نیا انجن اور نئی ٹیکنالوجی، کِیا پکانٹو کو فیس لفٹ مل گیا
پکانٹو کِیا فیملی کی سب سے چھوٹی کار ہے کہ جسے اب نئے زبردست ٹیکنالوجی فیچرز، جدید اسٹائلنگ اور زیادہ انجن آپشنز کے ساتھ ایک فیس لفٹ مل گیا ہے۔ کِیا پاکستان نے بھی ملک میں پکانٹو لانچ کر رکھی ہے لیکن نیا فیس لفٹ جلدی پاکستان نہیں آئے گا۔ فی الحال پاکستان میں دوسری جنریشن کی پکانٹو ہی مل رہی ہے۔ پکانٹو کا فیس لفٹ ورژن 2020ء کی تیسری سہ ماہی میں یورپ میں دستیاب ہوگا۔ کِیا کی جانب سے ابھی تک قیمتیں سامنے نہیں لائی گئیں۔
ایکسٹیریئر
ایکسٹیریئر میں بڑا اور نمایاں فرق GT-لائن اور X-لائن ماڈلز میں ہے۔ ایکسٹیریئر میں ہیڈلائٹس، بمپرز، فرنٹ گرِل اور ٹیل لائٹس میں واضح تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ الائے وِیلز کے لیے مزید آپشنز دینے کے ساتھ ساتھ ایکسٹیریئر میں نئے رنگ بھی پیش کیے گئے ہیں۔ نئے ماڈل کے ساتھ ایکسٹیریئر کے کُل 10 رنگ اور دو نئے الائے وِیلز ڈیزائن پیش کیے گئے ہیں۔ مشہور “ٹائیگر نوز” گرِل اب زیادہ نمایاں ہے۔
LED کمبی نیشن ٹیل لائٹس کِیا کی SUV Telluride سے متاثر لگتی ہے جو ایکسٹیریئر کے پریمیم احساس کو بڑھاتی ہیں۔ نیا ڈے ٹائم رننگ لائٹس (DRLs) ڈیزائن GT-لائن اور X-لائن کے بہتر ماڈلز میں پیش کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ GT-لائن میں فرنٹ پر لال اور چمکیلی کالی ہائی لائٹس ہیں۔ فوگ لیمپس چھوٹے جواہرات کی شکل میں بنائے گئے ہیں۔ X-لائن کے وِیل آرچز پر کالے رنگ کی ہائی لائٹس اور بمپرز پر کروم ٹرِم موجود ہیں۔
انٹیریئر
پچھلے ماڈلز میں موجود 7انچ کے انفوٹینمنٹ سسٹم کے بجائے اب پکانٹو میں 8 انچ کی اسکرین موجود ہے۔ ایپل کار پلے اور اینڈرائیڈ آٹو اب اسٹینڈرڈ فیچرز کے طور پر شامل ہیں۔ انفوٹینمنٹ سسٹم کے ساتھ اب بیک وقت دو ڈیوائسز لگائی جا سکتی ہیں۔ مختلف ایپلی کیشنز کو بغیر کسی پریشانی کے بخوبی چلانے کے لیے انفوٹینمنٹ سسٹم کو نیا ایپ بیسڈ سسٹم دیا گیا ہے۔ کِیا کا نیا UVO ٹیلی میٹکس سسٹم بھی نئے انفوٹینمنٹ سسٹم میں شامل کیا گیا ہے۔ اب آپ انٹیریئر کے لیے مختلف کلر پیکیجز کا انتخاب کر سکتے ہیں۔ Upholstery کے نئے آپشنز بھی کیبن کو ایک زبردست اور پریمیم احساس رکھنے والا بناتے ہیں۔ آپ سیٹوں کے لیے کالے رنگ کے کپڑے یا مصنوعی چمڑے کا انتخاب کر سکتے ہیں۔
