ٹویوٹا انڈس موٹرز نے یارِس 1.3L ATIV ویرینٹ کے لیے نئے آپشنل اپڈیٹس پیش کر دیے ہیں۔ کمپنی کار میں ایک ریئر ویو کیمرا اور ہائی-گریڈ کیمرا پیش کر رہی ہے۔ اس سے پہلے IMC یہ آپشنز صرف 1.5L ATIV X ویرینٹس میں پیش کر رہی تھی۔
کمپنی کے نوٹیفکیشن کے مطابق یہ گاڑی رکھنے والے مالکان کو ان اپگریڈز کے لیے 59,999 روپے مزید ادا کرنا ہوں گے۔ اس کے علاوہ ان اپگریڈز کے ساتھ یارِس 1.3L ATIV بُک کروانے کے خواہشمند خریداروں کو گاڑی کی عام قیمت پر اضافی 66,000 روپے ادا کرنا پڑیں گے۔
یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ 1.3L ATIV مینوئل کی قیمت 26 لاکھ جبکہ CVT کی قیمت 28 لاکھ روپے ہے۔
یارِس نے فروخت میں ہونڈا سٹی/سوِک کو پیچھے چھوڑ دیا۔
یارِس کو خریداروں کی جانب سے زبردست رسپانس ملا ہے، اور اس نے پچھلے دو مہینوں میں ہونڈا سوِک اور سٹی کی مجموعی فروخت کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ PAMA کی حالیہ رپورٹ کے مطابق ٹویوٹا نے پچھلے مہینے یارِس کے 3,058 یونٹس فروخت کیے، جبکہ اس کے مقابلے میں سوِک اور سٹی کے 1,858 یونٹس ہی فروخت ہوئے۔
یارِس نے رواں مالی سال کے دوران بھی سوِک اور سٹی سے بہتر سیلز ظاہر کی ہیں۔ رپورٹ بتاتی ہے کہ یارِس کے 9,067 یونٹس سڑکوں پر آئے، جبکہ 8,341 سٹی اور سوِک گاڑیاں ڈیلرشپس سے نکلی ہیں۔ یارِس کی زیادہ فروخت ہی ٹویوٹا کی سیلز میں ہونے والے زبردست اضافے کی بڑی وجہ ہے، کیونکہ کمپنی نے سال بہ سال کی بنیاد پر سیلز میں 120 فیصد کا اضافہ دیکھا ہے۔
IMC نے یارِس اِس سال مارچ میں لانچ کی تھی، لیکن کووِڈ-19 لاک ڈاؤن کی وجہ سے اسے فروخت نہیں کر پایا تھا۔ حکومت کی جانب سے پابندیاں ہٹائے جانے کے بعد اس گاڑی کی فروخت میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ یہ سیڈان IMC کے لیے ایک زبردست ہٹ گاڑی ثابت ہوئی ہے۔
یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ آیا صارفین ان آپشنز کے لیے اضافی قیمت ادا کریں گے یا نہیں۔ دونوں آپشنز، خاص طور پر بیک ویو کیمرا، ایک اچھے ڈرائیونگ تجربے اور سیفٹی کے لیے اہم ہے۔
ان اپگریڈز کے حوالے سے اپنے خیالات نیچے کمنٹس سیکشن میں پیش کیجیے۔