آفر کی مدت ختم ہونے کے بعد پیجو 2008 کی قیمت میں اضافہ
جون 2022 میں پیجو پاکستان نے اپنی کراس اوور ایس یو وی پیجو 2008 کی قیمتوں میں کمی کر کے صارفین کو حیران کر دیا۔ کمپنی نے اپنے بیس ویرینٹ پیجو ایکٹیو کی قیمت میں 250000 روپے کمی کا اعلان کیا۔ جس کے بعد گاڑی کی نئی قیمت کم ہو کر 4999000 روپے ہوگئی۔ لیکن اب لگتا ہے کہ محدود مدت کیلئے دی گئ یہ آفر ختم ہو گئی ہے کیوںکہ کمپنی نے پرانی قیمت کو بحال کر دیا ہے۔
پرانی قیمت
کمپنی نے اپنے فیس بک پیج پر ایک آرٹ ورک شیئر کیا ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کمپنی پرانی قیمت بحال کر دی ہے۔ کمپنی کے مطابق، اب ایک بار پھر گاڑی کی قیمت 5250000 روپے ہوگئی ہے جبکہ گاڑی کے دوسرے ویرینٹ پیجو ایلور کی قیمت 5850000 روپے ہے۔ اس کے علاوہ کمپنی نے لکھا ہے کہ ہمیں پیجو 2008 کے بارے میں زبردست ردعمل موصول ہو رہا ہے۔
محدود وقت کی پیشکش کی ممکنہ وجہ
ہمارے ذرائع کے مطابق، لکی موٹر کارپوریشن کو گاڑی کی لانچ کے بعد زیادہ مثبت جواب نہیں ملا۔ لہذا، کمپنی نے 2008 ایکٹو پر کم قیمت پیش کرنے کا فیصلہ کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کی بڑی وجہ گاڑی کا سائز چھوٹا ہونا جبکہ قیمت کافی زیادہ ہونا تھا۔
تاہم ایسا لگتا ہے کہ کمپنی کو کار کے لیے اچھا رسپانس ملنا شروع ہو گیا ہے اور اسی لیے اس نے اصل قیمت واپس بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