پرفارمنس
فیس لفٹ ورژن تین مختلف پاور ٹرینز یا انجن آپشنز رکھتا ہے۔ کِیا ان انجنوں کو “اسمارٹ اسٹرِیم” انجن کہتا ہے کیونکہ انہیں فیول کی بچت کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔یہ پہلو اس جدید ماڈل کو شہر کے اندر ڈرائیونگ کے لیے بہترین بناتا ہے۔بیس 1.0L نیچرلی-ایسپائریٹڈ انجن 66bhp اور اس سے ایک قدم آگے کا 1.2L نیچرلی-ایسپائریٹڈ انجن 83bhp پیدا کرتا ہے۔ نئے نیچرلی-ایسپائریٹڈ انجنز ڈوئل-پورٹ فیول انجکشن سسٹم استعمال کرتے ہیں۔ نئے انجنز بہتر تھرمل مینجمنٹ، بہتر ایگزاسٹ گیس ری -سرکولیشن اور آپٹمائزڈ اِن ٹیک والو ٹائمنگ رکھتے ہیں۔ یہ سب چیزیں نئی پکانٹو کو فیول کی بچت میں مدد دیتی ہیں۔
ٹاپ-آف-دی-لائن ٹربوچارجڈ 1.0L انجن 99bhp پیدا کرتا ہے۔ یہ انجن بہتر کولنگ سسٹم اور ایک نیا ہائی پریشر انجکشن سسٹم رکھتا ہے۔ آپ اپنی پکانٹو نئے 5-اسپیڈ مینوئل گیئرباکس کے ساتھ بھی حاصل کر سکتے ہیں جو آٹومیٹک ٹرانسمیشن کے فوائد اور مینوئل گیئر باکس کے بہتر فیول ایوریج کا ملاپ رکھتا ہے۔ Actuators کی مدد سے گیئر تبدیلی کے لیے کلچ آپریشن کو آٹومیٹک بنایا گیا ہے۔
آرام اور سیفٹی
نئے سیفٹی فیچرز میں بلائنڈاسپاٹ مانیٹرنگ، ڈرائیور اٹینشن وارننگ، پیڈسٹیرین ڈٹیکشن، لَین ڈٹیکشن اسسٹنس اور آٹومیٹک ایمرجنسی بریکنگ شامل ہیں۔ دوسرے اسٹینڈرڈ فیچرز بھی موجود ہیں جیسا کہ ایئربیگز۔ نئے upholstery آپشنز انٹیریئر کو لمبے سفر میں ڈرائیونگ کے لیے آرام دہ بناتے ہیں۔ شہر کے اندر چلانے کے لیے بھی سسپنشن اونچے نیچے راستوں پر بہت ہموار ہے، جو روزانہ کام پر جانے کے لیے اور دوسرے عام سفر کو بہت آرام دہ بناتا ہے۔
فیصلہ
نئے انجن آپشنز، نئی سیفٹی ٹیکنالوجی اور بہتر ایکسٹیریئر فیچرز اس نئی ہیچ بیک کو خریداروں کے لیے ایک دلکش اور دلفریب پسند بناتے ہیں۔ کِیا نے ایسے فیچرز متعارف کروا کر اِس سیگمنٹ میں مقابلے کی فضاء پیدا کر دی ہے کہ جو عام طور پر ہائی-اینڈ پریمیم ماڈلز کے ساتھ دیے جاتے ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ فیس لفٹ ماڈل عوام میں واقعی مقبول ہوگا اور امید کرتے ہیں کہ یہ ماڈل پاکستان میں بھی آئے ۔
مزید خبروں اور جائزوں کے لیے پاک ویلز پر آتے رہیں۔ اپنے خیالات نیچے کمنٹس سیکشن میں پیش کریں۔ پکانٹو فیس لفٹ ماڈل کے بارےمیں آپ کی رائے کیا ہے؟ ہمیں ضرور بتائیں۔