آزاد کشمیر میں بُلٹ ٹرین لانچ کی جائے گی
آزاد کشمیر کے وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان نے روزانہ سفر کرنے والوں کے لیے بڑا اعلان کیا ہے۔ سردار تنویر الیاس نے آزاد جموں و کشمیر اسمبلی میں اپنی بجٹ تقریر کے دوران کہا کہ حکومت مظفرآباد سے اسلام آباد تک بلٹ ٹرین چلائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اِن دونوں شہروں کے درمیان بلٹ ٹرین شروع کی جائے گی۔ تاہم انہوں نے اپنی تقریر میں اس میگا پراجیکٹ کے بارے میں مزید تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔ اگر یہ ٹرین شروع ہو جاتی ہے تو دونوں شہروں کے درمیان سفری اوقات میں نمایاں کمی آئے گی اور لوگ چند گھنٹوں میں اپنی منزل تک پہنچ سکیں گے۔
لیکن جیسا کہ پہلے بتایا جا چکا ہے کہ اس پراجیکٹ کی کوئی تفصیل نہیں ہے کہ یہ کیسے کام کرے گا، اسے کون سپانسر کرے گا، یہ کب شروع اور کب مکمل ہوگا۔ لہذا، ہماری خواہش ہے کہ یہ منصوبہ جلد حقیقت بننے کی جانب گامزن ہو۔
اسی طرز کے گزشتہ منصوبے
خیال رہے کہ یہ پہلا ایسا منصوبہ نہیں ہے جس کا اعلان کیا جائے، اگر آپ کو یاد ہو تو حکومت نے 2020 میں اسلام آباد سے مری تک الیکٹرک ٹرین چلانے کا اعلان کیا تھا۔ اس کے بعد وفاقی وزیر سائنس فواد چوہدری نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ تھا اسلام آباد ایئرپورٹ سے مری تک الیکٹرک ٹرین شروع کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس پراجیکٹ سے متعلق منصوبہ بندی شروع کر دی ہے اور اس پر وزارت منصوبہ بندی کے ساتھ میٹنگ بھی کی ہے۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ ملکی سیاحت کا پورا منظر نامہ بدل دے گا۔ یہ اعلان ملک میں الیکٹرک گاڑیوں کو فروغ دینے کے لیے حکومت کی طرف سے پالیسیوں کا ایک سلسلہ تھا۔
تاہم، یہ منصوبہ کبھی بھی نہیں شروع ہو سکا اور محض اعلان ہی رہا۔ ایسے میگا پراجیکٹس کے اعلانات زیادہ سیاسی چال ثابت ہوتے ہیں۔ تاہم ہم امید کرتے ہیں کہ اس بار آزاد کشمیر کا یہ منصوبہ حقیقت کا روپ دھار لے گا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر کے اس اعلان کے بارے میں آپ کا کیا خیال ہے؟ کیا آپ کو لگتا ہے کہ یہ منصوبہ شروع ہو جائے گا؟ کمنٹس سیکشن میں اپنے خیالات کا اظہار کریں۔