دیپال L07 اور S07 کی آفیشل لانچ پرائس آگئی
چنگان کی حمایت یافتہ دیپال پاکستان نے 16 اگست 2024 کو اپنی دو الیکٹرک گاڑیاں متعارف کرائیں، جن میں S07 کراس اوور اور L07 سیڈان شامل تھیں۔ بکنگ کے وقت ان گاڑیوں کی قیمتیں درج ذیل تھیں:
- دیپال – 15500000 L07 روپے
- دیپال – 16500000 S07 روپے
ایک ماہ بعد، کمپنی نے لاہور اور کراچی میں دو نئے ڈیلرشپس کھولنے کا اعلان کیا، جن کے نام “چنگان آٹو لاہور” اور “چنگان آٹو شاہراہ فیصل” ہیں۔ اس کے ساتھ ہی دونوں گاڑیوں کی بکنگ 3000000 روپے میں کرائی جا سکتی ہے جبکہ ڈیلیوری کا وقت 70 دن تک بڑھا دیا گیا ہے۔ کمپنی نے دونوں گاڑیوں کے لیے نظر ثانی شدہ اور حتمی قیمتوں کا بھی اعلان کیا ہے۔
S07 اور L07 کی نئی قیمتیں
کمپنی کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیپال S07 کی نئی قیمت 14999000 روپے ہے جو کہ پہلے 16500000 روپے تھی جبکہ L07 کی نظر ثانی شدہ قیمت 13999000 روپے ہے جو کہ پہلے 15500000 روپے تھی۔ اس کا مطلب ہے کہ دونوں گاڑیوں کی قیمت میں 1501000 روپے کی کمی ہوئی ہے۔ یہ ان لوگوں کے لیے خوشخبری ہے جو حال ہی میں لانچ کی گئی الیکٹرک گاڑی خریدنے کا ارادہ کر رہے تھے۔
دیپال L07 (فیچرز و دیگر خصوصیات)
یہ گاڑی منفرد اور سٹائلش فرنٹ پینل کے ساتھ آتی ہے جس میں ایل ای ڈی سٹار پیٹل ڈی آر ایل لائٹس شامل ہیں۔ 19 انچ کے الائے ویلز اور ڈوئل کلر رِمز اسے ٹویوٹا کراؤن یا بی ایم ڈبلیو i5 کا مدمقابل بناتے ہیں۔
گاڑی کے رئیر پروفائل پر ایل ای ڈی سٹار فلیم تھرو ٹائپ ٹیل لائٹس ہیں جو چینی ڈیزائن کو نمایاں کرتی ہیں، ساتھ ہی چار پارکنگ سنسرز، الیکٹرک ٹیل گیٹ، اور سٹوریج کمپارٹمنٹس اور کشادہ کیبن اسے زیادہ پریکٹیکل بناتے ہیں۔
گاڑی کے اندر داخل ہوتے ہی آپ کو پریمیم انٹیرئیر کا احساس ملے گا۔ اس میں ملٹی کلر ڈائنامک ایمبینٹ لائٹنگ، سونی سراؤنڈ سسٹم کے ساتھ 14 سپیکرز، 10.2 انچ ایل سی ڈی میٹر، اور 14.6 انچ سن فلاور ٹچ اسکرین شامل ہے جو 15 ڈگری تک مڑنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
ڈیپال L07 ایک پرمنینٹ میگنیٹک سنکرونس موٹر سے لیس ہے جو 258 ہارس پاور اور 320 نیوٹن میٹر ٹارک پیدا کرتی ہے۔ گاڑی کی رینج 540 کلومیٹر ہے، یعنی آپ لاہور سے اسلام آباد ایک ہی چارج پر سفر کر سکتے ہیں۔
دیپال S07 (فیچرز و دیگر خصوصیات)
یہ الیکٹرک SUV فراری، بینٹلی، مرسڈیز، اور ٹیسلا جیسے برانڈز سے متاثر دکھائی دیتی ہے۔ فرنٹ پروفائل میں چینی ‘پیڈل آف پاور’ ڈیزائن شامل ہے جو ڈی آر ایل اور انڈیکیٹرز کو ملاتا ہے جبکہ ہیڈلائٹس اس کے نیچے دی گئی ہیں۔
انٹیرئیر کی بات کریں تو اس گاڑی میں لگژری ہونے کا بھرپور احساس ہے۔ دروازوں پر لکڑی کی پالش اور کاک پٹ میں بینٹلی سے متاثرہ ڈیزائن شامل ہیں۔ 15.5 انچ فلوٹنگ اسکرین تمام فنکشنز کو کنٹرول کرتی ہے جسے اشارے سے بھی کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔
اس SUV میں 66.8 kWh بیٹری پیک ہے جو 250 hp کی پاور اور 320Nm ٹارک پیدا کرتی ہے۔ یہ گاڑی ایک ہی چارج میں آؤڈی ای-ٹرون سے تقریباً دوگنی رینج فراہم کرتی ہے۔
آپ دیپال S07 اور L07 کی قیمتوں میں کمی کے بارے میں کیا سوچتے ہیں؟ کیا آپ ان میں سے کوئی ایک گاڑی خریدیں کریں گے؟ کمنٹس سیکشن میں ہمیں ضرور بتائیں۔