ٹویوٹا انڈس کی کون سی کومپیکٹ کراس اوور پاکستان میں آ رہی ہے؟ یہاں جانیں!

0 14,729

کِیا اسپورٹیج اور آنے والی گاڑی ہیونڈائی ٹکسن کا مقابلہ کرنے کے لیے ٹویوٹا انڈس موٹر کمپنی (IMC) پاکستان میں ایک نئی کومپیکٹ SUV لانے کا منصوبہ بنا رہا ہے، اور ایسا لگتا ہے کہ یہ گاڑی ٹویوٹا RAV4 ہو سکتی ہے۔ 

جاپانی ادارہ اس  وقت پاکستان میں SUV کے شعبے میں بڑھتے ہوئے مقابلے پر نظر رکھے ہوئے ہے اور ہمارے جائزے کے مطابق کمپنی اِس سال ملک میں اپنی کومپیکٹ ایس یو وی RAV4 متعارف کروا سکتی ہے۔

کِیا اسپورٹیج نے 2019ء میں لانچ سے لے کر اب تک مقامی آٹو سیکٹر پر کافی اثرات ڈالے ہیں اور ٹویوٹا فورچیونر کی فروخت کو کافی متاثر کیا ہے۔ ساتھ ہی ہیونڈائی نشاط موٹرز بھی پچھلے مہینے ہونے والے پاکستان آٹو شو میں اپنے ارادے ظاہر کر چکا ہے کہ وہ 2020ء کی پہلی ششماہی میں ہی کومپیکٹ SUV ٹکسن متعارف کروائے گا۔ پاکستان میں نئے اداروں کی جانب سے یہ گاڑیاں متعارف کروانے سے اس سال کومپیکٹ SUVs کے شعبے میں مقابلہ سخت ہونے جا رہا ہے۔ 

اس صورت حال میں ٹویوٹا انڈس صرف فورچیونر پر بھروسہ نہیں کر سکتا کیونکہ اس کی فروخت پہلے ہی کِیا اسپورٹیج کی وجہ سے متاثر ہوئی ہے۔ اس لیے ایک نئی پروڈکٹ لانے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے جو ممکنہ طور پر RAV4 ہو سکتی ہے۔ ایک صارف کے نقطہ نظر سے دیکھیں تو یہ پاکستان کے آٹو سیکٹر میں ایک اچھی پیش رفت ہوگی۔

زیادہ دلچسپ بات یہ ہے کہ ٹویوٹا RAV4 دنیا بھر میں دستیاب 2.4-لیٹر انجن کے بجائے 1.8-لیٹر انجن کے ساتھ متعارف کروائی جا سکتی ہے ۔ ساتھ ہی یہ ٹویوٹا RAV4 کا ہائبرڈ ورژن ہوگا، جس کا مطلب ہے کہ یہ 2.4-لیٹر انجن کی حامل گاڑی کے برابر طاقت پیدا کرے گا۔ 

کِیا اسپورٹیج مارکیٹ میں 2.0-لیٹر انجن میں دستیاب ہے، جبکہ آنے والی ہیونڈائی ٹکسن 2.0-لیٹر انجن کے ساتھ ہوگی۔ گاڑی کا ہائبرڈ ورژن متعارف کروانے کا نتیجہ ایندھن کی کھپت میں بچت کی صورت میں نکلے گا، جس سے اسے اپنی مقابل گاڑیوں پر برتری حاصل ہو سکتی ہے۔ 

ابتدائی طور پر IMC گاڑی کو completely built unit یعنی CBU کے طور پر درآمد کرے گا اور بعد ازاں کمپنی کی جانب سے ملک میں مقامی سطح پر اسمبل کرنے کا آغاز بھی متوقع ہے۔ البتہ اس کا مکمل انحصار پاکستانی مارکیٹ میں اس گاڑی پر ملنے والے ردعمل پر ہوگا۔ یہ نہ بھولیں کہ پروٹون بھی الحاج گروپ کے تعاون سے پاکستان میں جلد ہی اپنی ایس یو وی X70 لا رہا ہے۔ 

بلاشبہ رواں سال کے اختتام تک SUV کے شعبے میں مقابلہ بڑھتا ہوا نظر آ رہا ہے۔ ایسی صورت حال میں ان گاڑیوں کی قیمتیں ہی پاکستان میں ان کی کامیابی کا فیصلہ کریں گی۔ یہ جاننا دلچسپ ہوگا کہ کمپنی پاکستانیوں کے لیے کون سی گاڑی لائے گی اور ٹویوٹا انڈس اس گاڑی کو کس قیمت پر متعارف کرواتا ہے۔

ٹویوٹا پاکستان میں ایک معروف اور قابلِ اعتماد ادارہ ہے اور اس کی نئی کومپیکٹ SUV مقابل اداروں کے رنگ میں بھنگ ڈال سکتی ہے۔ لیکن ہمیں اس کے لیے کچھ انتظار کرنا ہوگا!

اس حوالے سے اپنے خیالات نیچے تبصروں میں پیش کیجیے اور گاڑیوں کے بارے میں مزید خبروں کے لیے پاک ویلز بلاگ پر آتے رہیے۔

Recommended for you: BAIC D20 Vs. Suzuki Swift: A Brief Comparison!

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.