراف میں دیکھنے والے کیمرے لگائے گئے ہیں جنہیں وائی فائی کی مدد سے کنٹرول کیا جاسکتا ہے۔ یہ کرسیاں سینسرز اور کیمرے کی مدد سے جگہ کا تعین کرتی ہیں اور پھر ازخود ٹیبل کے ساتھ ایک ترتیب میں کھڑی ہوجاتی ہیں۔

بہرحال، جاپانی ادارے نسان نے ٹیکنالوجی پر اپنی گرفت ظاہر کرنے کے لیے ویڈیو تو جاری کردی لیکن اس سے گاڑیوں کے شعبے سے زیادہ کرسیوں کی مارکیٹ میں نسان کا نام روشن ہوگا۔ اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آیا پاکستان میں آنے والی گاڑیوں مثلاً نسان جیوک (Nissan Juke) میں بھی یہ صلاحیت موجود ہوگی یا نہیں؟ ہمارے خیال میں تو ایسا شاید ممکن نہ ہو تو کیوں نہ نسان اپنی جدید کرسیاں ہی پاکستان بھیج کر ہمیں خوش کردے!

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.