ہیوال جولین کی قیمت میں دوسری بار اضافہ
سازگار انجینئرنگ کی جانب سے ہیوال جولین کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ کردیا گیا ہے۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق گاڑی کی نئی قیمت 6020000 روپے ہے جبکہ پرانی قیمت 5725000 روپے تھی۔ یعنی ہیوال جولین کی قیمت میں 295000 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
کمپنی نے ڈالر کے بڑھتے ریٹ کو گاڑی کی قیمت میں اضافے کی وجہ قرار دیا ہے۔ نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ ‘ بہت ہی کم وقت میں امریکی ڈالر کے تبادلے کی شرح میں ناموافق اتار چڑھاؤ کے باعث کمپنی کے پاس ہیوال جولین کی قیمت پر نظر ثانی کے علاوہ کوئی اور آپشن نہیں ہے’۔
نوٹیفیکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ ‘یہ اضافہ افسوسناک ہے اور کمپنی کے کنٹرول سے باہر ہے’۔
گاڑی کی قیمت میں پہلی بار کب اضافہ کیا گیا؟
رواں سال جون 2021 میں سازگار نے جولین کی قیمت میں 2 لاکھ روپے کا اضافہ کیا جس کے بعد گاڑی کی قیمت 5525000 سے بڑھ کر 5725000 روپے ہو گئی تھی۔ اس کے علاوہ کمپنی نے ہیوال H6 کی قیمت میں بھی 2 لاکھ کا اضافہ کیا جس کے بعد گاڑی کی قیمت 6295000 روپے سے بڑھ کر 6495000 روپے ہو گئی تھی۔
ہیوال کا مختصر تعارف
ہیوال چینی کمپنی گریٹ وال موٹرز کا ہی ایک سَب برانڈ ہے۔ چند ماہ قبل کمپنی نے پاکستان کمپنی سازگار انجینئرنگ اینڈ ورکس کے ساتھ شراکت داری کرتے ہوئے پاکستان میں قدم رکھا۔ شراکت داری کے معاہدے کے تحت سازگار مقامی مارکیٹ میں ہیوال مصنوعات کی تیاری، مارکیٹنگ اور فروخت کے حقوق رکھتا ہے۔
سازگار کی جانب سے دو ہیوال SUVs ہیوال جولین اور ہیوال H6 متعارف کروائی گئی ہیں۔ دونوں SUVs پاکستانی صارفین کی توقعات سے باہر ہیں۔ کمپنی ان SUVs کے صرف درآمد شدہ CBU یونٹس ہی بیچتی ہے۔ کمپنی سپلائی اور ڈیلیوریز میں تاخیر جیسے مسائل سے بچنے کی پوری کوشش کرتی ہے۔
ڈالر ریٹ بمقابلہ کار پرائس
ہم ڈالر کی بڑھتی ہوئی شرح پر تشویش کا اظہار کرتے رہے ہیں اور آج بھی اس کی قیمت آج 167.99 روپے ہے جس سے مقامی آٹوموبائل مارکیٹ پر گہرے اثرات پڑ سکتے ہیں۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ ڈالر کا ریٹ 153 روپے تک گرا تھا لیکن پچھلے دو ماہ میں یہ ایک بار پھر بڑھ گیا ہے جس کے بعد گاڑیوں کی قیمتیں بڑھنے کا بڑا خطرہ پایا جاتا ہے اور سازگار قیمتیں بڑھانے والی کمپنیز میں سے ایک ہے۔
ہمیں امید ہے کہ حکومت ڈالر کی شرح کو کنٹرول کرنے کے لیے ایک جامع پالیسی وضع کرے گی تاکہ عام صارف کم قیمتوں پر گاڑی حاصل کر سکے۔