کِیا نے اپنی تمام گاڑیوں کی بکنگ بند کر دی
رواں ماہ کے آغاز میں کِیا پاکستان نے اپنے صارفین کے لیے “پرائس لاک” پیشکش کا اعلان کیا۔ ایک اعلان میں کمپنی نے کہا کہ کِیا اپنے صارفین کیساتھ اپنے رشتے کو مضبوط کرنا جاری رکھے ہوئے ہے، لہذا، اب 31 جنوری 2023 تک پرائس لاک حاصل کریں۔ اس بارے کمپنی کی جانب سے ایک سوشل میڈیا پوسٹ بھی کی گئی۔
کِیا گاڑیوں کی بکنگ بند
کِیا کی گاڑیوں سے متعلق ایک تازہ اپڈیٹ کے مطابق متعدد کمپنی ڈیلرشپس نے پاک ویلز کو بتایا ہے کہ تمام ماڈلز کی بکنگ آج دوپہر سے بند ہیں۔ مختلف ڈیلرشپ حکام کا کہنا ہے کہ تمام کاروں کا موجودہ ڈیلیور کرنے والا سٹاک ختم ہوچکا ہے اور کمپنی ابھی تک نئی پروڈکشنز کے آرڈر نہیں لے رہی ہے۔
یعنی کہ کار اسمبلر نے اچانک بکنگ روک دی ہے حالانکہ پرائس لاک آفر 31 جنوری 2023 تک تھی۔ مزید برآں، اس بات کی کوئی اطلاع نہیں ہے کہ بکنگ دوبارہ کب کھلے گی، لہذا اگر آپ کِیا کے صارف ہیں تو اب آپ کو انتظار کرنا ہوگا۔
دریں اثنا، کِیا موٹرز لکی ون ڈیلرشپ نے اپنے صارفین کو بتایا ہے کہ ڈالے کے مقابلے میں روپے کی غیر مستحکم صورتحال کی وجہ سے ہم کِیا گاڑیوں کی بکنگ کو فورا عارضی طور پر روک رہے ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ وہ صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور مزید واضح ہونے کے بعد بکنگ دوبارہ شروع کر دی جائے گی۔
کِیا گاڑیوں کی سیلز میں کمی
اس سے قبل ہم نے آپ کو بتایا تھا کہ ڈیلیور کرنے کے لیے تیار اسٹاک کے باوجود، دسمبر 2022 میں کِیا پاکستان کی سیلز میں 50 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔ اگرچہ کمپنی پاکستان آٹو موٹیو مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (PAMA) کی رکن نہیں ہے، لیکن یہ تعداد مارکیٹ ماہرین نے بتائی تھی۔
دوسری طرف کمپنی اپنے دو CBU یونٹس کِیا سٹنگر اور نیرو ای وی، پاکستان بھر میں اپنی ڈیلرشپ پر ڈسپلے کیے۔ کمپنی نے درج ذیل تاریخوں پر گاڑیوں کی رونمائی کی۔
- جنوری 5-9: کِیا موٹرز مکہ ( کراچی)
- جنوری 10-13: کِیا موٹرز کلفٹن ( کراچی)
- جنوری14-18 : کِیا موٹرز سوسائٹی ( کراچی)
- جنوری19-23 : کِیا موٹرز لکی ون ( کراچی)
تاہم، یہ بات قابل ذکر ہے کہ کِیا کا پاکستان میں ان گاڑیوں کو لانچ کرنے کا کوئی فوری منصوبہ نہیں ہے، کیونکہ یہ قدم ڈیلرشپس کی طرف لوگوں کی توجہ بڑھانے کیلئے اٹھایا گیا تھا۔