مستقبل قریب میں گاڑیاں بھی ٹریفک سگنلز سے باتیں کرسکیں گی!
اب سے چند روز قبل جرمن کار ساز ادارے آوڈی نے مکمل خود مختار (autonomous) گاڑیوں کی تیاری کا آغاز کرنے کا عندیہ دیا تھا۔ یہ گاڑی کوئی اور نہیں بلکہ آوڈی کی مشہور زمانہ A8 سلون ہی کا 2018 ماڈل ہوگا جسے عوام الناس کے لیے تیار کی جانے والی مکمل خودمختار گاڑی ہونے کا اعزاز حاصل ہوگا۔ اور اب آوڈی نے اپنے وعدے کو پورا کرنے کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے ایک جدید ٹیکنالوجی متعارف کروائی ہے۔ V2I (یعنی گاڑی اور انفراسٹراکچر کے درمیان رابطے کی)ٹیکنالوجی کی مدد سے آوڈی کی گاڑیاں امریکا کی شاہراہوں پر موجود ٹریفک سگنلز سے باتیں کرسکیں گے۔
اس ٹیکنالوجی کو جانچنے کے لیے آوڈی نے یکم جون سے تیار ہونے والی A4 اور Q7 ماڈلز میں اسے شامل کیا ہے۔ یہ جدید ٹیکنالوجی گاڑی کو ٹریفک سگنلز اور دیگر متعلقہ اشاروں کو ازخود دیکھنے اور ان کے مطابق عمل کرنے کا فیصلہ کرنے کے قابل بناتی ہے۔ اس ٹیکنالوجی کی تیاری کا مقصد ڈرائیور صاحبان کے لیے سہولت پیدا کرنا ہے تاکہ وہ اور دیگر مسافر آرامدہ اور محفوظ سفر کا لطف اٹھا سکیں۔ اس ٹیکنالوجی کی مدد سے ٹریفک جام اور ممکنہ حادثات سے بچاؤ بھی ممکن ہوسکے گا۔
یہ بھی پڑھیں: 2018 آوڈی A8 سیڈان کے ساتھ ليموزين انداز میں بھی پیش کی جائے گی
آوڈی (Audi) کے جنرل منیجر انوپم ملہوترا نے اس حوالے سے بتایا کہ اس ٹیکنالوجی کو نہ صرف مسافروں کی حفاظت بلکہ گاڑی چلانے والے شخص کی سہولت کو مدنظر رکھ کر تخلیق کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آوڈی گاڑیوں میں شامل کیا جانے والا یہ جدید نظام ڈرائیور کو اگلے ٹریفک سنگلز سے باخبر کرنے کے علاوہ یہ معلومات بھی فراہم کرے گا کہ سگنل اتنی دیر بعد بند ہونے یا پھر کھلنے والا ہے۔ یہ اور اس جیسی بے شمار معلومات ڈرائیور کے سامنے موجود ڈیش بورڈ پر ہی ظاہر ہوں گی تاکہ ڈرائیور اسے باآسانی پڑھ سکیں۔
مستقبل میں اس نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے سیٹلائٹ کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔ امید کی جاسکتی ہے کہ V2I کے بعد بہت جلد ہم V2V یعنی گاڑیوں کے باہمی روابط سے متعلق ٹیکنالوجی بھی دیکھ سکیں گے جس سے گاڑیوں کے آپسی تصادم کے خطرات سے نمٹنے میں بھرپور مدد ملے گی۔