مینوئل کار کیسے چلائیں؟ وہ سب جو آپ کو پتہ ہونا چاہیے
گوکہ پاکستان کے آٹو سیکٹر سے مینوئل ٹرانسمیشن آہستہ آہستہ ختم ہوتی جا رہی ہے، لیکن ایسی گاڑیوں کی بڑی تعداد اب بھی موجود ہے جو مینوئل گیئربکس رکھتی ہیں۔ مینوئل کار چلانا اتنا مشکل نہیں ہے؛ البتہ کسی مینوئل کار کا اسٹیئرنگ ویل تھامنے سے پہلے آپ کو کچھ بنیادی باتیں ذہن میں رکھنا ہوں گی۔ مینوئل ٹرانسمیشن اب بھی دنیا میں سب سے نمایاں ٹرانسمیشن ہے۔ یہ تحریر مینوئل کارکو بہتر انداز میں چلانے کے لیے کچھ مددگار ترین طریقے بتائے گی۔
ایک مینوئل گاڑی چلاتے ہوئے یاد رکھنے کی اہم باتیں
مینوئل ٹرانسمیشن کا اہم ترین حصہ گیئر لِیور یا گیئر اِسٹک ہے۔ ڈرائیور گیئر تبدیل کرنے کے لیے کلچ کی مدد سے گیئر لیور کو استعمال کرتا ہے۔ مینوئل گاڑی میں تین قسم کے پیڈل ہوتے ہیں۔ یہ پیڈل ایکسیلریٹر، بریک اور کلچ ہیں۔ صرف کلچ کے لیے اپنا بایاں پیر دبائیں اور بریک لگانے اور گاڑی کی رفتار بڑھانے کے لیے دایاں پیر استعمال کریں۔ گیئر کے اوپر موجود گیئر نوب مینوئل ٹرانسمیشن میں موجود گیئرز کی تعداد بتاتی ہے۔
مینوئل گاڑی اسٹارٹ کرنے سے پہلے اس بات کو یقینی بنائیں کہ گاڑی کسی گیئر میں لگی ہوئی نہیں ہے۔ اس کے لیے کلچ دبائیے اور گیئر شفٹر یا گیئر لیور کو درمیان میں یا نیوٹرل پوزیشن میں لے آئیے۔ اِگنیشن میں چابی لگا کر اسٹیئرنگ وِیل کو اَن لاک کریں اور اسے ہلکا سا گھمائیں۔ اپنی گاڑی اسٹارٹ کرنے کے بعد کلچ کو مکمل طور پر دبائیں اور گیئر شفٹر کو پہلے گیئر میں ڈال دیں۔ اس کے بعد اپنا دایاں پیر بریک پر رکھیں اور ہینڈ بریک یا پارکنگ بریک کو اس کے اوپر کا بٹن دبا کر نکال لیں۔ دایاں پیر بریک پر رکھنے کی وجہ یہ ہے کہ گاڑی کسی ڈھلان پر کھڑی ہو تو حرکت نہ کرے۔
اس کے بعد ایکسلریٹر کو آہستہ آہستہ دبائیں اور ایسا کرتے ہوئے یقینی بنائیں کہ آر پی ایم 1500 تک پہنچ جائے۔ جب آر پی ایم 1500 تک پہنچے تو آہستہ آہستہ کلچ پر سے اپنا بایاں پیر اٹھائیں، گاڑی چلنا شروع ہو جائے گی۔ ایک بار گاڑی چلنا شروع ہو جائے تو آپ اپنا بایاں پیر کلچ سے مکمل طور پر اٹھا سکتے ہیں۔ گاڑی کو روکنے کے لیے ایک مرتبہ پھر کلچ دبائیں اور دائیں پیر سے بریک دبانا شروع کر دیں۔ گیئر شفٹر کو ایک مرتبہ پھر نیوٹرل پر کر دیں اور پارکنگ/ہینڈ بریک لگا دیں۔ ہینڈ بریک لگانے کے بعد آپ کلچ اور بریک دونوں پر سے پیر ہٹا سکتے ہیں۔
جب کار پہلے گیئر میں ہو تو آپ کو اندازہ ہوگا کہ گاڑی آر پی ایم بڑھتے ہوئے ‘بھاری’ سی ہو گئی ہے۔ جب ایسا لگنے لگے تو ایک مرتبہ پھر کلچ دبائیں اور دوسرا گیئر لگا دیں۔ یہاں بھی جب آر پی ایم بڑھ جائے تو اسی طرح اگلا گیئر لگا دیں۔ جب گاڑی پر دباؤ محسوس ہونا شروع ہوتا ہے تو انجن سے آواز آنے لگتی ہے۔
مینوئل ٹرانسمیشن کے حوالے سے عام معلومات
مینوئل ٹرانسمیشن عموماً دو اقسام میں آتی ہے – سلائیڈنگ میش اور کونسٹینٹ میش۔ مینوئل ٹرانسمیشن کے اندر تین اقسام کی شافٹ ہوتی ہیں۔ یہ اِن پٹ، آؤٹ پٹ اور کاؤنٹر ہوتی ہیں۔ انجن سے طاقت اِن پٹ شافٹ کا استعمال کرتے ہوئے گیئر بکس میں داخل ہوتی ہے۔ یہ طاقت پھر کاؤنٹر-شافٹ کا استعمال کرتے ہوئے گیئرز میں منتقل ہوتی ہے۔ آؤٹ پٹ شافٹ پھر طاقت کو پہیوں میں منتقل کرتی ہے۔
مینوئل کار چلاتے ہوئے ایک اور مددگار ٹپ یہ ہے کہ جب گاڑی ٹریفک سگنل پر رکی ہوئی ہو تو کلچ دبا کر نہ رکھیں۔ جب آپ ایسا کرتے ہیں تو ٹرانسمیشن پر غیر ضروری دباؤ پڑتا ہے، جس سے اس کے پرزوں کی ٹوٹ پھوٹ شروع ہوجاتی ہے۔ اس حالت میں کرنا یہ ہے کہ اپنی گاڑی کو نیوٹرل میں رکھیں، اپنا پیر کلچ پر سے اٹھا لیں اور بریک کو دبا دیں۔ اس کے علاوہ جب گاڑی چل رہی ہو تو اپنا ہاتھ گیئر شفٹر پر نہ رکھیں، کیونکہ اس سے بھی ٹرانسمیشن پر غیر ضروری دباؤ پڑتا ہے اور کوئی حصہ ٹوٹ پھوٹ سکتا ہے۔ پہاڑی علاقوں میں اپنی گاڑی پر گرفت رکھنے کے لیے کلچ کا استعمال نہ کریں۔ جب آپ کی کار کا rpm کم ہو تو گاڑی کو زیادہ رفتار میں نہ ڈالیں، کیونکہ اس کی وجہ سے انجن اپنی طاقت کھو دے گا۔ گاڑی کو اُس رفتار کے مطابق مناسب گیئر میں ڈالیں جس میں آپ سفر کر رہے ہیں۔
اپنے خیالات نیچے تبصروں میں پیش کیجیے اور گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے حوالے سے مزید معلوماتی مواد کے لیے آتے رہیے۔