پاکستان کی پہلی الیکٹرک بس کراچی میں لانچ کر دی گئی

0 2,489

پچھلے چند سالوں سے پوری دنیا میں الیکٹرک گاڑیاں بہت تیزی سے پھیل رہی ہیں۔ لیکن دیگر میدانوں کی طرح پاکستان الیکٹرک گاڑیوں کے انقلاب میں بھی پیچھے ہے۔ البتہ اچھی خبر یہ ہے کہ بالآخر پاکستان کی پہلی الیکٹرک بس میدان میں آ گئی ہے۔ حکومتِ سندھ نے ایک انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے کراچی میں ایک الیکٹرک بس سروس کا آغاز کیا ہے۔ یہ ہمارے ملک کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے اور مستقبل کی جانب ایک قدم ہے۔

وزیر ٹرانسپورٹ سندھ سید اویس قادر شاہ نے کراچی میں پہلی الیکٹرک بس کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ الیکٹرک بسوں کی شمولیت سے شہر میں ٹرانسپورٹ مسائل اور آلودگی کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے جلد ہی ایسی 100 بسوں کی آمد کا وعدہ بھی کیا۔

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے یہ قدم اٹھانے پر ٹوئٹر پر حکومتِ سندھ، خاص طور پر وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ، کو مبارک باد دی۔ وفاقی وزیر نے حکومت سندھ کی حمایت کا اظہار کیا اور پنجاب اور خیبر پختونخوا حکومت سے بھی جلد از جلد ایسے ہی اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا۔

پاکستان میں الیکٹرک گاڑیاں

پاکستان ایک بھرپور  EV پالیسی رکھتا ہے جو وفاقی کابینہ نے گزشتہ سال دسمبر میں منظور کی تھی۔ دو الیکٹرک گاڑیاں، بی ایم ڈبلیو i8 اور آؤڈی ای-ٹرون، ہمارے ملک میں موجود ہیں اور مزید ایسی ہی کئی گاڑیاں آ بھی رہی ہیں۔ لیکن یہ ایسی گاڑیاں  ہیں جن کی حیثیت صرف امیر طبقہ رکھتا ہے۔ اس لیے پاکستان میں پہلی الیکٹرک بس متعارف کروانا  عوام کے لیے بلاشبہ ایک بڑا قدم ہے۔ اس سے ایسے دور کا آغاز ہوگا جس میں ہر شخص سفر کے لیے الیکٹرک ذرائع استعمال کر سکتا ہے۔ گو کہ ہم الیکٹرک گاڑیوں کی ٹیکنالوجی کی دوڑ میں دوسرے کئی ملکوں سے پیچھے ہیں، لیکن اب کم از کم دوڑ میں تو آ گئے ہیں۔

ہمیں کراچی والوں کی خوشی ہے اور امید ہے کہ وہ الیکٹرک بس سروس کا بہترین استعمال کریں گے۔ اب پنجاب اور خیبر پختونخوا کا انتظار ہے۔

 

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.