ہنڈا ایچ آر وی میں کتنے ائیر بیگز دئیے گئے ہیں؟
ہنڈا کمپنی کی جانب سے ایچ آر وی کے ٹیزر جاری کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سے قبل کمپنی اپنی سوشل میڈیا پوسٹس میں کراس اوور ایس یو وی کی جھلکیاں جاری کر چکی ہے۔ جن میں فرنٹ گرِل، ہیڈلائٹس، رئیر ہیڈ لائٹس شامل ہیں۔ اب کمپنی نے گاڑی میں دئیے گئے اہم ترین سیفٹی فیچر سے متعلق پوسٹ شئیر کی ہے۔
حالیہ پوسٹ میں کمپنی نے 4 ائیر بیگز کی تصویر شئیر کی ہے۔ تصویر کے ساتھ ایک ٹیگ لائن ” ایکسائیٹ یور لائف” بھی نمایاں ہے۔
یہ ایک اچھی خبر ہے کہ ہنڈا اپنی نئی کار میں چار ائیر بیگ پیش کر رہی ہے کیونکہ ہنڈا سِوک میں بھی صرف دو ائیر بیگز ہیں۔ لہذا، یہ ایک کمپنی کا ایک اچھا قدم ہے اور یہ یقینی طور پر مالکان کے درمیان تحفظ کے احساس کو بڑھا دے گا۔ یہ اس لیے بھی اہم ہے کیونکہ مقامی طور پر تیار کی جانے والی کاروں میں کم ائیر بیگز ہونے کی وجہ تنقید کی جاتی رہی ہے، اگرچہ گزشتہ چند سالوں میں یہ رجحان بدل رہا ہے لیکن ہنڈا اس دوڑ میں اب بھی پیچھے ہے۔ دوسری جانب یہ اچھی بات ہے کہ کمپنی اس رجحان کو بڑھا رہی ہے۔
اس سے قبل رواں سال جون میں ہم نے آپ کو بتایا تھا کہ گاڑی کے ایک ٹیسٹ یونٹ کو پاکستان میں دیکھا گیا ہے۔ مزید تفتیش سے معلوم ہوا کہ ہنڈا اٹلس نے ٹیسٹ یونٹ درآمد کیا جس کی قیمت 6.05 ملین روپے ہے۔ یہ تمام اپ ڈیٹس ہنڈا کے مداحوں کیلئے اچھی خبر سے کم نہیں ہیں، اس لیے یہ کہنا درست ہو گا کہ ہنڈا HR-V اس وقت پاکستان میں سب سے زیادہ انتظار کی جانے والی کار ہے۔
لانچ؟
گاڑی سے متعلق ہمارے ذرائع نے ابھی ہمیں کار کے بارے میں مزید اپ ڈیٹ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس کراس اوور ایس یو وی کی لانچ قریب ہے۔ ذرائع نے مزید کہا کمپنی نے لانچ کے لیے اپنی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔
پہلے یہ توقع کی جا رہی تھی کہ ہمیں نئی گاڑی ستمبر میں مل جائے گی لیکن ایسا لگتا ہے کہ یہ معلومات درست نہیں تھیں۔ اور ہمیں مزید چند ہفتے انتظار کرنا پڑ سکتا ہے۔ اگرچہ، کمپنی کی طرف سے ابھی تک کچھ بھی سامنے نہیں آیا۔
کیا آپ نئی Honda HR-V کے لیے پرجوش ہیں؟ کمنٹس سیکشن میں اپنے خیالات کا اظہار کریں۔