ٹویوٹا کا 1993 کے بعد سب سے زیادہ کار پروڈکشن کا جشن

0 6,644

2021 پاکستان کی آٹوموٹو انڈسٹری کے لیے ایک نمایاں سال رہا۔ گاڑیوں کی فروخت ہر مہینے بڑھ رہی ہے، جو گاڑیاں بنانے والے تمام اداروں کے لیے ایک زبردست خبر ہے، خاص طور پر ٹویوٹا پاکستان کے لیے۔ پچھلے مہینے کمپنی نے 1993 کے بعد سب سے زیادہ کار پروڈکشن ظاہر کی ہے۔ گزشتہ روز ٹویوٹا انڈس موٹر کمپنی (IMC) نے مارچ 2021 میں “سب سے زیادہ پروڈکشن” کا جشن منایا۔

پاکستان آٹوموٹو مینوفیکچررز ایسوسی ایشنز (PAMA) نے کووِڈ-19 کی پہلی لہر کے بعد کاروباری سرگرمیاں بحال ہونے کے بعد سے ٹویوٹا کی فروخت میں زبردست اضافہ ظاہر کیا ہے۔ لیکن گزشتہ روز اچانک ٹویوٹا IMC نے مارچ میں 6,815 گاڑیوں کی پیداوار کا اعلان کر دیا، جو 1993 کے بعد ایک مہینے میں سب سے زیادہ پیداواری حجم ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کمپنی “Better Than Ever” یعنی پہلے سے کہیں بہتر کے نام سے جشن منا رہی ہے۔

ٹویوٹا پاکستان کی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی گاڑیاں

ٹویوٹا کی فروخت مارچ 2020 میں نئی ٹویوٹا یارِس لانچ ہونے کے بعد معمول سے کہیں بڑھ گئی۔ اس گاڑی نے کئی مہینوں تک پاکستانی مارکیٹ کے کئی بڑے بڑے ناموں کو چِت کیا ہے، جن میں ہونڈا سوِک، ہونڈا سٹی اور ٹویوٹا کرولا شامل ہیں۔ پاکستان میں سب سے زیادہ پیداوار میں حصہ ڈالنے والے ٹویوٹا کے دیگر اہم ناموں میں ٹویوٹا کرولا، ٹویوٹا فورچیونر اور ٹویوٹا ہائی لکس شامل ہیں۔

ایک مہینے میں ٹویوٹا گاڑیوں کی اتنی زیادہ پیداوار یہ بھی ظاہر کرتی ہے کہ ٹویوٹا کی گاڑیوں کی طلب اب بھی موجود ہے، مقابلے کی فضا بہت زیادہ بڑھ جانے کے باوجود۔ گاڑیاں بنانے والے کئی نئے ادارے پاکستان میں داخل ہو چکے ہیں اور ان کی جدید گاڑیاں مقامی مارکیٹ میں خوب قدم جما رہی ہیں۔ سیڈان سے لے کر ہیچ بیک اور SUV تک مقامی مارکیٹ کے ہر سیگمنٹ میں اب کئی آپشنز موجود ہیں۔ یہ نئے ادارے پاکستان میں جاپانی کار برانڈز کے بگ 3 کو سخت ٹکر دے رہے ہیں، جن میں ٹویوٹا بھی شامل ہے۔ لیکن ایسا لگتا ہے کہ کمپنی پاکستانی آٹو مارکیٹ میں اب بھی اپنے قدم جمائے کھڑی ہے۔

ٹویوٹا کرولا X اور ٹویوٹا کرولا کراس کی حالیہ لانچ کے ساتھ لگتا ہے کمپنی کے لیے حالات بہتر ہوں گے۔ ٹویوٹا انڈس موٹر کمپنی کو اتنی بڑی کامیابی پر مبارک اور مستقبل کے لیے نیک تمنائیں!

Google App Store App Store

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.