پاکستان میں 2018 ہونڈا CB 250F متعارف
ایٹلس ہونڈا نے 250cc موٹر سائیکلوں کے زمرے میں ہونڈا CB 250F متعارف کروادی ہے۔ گزشتہ سال ہونڈا کی جانب سے پاکستان میں 150cc انجن والی CB 150F پیش کیے جانے کے بعد یہ رواں سال متعارف کروائی جانے والی جدید ترین بائیک ہے۔
جیسا کہ نام سے ظاہر ہے، ہونڈا CB 250F میں 250cc انجن شامل کیا گیا ہے۔ بینیلی TNT25 کی طرح اس میں شامل انجن بھی سنگل سلینڈر کا حامل ہے۔ اس آئل و ایئر کولڈ انجن میں دو اووَر ہیڈ کیمز شامل ہیں۔ اس انجن کو 6-اسپیڈ لینیئر گیئر باکس سے منسلک کیا گیا ہے۔ دور حاضر کی دیگر جدید بائیکس کی طرح اس میں بھی ’سیلف اسٹارٹ‘ کی سہولت شامل ہے۔
جہاں تک بات ہے بریکس کی تو اس میں آگے اور پیچھے دونوں جانب سنگل ڈسک بریکس شامل کیے گئے ہیں۔ بائیک کا اگلا ٹائیر 110/70-R 17 M/C (54H) ہے جبکہ پچھلے ٹائر کے طور پر 140/70-R 17 M/C (66H) دستیاب ہوگا۔ اس کے آگے ٹیلی اسکوپک فورک سسپنشن جبکہ پیچھے مونوشاک سونگ آرم سسپنشن شامل ہے۔
2018 ہونڈا CB 250F کا مجموعی وزن 135 کلوگرام ہے جبکہ اس میں زیادہ سے زیادہ ساڑھے 16 لیٹر ایندھن رکھنے کی گنجائش بھی دستیاب ہے۔
اس کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ اسے بیرون ملک سے درآمد کیا جا رہا ہے اور یہ وجہ ہے کہ اس کی قیمت 6,40,000 روپے ہے۔ پاکستانی مارکیٹ میں اس کا براہ راست مقابلہ بینیلی TNT25 (انجن کے اعتبار) کے ساتھ ساتھ بینیلی 302R (قیمت کے حساب) سے بھی ہوگا۔ علاوہ ازیں 250cc کے زمرے میں سوزوکی انزوما (ٹوئن سلینڈر) بھی دستیاب ہے جسے 6 لاکھ سے بھی کم قیمت میں فروخت کیا جارہا ہے۔
پاکستان میں موٹر سائیکلوں کے شعبے میں مسابقت بڑھتی جا رہی ہے۔ معروف اور نامور اداروں کے علاوہ بھی متعدد ادارے پاکستان میں سستی چینی موٹر سائیکلیں پیش کر رہے ہیں۔ ایسے میں ہونڈا اورسوزوکی پاکستان جیسے اداروں کے لیے زیادہ طاقتور انجن والی موٹر سائیکلیں پیش کرنا ناگزیر ہوچکا ہے۔