پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا امکان

0 5,171

پاکستانی صارفین کو بالآخر پیٹرولیم مصنوعات کی ریکارڈ قیمتوں کے مسلسل بوجھ سے کچھ ریلیف ملنے کی امید ہے۔ حالیہ رپورٹس کے مطابق، انٹرنیشنل مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے نومبر میں پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے۔

پیٹرول کی فی بیرل اوسط قیمت 77.5 ڈالر سے کم ہو کر 76 ڈالر ہو گئی ہے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 86.5 ڈالر سے کم ہو کر 84 ڈالر ہو گئی ہے۔ انٹرنیشنل مارکیٹ میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی اور امپورٹ پریمیم کی مستحکم صورتحال کے پیش نظر پاکستان میں قیمتوں میں کمی کا امکان ہے۔

قیمتوں میں متوقع کمی

رپورٹس کے مطابق یکم نومبر سے شروع ہونے والے 15 روزہ مدت کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فی لیٹر 2 سے 3 روپے تک کمی ہو سکتی ہے۔ موجودہ ایکسچینج ریٹ اور ٹیکس کی سطح کو مدنظر رکھتے ہوئے، پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے تک کمی جبکہ ڈیزل کی قیمت میں تقریباً 2.30 روپے فی لیٹر کمی ہو سکتی ہے۔ اگر یہ کمی ہوتی ہے تو پیٹرول کی نئی قیمت 244.03 روپے اور ڈیزل کی قیمت 248.99 روپے فی لیٹر ہو جائے گی۔

حالیہ قیمتوں میں رد و بدل

خیال رہے کہ دو ہفتے قبل 15 اکتوبر کو حکومت نے عالمی منڈی میں اتار چڑھاؤ کی وجہ سے ہائی سپیڈ ڈیزل (HSD) کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر اضافہ کیا تھا، جس کے بعد ہائی سپییڈ ڈیزل کی موجودہ قیمت 251.29 روپے فی لیٹر ہے جبکہ اس سے پہلے یہ 246.29 روپے فی لیٹر تھی۔ تاہم، پیٹرول کی قیمت کو 247.03 روپے فی لیٹر پر برقرار رکھا گیا تھا۔

نومبر میں قیمتوں میں ممکنہ کمی صارفین کے لیے ایک اہم ریلیف ثابت ہو سکتی ہے، خاص طور پر جب مہنگائی کا دباؤ مسلسل بڑھ رہا ہے۔ ایندھن کی قیمتوں میں کمی سے نقل و حمل، خوراک اور دیگر ضروری اشیاء کی قیمتوں میں بھی کمی آنے کی امید ہے۔

کیا آپ کو لگتا ہے کہ پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی ہو سکتی ہے؟ ہمیں کمنٹس سیکشن میں اپنی رائے سے آگاہ کریں۔

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.