پیٹرول کی قیمتوں میں 1.45 روپے کا اضافہ
حکومتِ پاکستان نے پیٹرول کی قیمت میں اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔ فنانس ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 1 روپے 45 پیسے اضافہ کیا گیا ہے۔ جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 235.98 روپے فی لیٹر سے بڑھ کر 237.43 روپے یو چکی ہے۔
اس دوران ڈیزل کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی جبکہ کیروسین آئل کی قیمت 210.32 روپے سے کم ہو کر 202.02روپے ہو چکی ہے۔ اسی طرح لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں بھی 4.26 روپے کمی کی گئی ہے جس کے بعد نئی قیمت 201.54 روپے سے کم ہو کر 197.28 روپے ہو چکی ہے۔
ایک نوٹیفکیشن میں فنانس ڈویژن نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور شرح مبادلہ میں تبدیلی کے پیش نظر حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا فیصلہ کیا ہے۔
نئی قیمتیں 21 ستمبر 2022 سے لاگو ہوں گی۔
پاکستان میں پٹرول کی قیمتوں کو ڈی ریگولیشن
چند ہفتے قبل حکومت نے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے نئے مجوزہ طریقہ کار کے تحت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو ڈی ریگولیٹ کرنے پر اتفاق کیا۔
آئل مارکیٹنگ کمپنیوں (OMCs) اور آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے درمیان ہونے والی میٹنگ کے بعد، رپورٹس نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان میں پیٹرول کی قیمتیں یکم نومبر 2022 سے ڈی ریگولیٹ ہونے کا امکان ہے۔
دوسری جانب پیٹرولیم ڈیلرز نے اس فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری نے اس معاملے پر ان سے مشورہ کرنے کی زحمت تک نہیں کی۔ ایک تقریب میں پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن (PPDA) نے پالیسی کو مسترد کردیا۔
حکومت کے اس فیصلے پر آپ کا کیا خیال ہے؟ کیا آپ کے خیال میں یہ اضافہ جائز ہے؟ کمنٹس سیکشن میں اپنے خیالات کا اظہار کریں۔