پاکستان میں درآمد کی جانے والی گاڑیوں میں کثیر تعداد جاپانی گاڑیوں کی ہوتی ہے۔ چونکہ عام جاپانی اپنی قومی زبان سے بے حد محبت کرتے ہیں اور اسے ہر سطح پر فوقیت دی جاتی ہے اسی لیے ان جاپانی گاڑیوں کا انفوٹینمنٹ (ایل سی ڈی) بھی جاپانی زبان میں ہوتا ہے۔ اس کی وجہ سے پاکستان میں جاپانی گاڑیاں خریدنے والوں کو سب سے پہلے جس مسئلہ کا سامنا کرنا پڑتا ہے وہ ایل سی ڈی پرنظر آنے والی جاپانی زبان ہی ہے۔ پاک ویلز فورم پر بھی بہت سے اراکین اس مسئلے کا حل تلاش کرتے نظر آتے ہیں۔ اگر آپ گاڑیوں کے استعمال شدہ پرزے خریدنے جائیں تو وہاں جاپانی زبان کا انفوٹینمنٹ سسٹم تقریباً 10 سے 15 ہزار میں مل جائے گا جبکہ پائیونیئر یا کینووڈ جیسی کمپنی کا انگریزی زبان والا ایل سی ڈی 25 ہزار یا اس سے بھی زیادہ قیمت پر ملے گا۔
اگر آپ بھی ان لوگوں میں سے ایک ہیں کہ جنہیں جاپانی زبان نے پریشان کر رکھا ہے تو ذیل میں دی گئی ویڈیو دیکھ کر آپ اس پریشانی سے نجات حاصل کرسکتے ہیں ۔ یہ ویڈیو جاپان میں تیار ہونے والی 2014 ٹویوٹا لینڈ کروزر (Toyota Land Cruiser) میں بنائی گئی ہے۔ اس ویڈیو میں بتایا گیا طریقہ بہت سادہ ہے اور اس کی مدد سے آپ چند سیکنڈز میں باآسانی گاڑی کے انفوٹینمنٹ سسٹم کو جاپانی زبان سے انگریزی زبان میں تبدیل کرسکتے ہیں۔ یہ بات بھی ذہن میں رکھیے کہ جاپانی گاڑیوں کے مذکورہ سسٹم میں بہت سی چیزیں صرف جاپان ہی میں کام کرتی ہیں اور اگر آپ پاکستان یا کسی دوسرے ملک میں موجود ہیں تو چند ایک فنکشنز کام نہیں کریں گے۔
اس ضمن میں چند باتیں ذہن میں رکھنے کی ضرورت ہے۔ پہلی بات تو یہ کہ تمام گاڑیوں کے ایل سی ڈی میں زبان تبدیل کرنے کا آپشن دستیاب نہیں ہوتا۔ چونکہ ہر کار ساز ادارہ مختلف کمپنی کی ایل سی ڈی استعمال کرتا ہے اس لیے ممکن ہے آپ کی گاڑی میں موجود انفوٹینمنٹ کی شکل بھی الگ ہو۔ دوسری بات یہ کہ اگر آپ کے پاس مختلف کمپنی کا ایل سی ڈی موجود ہے تو یہ بھی ممکن ہے کہ اس میں زبان تبدیل کرنے کا طریقہ بھی مختلف ہو۔ اس صورت میں اگر آپ ویڈیو میں نظر آنے والے جاپانی الفاظ سے ملتے جلتے بٹن دبائیں تو ہوسکتا ہے چند کوششوں سے آپ بھی اپنی گاڑی کی ایل سی ڈی پر جاپانی کے بجائے انگریزی زبان دیکھنے میں کامیاب ہوجائیں۔